Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آلودہ پانی کی شکایتوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے‘‘

Updated: April 04, 2026, 12:59 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

خصوصی جائزہ میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر کی محکمہ واٹر انجینئرنگ اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت۔

Additional Municipal Commissioner Abhijeet Bangar giving instructions to the officers of the Water Supply Department in the meeting. Photo: INN
میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر محکمہ آب رسانی کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) کو ممبئی کے مختلف علاقوں میں آلودہ پانی کی سپلائی اور پانی کی قلت کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ ان شکایتوں کا جلد از جلد ازالہ کرنے کیلئے ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹ) ابھیجیت بانگر نے جمعرات کی شام محکمہ آب رسانی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی میٹنگ طلب کی اور انہیں حکم دیا کہ وہ آلودہ پانی کی شکایتوں کوترجیحی بنیاد پر حل کریں اور پانی سے متعلق تمام شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لے کر انہیں بروقت حل کریں۔ اس کے علاوہ واٹر چینلز میں رساؤ کا فوری طور پر پتہ لگایا جائے اور اس کیلئے ٹیموں کو مطلوبہ جگہوں پر تعینات کیا جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی:کیمیکل کمپنیوں کا گندہ پانی لے جانے والی پائپ لائن پھٹ گئی، شہری پریشان

ایڈیشنل میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نے میٹنگ کے دوران حاضرین کی رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے پانی کی ناکافی فراہمی اور کم پریشر سے پانی سپلائی کی شکایتیں بعض مقامات سے آرہی ہیں۔ اس لئے افسران کو چاہئے کہ وہ بلا تاخیر ان جگہوں کا معائنہ کریں۔ اگر اس دوران موصول ہونے والی شکایت درست پائی جاتی ہے تو بلا تاخیر مناسب اقدامات کئے جائیں۔ پانی کی فراہمی کے موجودہ نظامِ تقسیم میں جہاں ضروری ہو، وہاں کچھ تبدیلیاں کر کے کچھ طریقے تلاش کئے جاسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر پانی کی فراہمی کے ‘زوننگ‘ کے طریقہ کار میں مناسب بہتری لانا، پانی کی نالی میں رساؤ ہونے کی صورت میں بغیر کسی تاخیر کے اس کی مرمت کرنا جبکہ کچھ جگہوں پر نظام میں ضروری تبدیلیاں کرنا، بغیر کسی تاخیر کے ضرورت کے مطابق اضافی ’بوسٹنگ‘ اس طرح کے معاملات کو اقدامات میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ حکم بھی دیا ہےکہ مقامی عوامی نمائندوں کو پانی کی ناکافی فراہمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔ اگر ممکن ہو تو عوامی نمائندوں کے ساتھ معائنہ کیا جائے تاکہ ان سے متوقع معلومات براہ راست حاصل کی جا سکیں۔ 
جائزہ میٹنگ کے دوران آلودہ پانی کی شکایات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے حکم دیا کہ آلودہ پانی سے متعلق شکایات کو بہت سنجیدگی سے لیا جائے۔ ان شکایات پر فوری کارروائی کی جانی چاہئے۔ متعلقہ افسران کو اس معاملے کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر آلودہ پانی کی شکایات پر بلاتاخیر کارروائی نہ کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK