• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ڈان‘‘ کیلئے میرے ذہن میں رتیک روشن تھے: فرحان اختر کا انکشاف

Updated: August 09, 2024, 7:49 PM IST | Mumbai

ایک پوڈ کاسٹ شو میں فرحان اختر نے بتایا کہ انہوں نے ’’ڈان‘‘ کی اسکرپٹ رتیک روشن کیلئے لکھنا شروع کی تھی۔ تاہم، یہ کردار ادا کرنے کیلئے شاہ رخ خان سے موزوں ترین اداکار کوئی نہیں تھا۔ لہٰذا انہوں نے ’’ڈان‘‘ میں شاہ رخ کو کاسٹ کیا۔ پوڈ کاسٹ میں فرحان نے یہ بھی بتایا کہ ’’ڈان۔۳‘‘ میں انہوں نے شاہ رخ کے بجائے رنویر سنگھ کو کیوں کاسٹ کیا۔

Hrithik Roshan and Lara Dutta in a scene from "Don 2". Image: X
’’ڈان۔۲‘‘ کے ایک منظر میں رتیک روشن اور لارا دتہ۔ تصویر: ایکس

فرحان اختر کو اس وقت کافی ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا جب ’’ڈان۔۳‘‘ میں شاہ رخ خان کے بجائے رنویر سنگھ کو کاسٹ کیا گیا۔ اس خبر کے عام ہوتے ہی مداحوں میں بحث چھڑ گئی تھی کہ رنویر، شاہ رخ کی جگہ کبھی نہیں لے سکیں گے لیکن فرحان اختر نے اپنا فیصلہ نہیں تبدیل کیا۔ فرحان اختر نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ شو پر بتایا کہ انہوں نے ’’ڈان۔۳‘‘ میں شاہ رخ کے بجائے رنویر کو کیوں کاسٹ کیا۔ 
فرحان اختر نے کہا کہ ’’مَیں نے اور رتیک روشن نے فلم ’’لکشیا‘‘ میں ساتھ کام کیا تھا۔ ہم نے ساتھ اچھا وقت گزارا۔ اسی دوران میں نے رتیک سے کہا کہ میں ’’ڈان‘‘ (امیتابھ بچن کی فلم) کا ریمیک بنانا چاہتا ہوں۔ رتیک نے مجھے کہا کہ یہ بہت اچھا خیال ہے۔ مَیں نے کہا کہ فلم کی کہانی لکھنے کے بعد مَیں تم سے رابطہ کروں گا۔ رتیک نے مثبت جواب دیا اور جب مَیں نے فلم کی اسکرپٹ لکھنی شروع کی تو میرے ذہن میں شاہ رخ کا سراپا ابھرنے لگا۔ اس دوران دہلی میں میری اور شاہ رخ کی مختلف تقریبات میں ملاقات ہوتی رہتی تھی۔ ’’ڈان‘‘ کے کردار کی مناسبت سے شاہ رخ مجھے ہر طرح سے فٹ محسوس ہورہے تھے۔ اسی وقت مَیں نے فیصلہ کرلیا کہ ’’ڈان‘‘ کا کردار شاہ رخ ہی ادا کریں گے۔‘‘ 

فرحان نے مزید کہا کہ ’’چونکہ مَیں نے فلم کے تعلق سے رتیک سے پہلے بات کی تھی اس لئے مَیں نے انہیں فون کیا اور بتایا کہ میری فلم کی کہانی اب مکمل ہونے پر ہے لیکن فلم لکھتے وقت مجھے احساس ہورہا ہے کہ اس کردار کیلئے شاہ رخ سے موزوں ترین کوئی نہیں ہے۔ مَیں یہ کبھی نہیں بھول سکتا جب رتیک نے کہا کہ فرحان ! یہ تمہاری فلم ہے۔ تمہیں اپنی فلم کیلئے جو موزوں ترین لگے، اسے ہی لو۔ میری فکر بالکل مت کرو۔ تم نے میرے لئے سوچا، بس اتنا ہی کافی ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ’’ڈان۔۲‘‘ میں رتیک روشن مہمان اداکار کے طور پر نظر آئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: کیا ’’وار۔۲‘‘ میں شاہ رخ خان کا کیمیو ہوگا؟ تصویریں وائرل

پوڈ کاسٹ میں فرحان نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ’’ڈان۔۳‘‘ میں شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو کیوں لیا۔ فرحان نے کہا کہ ’’ڈان کے کردار سے مجھے مختلف قسم کی پرفارمنس کی ضرورت ہے۔ میرے لئے ڈان کو ایک مختلف انداز میں پیش کرنا بہت بڑٓ چیلنج ہے لیکن مَیں اس کیلئے تیار ہوں۔ اس فلم میں آپ ڈان کو ایک مختلف انداز میں دیکھیں گے، مجھے یقین ہے کہ لوگ رنویر کو اس کردار میں پسند کریں گے۔ یہ ڈان، شاہ رخ کے ڈان کے کردار سے مختلف ہوگا۔‘‘ 

خیال رہے کہ ’’ڈان۔۳‘‘ فرحان اختر کی ڈان سیریز کی تیسری فلم ہے جس میں رنویر سنگھ اور کیارا ایڈوانی مرکزی کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم ۲۰۲۵ء میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK