معروف برطانوی شیف اور ٹی وی شخصیت گورڈن ریمزی کو ہالی ووڈ واک آف فیم پر ستارے سے نواز دیا گیا۔ تقریب میں وہ جذباتی ہوگئے اور کہا کہ عام طور پر کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ ان کے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہ ہوں۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 8:00 PM IST | Los Angeles
معروف برطانوی شیف اور ٹی وی شخصیت گورڈن ریمزی کو ہالی ووڈ واک آف فیم پر ستارے سے نواز دیا گیا۔ تقریب میں وہ جذباتی ہوگئے اور کہا کہ عام طور پر کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ ان کے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہ ہوں۔
عالمی شہرت یافتہ شیف گورڈن ریمزی نے ۱۸؍ نومبر کو ہالی ووڈ واک آف فیم پر اپنا ستارہ حاصل کرلیا۔ وہ اس اعزاز سے نوازے جانے والے پہلے برطانوی شیف اور تاریخ کے چوتھے فوڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فرد ہیں۔ انہیں ٹیلی ویژن کے شعبے میں خدمات کے اعتراف کے طور پر واک آف فیم کا ۲۸۶۴؍ واں ستارہ دیا گیا۔ تقریب ہالی ووڈ بلیوارڈ میں منعقد ہوئی، جہاں ریمزی کے ساتھ اداکار اور کامیڈین جوئل مک ہیل اور ریسٹورنٹ کی مالک و ٹی وی شخصیت لیزا وینڈرپمپ بھی موجود تھیں۔ ریمزی نے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’سچ کہوں تو میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ یہ بہت کم ہوتا ہے کہ میں الفاظ سے محروم ہوجاؤں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ تقریب کی صبح اٹھ کر بھی انہیں یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ لمحہ حقیقت بننے والا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ کی ہندوستان میں ریکارڈ توڑ ایڈوانس بکنگ، ۵۰ ؍ہزار ٹکٹ فروخت
Gordon Ramsay unveils his star on the Hollywood Walk of Fame. https://t.co/DoKOsbZ3Aj
— Variety (@Variety) November 18, 2026
جوئل مک ہیل نے اپنے خطاب میں ریمزی کی عالمی شہرت پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا اور کہا کہ اب دنیا میں سب سے مشہور گورڈن کا نام ریمزی ہی ہے۔ انہوں نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ مصنوعی ذہانت ریمزی کو ۲۵؍ سے ۳۰؍ ٹی وی پروگراموں کی میزبانی سے منسوب کرتی ہے، جب کہ انہوں نے خود صرف ۶؍ پروگرام کیے ہیں۔ لیزا وینڈرپمپ نے ریمزی کی اس شخصیت کا ذکر کیا جو کیمروں کے سامنے ان کے سخت گیر اور تند مزاج انداز سے مختلف ہے۔ ان کے مطابق ریمزی نہ صرف کامیاب ہیں بلکہ مہربان، فیاض اور جذباتی انسان بھی ہیں، جو اپنے اردگرد موجود لوگوں کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ریمزی نے ہالی ووڈ چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں ہر روز اپنے پسندیدہ کام، یعنی باورچی خانے کی قیادت، ریسٹورنٹ چلانے اور باصلاحیت افراد کو آگے بڑھانے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ ہر ہفتے خود آکر اپنے ستارے کو صاف کریں گے۔ ریمزی کا ستارہ معروف امریکی شیف گائے فیری کے ستارے کے قریب نصب کیا گیا ہے، جنہیں ۲۰۱۹ء میں یہ اعزاز ملا تھا۔ اس سے قبل بوبی فلے کو ۲۰۱۵ء اور وولف گینگ پک کو ۲۰۱۷ء میں واک آف فیم پر ستارے سے نوازا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: کشور کمار کی آواز میں ریکارڈ گیت کو محمد رفیع کی آواز میں دوبارہ ریکارڈ کرناپڑا
۸؍ نومبر ۱۹۶۶ء کو اسکاٹ لینڈ میں پیدا ہونے والے ریمزی نے ابتدا میں پیشہ ور فٹ بالر بننے کا ارادہ کیا تھا، لیکن گھٹنے کی شدید چوٹ کے باعث انہیں یہ خواب ترک کرنا پڑا۔ بعد ازاں انہوں نے ہوٹل مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کی اور لندن اور پیرس کے نامور شیفس کے ساتھ کام کرکے اپنی مہارت کو نکھارا۔ ۱۹۹۸ء میں انہوں نے لندن میں اپنا مشہور ریسٹورنٹ قائم کیا، جس نے جلد ہی ۳؍ مشیلین اسٹارز حاصل کرلیے۔ ٹیلی ویژن پر ان کی شہرت کا دائرہ ’ہیلز کچن‘، ’کچن نائٹ میئرز‘ اور ’ماسٹر شیف‘ جیسے مقبول پروگراموں کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلا۔ ان کے پروگرام ۲۰۰؍ سے زائد ممالک میں نشر ہوتے ہیں۔ ریمزی کو ۲۰۰۶ء میں برطانوی شاہی اعزاز او بی ای سے بھی نوازا گیا تھا۔