Inquilab Logo Happiest Places to Work

پینٹل کا بیٹا ہونےکی وجہ سے سب یہ مان کرچلتےتھےکہ میں بھی کامیڈی ہی کروں گا:ہتین پینٹل

Updated: November 10, 2022, 12:10 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

پینٹل اور گوفی پینٹل کی وراثت کوہتین پینٹل آگے بڑھایاہے او روہ اس وقت شوز انڈسٹری میں مصروف ہیں۔

Hiten Paintal .Picture:INN
ہتین پینٹل ۔ تصویر:آئی این این

پینٹل اور گوفی پینٹل کی وراثت کوہتین پینٹل آگے بڑھایاہے او روہ اس وقت شوز انڈسٹری میں مصروف ہیں۔ کنور جیت پینٹل کے فرزند ہتین نے ۲۰۰۱ء میں فلم ’تیرے لئے‘  سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد وہ چھوٹے چھوٹے بریک کے ساتھ فلموں اور ٹی وی شوز میں نظرآتے رہے۔ انہوں نے آلٹ بالاجی کی ایک ویب سیریز میں بھی کام کیا تھا۔ نمائندہ انقلاب نے ان سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
س:اس وقت کہاں مصروف ہیں؟
ج: میرا  ایک شو ابھی ختم ہوا ہے اور دیوالی تعطیلات کے سلسلے میں فی الحال گھرپر ہوں۔ اس وقت تو آرام کررہا ہوں اور ساتھ ہی ساتھ  اسکرپٹ بھی پڑھ رہا ہوں۔ بہت سے پروجیکٹ کی پیشکش  ہوئی ہے ان کے بارے میں غوروخوض کررہا ہوں اور امید کرتا ہوںکہ جلد ہی کوئی شو میں نظرآؤں گا۔ اس کیلئے کافی وقت جاتاہے بہرحال اپنی طرف سے پوری کوشش جاری ہے۔ 
س: کورونا کے بعد پیشہ ورانہ زندگی میں کتنی تبدیلی محسوس کررہے ہیں ؟
ج:کورونا کے بعد شو بز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد اب بھی متاثر ہیں۔ پیشہ ورانہ سطح پر پروڈکشن ہاؤس نے سبھی کے بجٹ کم کردئیے ہیں ۔ پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا اور پروڈکشن ہاؤس دل کھول کر رقم دیا کرتے تھے لیکن اب وہ بھی بجٹ کی بات کررہے ہیں۔ بہرحال اپنے لئے تو اتنا برا نہیں لگتا لیکن ہمارے ساتھ کام کرنے والے ٹیکنیشین اور دیگر چھوٹا موٹا کام کرنے والے افراد کے ساتھ بھی پروڈکشن ہاؤس کا یہی رویہ ہے۔ مجھے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے تعلق سے بہت تشویش ہوتی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی کم تنخواہ پر کام کرتے ہیں ۔
س:انڈسٹری میں خود کو برقرار رکھنے کیلئے کن چیزوں پر توجہ دی؟
ج: اس انڈسٹری میں خود کو برقرار رکھنا سب سے مشکل کام ہے کیونکہ آپ کو مسلسل جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔  میرے کریئر کے شروعات کے ۲ ؍ سال بہت مشکل بھرے رہے اور مجھے کام نہیں مل رہا تھا۔ میں جس طرح کے رول چاہتاتھا مجھے نہیں مل رہے تھے۔ میں اچھے رول کی تلاش میں تھا تاہم میرے پاس خاص رول نہیں آرہے تھے۔ اس وقت بھی میں نے صبر کیا اور اپنی باری کا انتظار کیا۔میں نے جلد بازی نہیں کی اور صبروتحمل کے ساتھ انڈسٹری میں ڈٹا رہا۔ میں ایک واقعہ آپ کو بیان کرنا چاہتا ہوں کہ ایک رات میں شوٹنگ کرکے گھر آیا اور دوسرے دن ہی ہدایتکار نے مجھے کہا کہ مجھے اس فلم سے نکال دیا گیا ہے۔وہ ہدایتکار مجھے روتے روتے بتارہے تھے۔ میں نے ایسے حالات کا بھی سامنا کیاہے۔ اس وقت میں اپنے والد سے معاملے پر گفت وشنید کرلیتا تھا۔دوسری طرف بہت سے ایسے معاملات تھے جو  جو مجھے ہی حل کرنے ہوتے تھے۔ بہرحال انڈسٹری میں اپنی جنگ خود کو ہی لڑنی ہوتی ہے۔ 
س:کیا آپ کا موازنہ آپ کے والد سے کیا جاتا ہے؟
ج:بالکل کیا جاتاہے۔ مثلاً میرے والد پینٹل اپنی جسامت کے مطابق کامیڈی رول ادا کیا کرتے تھے تو سبھی نے یہ اخذ کرلیا تھاکہ میںبھی اسی طرح کے رول نبھانے میں دلچسپی لوں گا۔ اس وقت مجھے مسلسل کامیڈی رول ملنے شروع ہوگئے تھے۔ میں نے جاوید جعفری بھائی کا ایک انٹر ویو دیکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھاکہ انڈسٹری میں لوگ یہ طے کرلیتے ہیں کہ میرے والد کامیڈی کرتے تھے تو میں بھی کامیڈی کروں گا۔ میرے خیال میں ایسا نہیں ہے۔ ابھیشیک بچن کے ساتھ بھی یہی ہوا، امیتابھ بچن کی طرح انہیں بھی اینگری ینگ مین کا رول دیا جانے لگا۔ فلمسازوں اور ہدایتکاروں کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ اس وقت کسی اداکارپرکتنا دباؤ ہوتاہے۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ آگے جاکر میرے والداور میری صلاحیتوں کے تعلق سے موازنہ ہوگا۔مجھے مسلسل  کامیڈی کے رول مل رہے تھے اس لئے میں درمیان میں بریک بھی لیا کرتا تھا۔ بہرحال پروڈکشن ہاؤس، کاسٹنگ ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر س کو اداکارکی صلاحیت کے مطابق رول دیا جانا چاہئے۔ 
س:کیا کبھی اقربا پروری کا طعنہ سننے ملاہے؟
ج:اقرباپروری کا لفظ ابھی ۴؍یا ۵؍سال قبل ہی انڈسٹری میں آیاہے ، ورنہ اس سے پہلے یہ لفظ  انڈسٹری میں سنائی بھی نہیں دیا تھا۔ انڈسٹری کے مشہور کپور خاندان کے افراد کو بھی یہاں اسٹرگل کرنا پڑا ہے، اگر کسی ڈاکٹر کا بیٹا پڑھ لکھ کر ڈاکٹر بن جاتا ہے تو کیا یہ اقربا پروری کےزمرے میں آئے گا۔ یہ سب بیکار کی باتیں ہوتی ہیں۔اقرباپروری کچھ نہیں ہوتی ، سب اپنے حصہ کا کام کرتےہیں اور کوئی کسی کا حق نہیں مارتا۔ میرے خیال میں انڈسٹری کےچند افراد نے اقرباپروری کے لفظ  کا استعمال  اپنی شہرت کیلئے کیاہے۔ میں چاہتا ہوںکہ سبھی افراد کو برابر کا حق اور برابر کا کام ملے تاکہ سبھی کی کفالت ہوتی رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK