Updated: January 03, 2026, 5:34 PM IST
| Rafah
ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے مصر غزہ سرحد (رفح) کا دورہ کر کے زخمی فلسطینیوں اور امدادی کارکنوں سے ملاقات کی، امداد کی ترسیل کا جائزہ لیا اور غزہ میں انسانی بحران پر عالمی توجہ مبذول کرائی۔ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا جب غزہ میں امدادی سرگرمیوں کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے۔
انجلینا جولی امدادی رضاکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے۔ تصویر: ایکس
انسانی ہمدردی کے کاموں کیلئے عالمی سطح پر معروف ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے حال ہی میں مصر غزہ سرحد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زخمی فلسطینیوں اور انسانی امداد میں مصروف کارکنوں سے ملاقات کی۔ ۵۰؍ سالہ اداکارہ طویل عرصے سے فلسطین کے حق میں آواز بلند کرتی آ رہی ہیں اور خطے میں انسانی امدادی سرگرمیوں کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ حماس کے ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو اسرائیل پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے نتیجے میں جاری اسرائیل فلسطین تنازع کے تناظر میں، جولی نے اپنی عالمی شہرت کو انسانی بحران پر توجہ دلانے کیلئے استعمال کیا۔
جمعہ (۲؍ جنوری) کو جولی نے مصری رفح سرحدی کراسنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہلالِ احمر کے ارکان اور امدادی سامان لے جانے والے ٹرک ڈرائیوروں سے ملاقات کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق، اس دورے کا مقصد مصر منتقل کئے گئے زخمی فلسطینیوں کی حالت کا جائزہ لینا اور غزہ کیلئے امداد کی ترسیل کے عمل کو قریب سے دیکھنا تھا۔ جولی، جو اقوامِ متحدہ کی سابق خصوصی ایلچی اور پناہ گزین ایجنسی کی خیرسگالی سفیر بھی رہ چکی ہیں، ایک امریکی وفد کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے والے کارکنوں اور رضاکاروں سے گفتگو کی جبکہ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: قدیم ترین العمری مسجد کی بحالی کا کام شروع
اے ایف پی کے مطابق، جولی نے ہلالِ احمر کے ارکان اور امدادی ٹرک ڈرائیوروں سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ان رضاکاروں سے مل کر ’’خود کو چھوٹا محسوس کر رہی ہیں‘‘ جو مشکل حالات میں بھی انسانی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سرمئی پل اوور اور سیاہ پتلون میں ملبوس اداکارہ نے مقامی میڈیا سے بھی بات کی اور متاثرہ علاقوں میں بے گھر ہونے والے خاندانوں سے ملاقات کی، جنہوں نے شہر کے ریلوے اسٹیشن پر عارضی پناہ لے رکھی ہے۔ خیال رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے ۳۰؍ دسمبر کو غزہ میں درجنوں امدادی تنظیموں کی سرگرمیوں کی معطلی کا اعلان کیا تھا۔ سی این این کے مطابق، جولی نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے ان انسانی ہمدردی کی ایجنسیوں سے بات کی ہے جو غزہ میں ضروری امداد پہنچانے کیلئے مختلف پابندیوں اور چیلنجز کے باوجود بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایک بڑے گودام سے گزریں جو ایسے امدادی سامان سے بھرا ہوا تھا جسے غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔