Inquilab Logo Happiest Places to Work

بامبے شرٹ کمپنی میںآپ کی مرضی کے مطابق ملبوسات تیار ہوتے ہیں

Updated: March 17, 2026, 11:03 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

اس کمپنی کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے کہ یہاں کپڑےعام ریڈی میڈ سائز میں نہیں بلکہ گاہک کی پیمائش کے مطابق تیار کیے جاتے ہیں۔

A Magnificent View Of The Store Located In Pali Hill, Bandra Can Be Seen.Photo:INN
باندرہ کے پالی ہل میں واقع اسٹور کا شاندار منظر دیکھا جاسکتا ہے- تصویر:آئی این این
ممبئی کی فیشن دنیا میںکچھ برانڈ ایسے ہیں جنہوں نے روایتی درزی کے فن کو جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن خریداری کے ساتھ جوڑ کر ایک نئی پہچان پیدا کی ہے۔انہی میں ایک نمایاں نام بامبے شرٹ کمپنی کا بھی ہے۔ یہ کمپنی خاص طور پر کسٹم میڈ (میڈ ٹو میزر)شرٹس کیلئے جانی جاتی ہے اور چند برسوں میں ہندوستان کے نمایاں فیشن برانڈز میں شامل ہو چکی ہے۔
آغاز اور بنیاد
بامبے شرٹ کمپنی (بی ایس سی)کی بنیاد۲۰۱۲ءمیں رکھی گئی اور یہ ہندوستان کا پہلا آن لائن کسٹم شرٹ برانڈ ہے۔ اس کمپنی کے پیچھے ایک دلچسپ ذاتی کہانی ہے۔ بانی اور سی ای او اکشے نارویکر نے بتایا کہ جب وہ ہندوستان واپس آئےتو انہیں کچھ شرٹ خریدنے تھے، لیکن ان کے بازو اتنے لمبے تھے کہ کوئی بھی ریڈی میڈ شرٹ فٹ نہیں آتا تھا۔ اسی ضرورت سے بامبے شرٹ کمپنی کے آئیڈیا نے جنم لیا۔یہ کمپنی اکشے ناروی کر، راجیش جاجو، میا موریکاوا، ہیمانشو شانی، بدل چوپڑا، چِپّی مہتا اور شیام سُکھرامانی نے مل کر قائم کی۔بامبے شرٹ کمپنی ممبئی کے دل سے تصور کی گئی ہے اور اس شہر کی روح کو اپنے اندر سموتی ہے، جدید اور تیز رفتار، لیکن پرانی دنیا کے حسن سے بھی آراستہ۔
ترقی کا سفر
کمپنی نے آن لائن اسٹور سے آغاز کیا لیکن بانی اکشے نارویکر کو یقین تھا کہ ہندوستان میں فزیکل اسٹورز کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے۔ چنانچہ دوسرے سال ہی کالا گھوڑا میں پہلا فزیکل اسٹور کھولا گیا۔ آج ملک کے بڑے شہروں میں۱۸؍سے زائد اسٹورز موجود ہیں اور کمپنی کا ہدف ہے کہ کوئی بھی گاہک بی ایس سی اسٹور سے زیادہ دور نہ ہو۔آج بی ایس سی ممبئی، بنگلور، دہلی، پونے، چنئی، حیدرآباد، احمدآباد، نیو یارک اور دبئی میں اپنی موجودگی رکھتا ہے۔ہندوستان اور مشرق وسطیٰ میں کامیابی کے بعد بی ایس سی نےنیویارک کے مشہور سو ہوعلاقے میں بھی اپنا پہلا امریکی اسٹور کھولا، جس سے یہ بین الاقوامی سطح پر ایک بڑا نام بن گیا۔
 
 
برانڈ کی خصوصیات
بامبے شرٹ کمپنی کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے کہ یہاں کپڑےعام ریڈی میڈ سائز میں نہیں بلکہ گاہک کی پیمائش کے مطابق تیار کیے جاتے ہیں۔ گاہک اپنی پسند کا کپڑا، کالر، کف، بٹن اوردیگر تفصیلات منتخب کر سکتا ہے۔ یہاںممبئی کے تاریخی درزی فن کو جدید مشینری اور آٹومیشن کے ساتھ ملا کر عالمی معیار کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔ان کے اسٹور میں ہندوستان، اٹلی، جاپان، پرتگال اور ترکی سے منگوائے گئے مصری کاٹن، لنن، ڈینم، فلینل اور دیگر اعلیٰ کپڑے دستیاب ہوتےہیں۔۲۰۲۰ءکےاواخر میںبامبے شرٹ کمپنی نے صرف شرٹس تک محدود رہنے کے بجائے جینز، چینوز، ڈریس پینٹس، اسٹریچ پینٹس اور ٹی شرٹس بھی اپنے مجموعے میں شامل کیں۔ نومبر ۲۰۲۵ءمیںکمپنی نےباندرا ویسٹ میں اپنا دوسرا فلیگ شپ اسٹور ’دی ڈین‘ کھولا جو۳؍ہزار ۷۷۶؍مربع فٹ پر دو منزلوں پرپھیلا ہوا ہے۔ اس میں ایک لاؤنج، کافی کمپنی کے اشتراک سے آرٹیسنل کافی، اورپریمیم گرومنگ سروسز بھی دستیاب ہیں۔ ٹرمپٹ شوز کے ساتھ مل کر کسٹم فارمل فٹ ویئر لائن بھی پیش کی گئی ہے۔یہ کمپنی فیشن انڈسٹری کےطریقہ کار کو بدلنے کے مشن پر ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہرسال لاکھوں ٹن فالتو کپڑا کوڑا بنتا ہے اور مزدوروں کو بھی مناسب اجرت نہیں ملتی، بامبے شرٹ کمپنی اس روش کو بدلنا چاہتی ہے کیونکہ یہ صرف ضرورت کے مطابق تیار کرتی ہے۔
 
 
ممبئی میں اسٹورز
جیسا کہ پہلے کہا گیا ممبئی میں اس کے کئی اسٹور موجود ہیں جن میں پہلا اسٹورکالا گھوڑا پر واقع ہے، دوسرا عالیشان اسٹورباندرہ پالی ہل پر ہے۔اس کے علاوہ کیمپس کارنر، اوشیوارہ،جوہو، گوریگائوں کے اوبرائے مال،کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی،بوریولی کے اوبرائے اسکائی سٹی اور تھانے کے لیک شور مال میں اس کے اسٹور ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK