مالونی کی بیشتر مساجد میں اور گوونڈی میں تحریک علمائے اہلسنت کی جانب سے دی گئی تفصیل کی روشنی میں ائمہ نے مصلیان کو’اسپیشل انٹینسیوریویژن‘ کے بارے میں سمجھایا۔ امن کمیٹی کے دفتر میں ملّی تنظیموں کے ذمہ داران کی میٹنگ بھی منعقد کی گئی۔
EPAPER
Updated: April 04, 2026, 12:59 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
مالونی کی بیشتر مساجد میں اور گوونڈی میں تحریک علمائے اہلسنت کی جانب سے دی گئی تفصیل کی روشنی میں ائمہ نے مصلیان کو’اسپیشل انٹینسیوریویژن‘ کے بارے میں سمجھایا۔ امن کمیٹی کے دفتر میں ملّی تنظیموں کے ذمہ داران کی میٹنگ بھی منعقد کی گئی۔
’اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر)‘ کے پہلے مرحلے کو انتہائی سنجیدگی، ذمہ داری اور اہتمام کے ساتھ مکمل کرنے کی کوشش کرنے کیلئے شہر ومضافات کی متعدد مساجد میں ائمہ نےجمعہ کو تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ائمہ نے مصلیان کو بتایا کہ یہ مرحلہ بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اگر اس میں کوتاہی ہوگی تو بعد کے مراحل میں اصلاح مشکل ہوگی۔
اسی تعلق سے جمعہ کو مغرب کی نماز کے بعد ملّی تنظیموں کے ذمہ داران کی میٹنگ بھی ہوئی جس میں مساجد کو مرکز بناکر اگلے ہفتے سے کام کرنے، بی ایل اے کے جلد تقرر کیلئے سیاسی لیڈران سے بات چیت کرنے اور بی ایل او کے توجہ نہ دینے پر ای آر او سے رابطہ قائم کرنے یا ملّی تنظیموں کے ذمہ داران سے بات چیت کرنے نیز اس مسئلے کو حل کرانے کا مشورہ دیا گیا۔
اس کے علاوہ شہریوں کو خاص طور پر تلقین کی گئی کہ وہ گھبرائیں نہ، اطمینان سے کاغذات یکجا کریں اور حسب ضرورت پیش کریں۔ اس میٹنگ میں عبدالحسیب بھاٹکر، مولانا انیس اشرفی، مولانا محمود خان دریابادی، سرفراز آرزو، شاکر شیخ، فرید شیخ اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے: عملے کی قلت سے’ ایس آئی آر‘ کا کام سست روی کا شکار
ضروری ہدایات کیا دی گئیں ؟
(۱) ہر فرد اپنے نام کی ووٹر لسٹ میں موجودگی ضرور چیک کرے (یادی نمبر بھی دیکھیں (۲) اپنے گھر کے تمام افراد کے نام بھی چیک کریں (۳) اپنے علاقے کے بی ایل او سے ملاقات کریں اور ۲۰۰۲ء اور۲۰۲۵ء کی ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کی تصدیق کرکے میپنگ کروائیں۔ (۴) اگر ۲۰۰۲ء کی لسٹ میں نام نہ ہو اور۲۰۲۵ء کی لسٹ میں موجود ہو تو والد، والدہ، دادا یا دادی کے نام سے میچ کرکے میپنگ کروائیں (۵) مزید معلومات کیلئے بی ایل او سے ملاقات کرکے رہنمائی حاصل کریں (۶) اس عمل میں بی ایل او کا مکمل تعاون کریں (۸)یہ وقت سنجیدگی، منظم انداز اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کا ہے، تاخیر کرنے یا غفلت برتنے کا ہرگز نہیں (۸) اس عمل کو ہرگز معمولی نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی شہری اور ملّی ذمہ داری سمجھ کر انجام دیں ورنہ بعد میں دشواری ہوسکتی ہے۔
تحریک علمائے اہلسنت گوونڈی کی جانب سے یہ پیغام ائمہ کو دیا گیا تھا اور ائمہ نے اسی کی روشنی میں مصلیان کی رہنمائی کی۔ آئندہ بھی مساجد سے رہنمائی کرنے کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔