Updated: June 15, 2026, 5:13 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ باکس آفس پر گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی چار بڑی ہندی فلموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، مگر حیران کن طور پر کم بجٹ کی ہارر فلم ’’ہانٹیڈ تھری ڈی: ایکوز آف دی پاسٹ‘‘ سب پر بھاری پڑ گئی۔ فلم نے کمزور جائزوں کے باوجود شاندار کاروبار کرتے ہوئے بڑی اسٹار کاسٹ اور بھاری بجٹ والی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
’’ہانٹیڈ تھری ڈی‘‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر باکس آفس پر چار بڑی ہندی فلموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ ان فلموں میں منوج باجپائی کی ’’گورنر‘‘، کنگنا رناوت کی ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘‘، میموہ چکرورتی کی’’ ہانٹیڈتھری ڈی: ایکوز آف دی پاسٹ‘‘ اور سب سے بڑی فلم امتیاز علی کی’’ میں واپس آؤں گا‘‘ شامل تھیں جس میں دلجیت دوسانجھ، شروری، ویدانگ رینا اور نصیرالدین شاہ نے اداکاری کی ہے۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ کم تشہیر اور نسبتاً کم پروڈکشن معیار والی فلم ہانٹڈ 3D: ایکوز آف دی پاسٹ باکس آفس پر سب سے کامیاب ثابت ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے: کرن جوہر ’’راکھ‘‘ سے متاثر، علی فضل کی اداکاری کو ’’غیر معمولی‘‘ قرار دیا
’’ہانٹیڈتھری ڈی ‘‘نے بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا
’’ہانٹیڈتھری ڈی : ایکوز آف دی پاسٹ ‘‘نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ باکس آفس پر ہارر (خوفناک) فلموں کو کبھی کم نہیں سمجھنا چاہئے۔ ورنہ یہ سمجھانا مشکل ہے کہ وکرم بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے کمزور جائزوں اور تنقید کے باوجود کہیں بڑی فلموں کو باکس آفس پر کیسے شکست دے دی۔ چیتنا پانڈے بھی اس فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ یہ فلم ۲۰۱۱ء کی کامیاب فلم’’’’ ہانٹیڈتھری ڈی‘‘ کا سیکوئل ہے۔ ساکنلک کے مطابق فلم نے پہلے دن ڈھائی کروڑ روپے، دوسرے دن۳ء۲۵؍ کروڑ روپے اور تیسرے دن۳ء۶۰؍کروڑ روپے کمائے، یوں افتتاحی ویک اینڈ پر اس کی مجموعی کمائی۹ء۳۵؍کروڑ روپے رہی۔ فلم کا تخمینی بجٹ صرف۱۵؍ کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹی وی اداکارہ سنچیتا اوگلے نے ممبئی میں خودکشی کر لی، پولیس تحقیقات کر رہی ہے
اس کے مقابلے میں ۷۰؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی’’ میں واپس آؤں گا‘‘ افتتاحی ویک اینڈ میں صرف ساڑھے ۵؍ کروڑ روپے کما سکی۔ ۲۵؍ کروڑ روپے کے بجٹ والی’’ گورنر‘‘ نے پہلے تین دنوں میں ۳ء۴۵؍کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ جبکہ۴۵؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی ’’بھارت بھاگیہ ودھاتا ‘‘صرف۴ء۲۵؍کروڑ روپے جمع کر سکی۔ اسی دوران پترلیکھا اور مانوی گاگرو کی فلم’’ ہیر سارا ‘‘بھی سینما گھروں میں ریلیز ہوئی، لیکن یہ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور افتتاحی ویک اینڈ میں صرف۴؍ لاکھ روپے کا بزنس کر پائی۔