Inquilab Logo Happiest Places to Work

عمران خان کی دونوں آنکھوں کی بینائی خطرے میں!

Updated: April 29, 2026, 1:06 PM IST | Karachi

علیمہ خان نے عمران خان کی گرتی ہوئی صحت کے حوالے سے انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انجکشن لگنے کے بعد جو ابتدائی بہتری نظر آئی تھی، وہ اب ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران کی حالت ’’دن بہ دن‘‘خراب ہوتی جا رہی ہے۔ علیمہ نے جیل حکام پر ان کی صحت کے بارے میں ’’گمراہ کن معلومات‘‘ پھیلانے کا بھی الزام لگایا ہے۔

Imran Khan.Photo:INN
عمران خان۔ تصویر:آئی این این

پاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی صحت کے بارے میں ایک تشویشناک دعویٰ سامنے آیا ہے۔ ان کی بہن علیمہ خان کے مطابق جیل میں قید عمران خان کی آنکھوں کی بینائی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ ان کے مطابق ایک آنکھ میں پیچیدگیوں کے بعد اب دوسری آنکھ بھی متاثر ہونے کے خطرے میں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر اہلِ خانہ کی موجودگی میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔
انجکشن کے اثر پر سوالات
علیمہ خان نے عمران خان کی گرتی ہوئی صحت پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انجکشن کے بعد جو ابتدائی بہتری دیکھی گئی تھی، وہ اب برقرار نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے اور جیل حکام ان کی صحت کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کر رہے ہیں۔
اسپتال کا مؤقف کیا ہے؟
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پی آئی ایم ایس) کے مطابق عمران خان کا علاج طے شدہ طریقہ کار کے تحت جاری ہے۔ انہیں ’رائٹ سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن‘ (CRVO) کے علاج کے لیے چوتھا ’انٹراوِٹریئل اینٹی ‘انجکشن دیا گیا ہے۔ اسپتال کے ترجمان کے مطابق ۲۸؍ اپریل کو ہونے والے اس عمل کے دوران۷۴؍ سالہ عمران خان مکمل طور پر مستحکم تھے۔ اسپتال کا کہنا ہے کہ میڈیکل امیجنگ میں بہتری دیکھی گئی اور انہیں فالو اپ ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:‘کونیچیوا لیاری!فلم’’ دُھرندھر‘‘ جاپان میں ریلیز کے لیے تیار


پی ٹی آئی کی جانب سے نجی ڈاکٹروں سے علاج کا مطالبہ 
عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے سرکاری بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔ پارٹی نے بہتری کے دعوؤں کو رد کرتے ہوئے شفافیت کی کمی کا الزام لگایا ہے۔ چیئرمین گوہر علی خان نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اپنے نجی ڈاکٹروں سے علاج کی اجازت دی جائے۔ اپوزیشن اتحاد نے علاج کے لیے لے جانے کے طریقہ کار کو آئینی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ممبئی کو حیدرآباد کیخلاف ہر قیمت پر جیت درکار


 سی آر وی او کیا ہے جس سے بینائی کو خطرہ لاحق ہے؟ 
طبی معلومات کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ کی رگ میں رکاوٹ ہے جسے ’رائٹ سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن‘ (سی آر وی او) کہا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق ان کی بینائی مسلسل کمزور ہو رہی ہے اور جسمانی کمزوری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ صورتحال انتہائی نازک ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK