• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہندوستان نے دہشت گردی پر اپنی پالیسی بار بار واضح کی ہے ‘‘

Updated: September 28, 2026, 12:07 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں وزیراعظم مودی کا اظہار خیال،مردم شماری میں شرکت کی اپیل، آپریشن سیندور کا بھی ذکرکیا۔

Prime Minister Narendra Modi. Picture: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اب دہشت گردی کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور اگر دہشت گرد ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرأت کرتے ہیں تو انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے ۱۳۸؍ویں ایپی سوڈ میں ۲۰۱۶ءکی سرجیکل اسٹرائیک کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ بالاکوٹ فضائی حملے سے لے کر آپریشن سندور تک ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسی کو بار بار واضح کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے مردم شماری میں شرکت کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان کے بارے میں درست معلومات درج کریں۔
 وزیر اعظم نے کہا کہ ۲۸-۲۹؍ستمبر ۲۰۱۶ءکو ہندوستانی فوج نے پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپوں کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی۔ لائن آف کنٹرول کے اس پار ہندوستانی فوجیوں کی کارروائیوں نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی پالیسی کی ایک نئی مثال قائم کی۔  انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر منوج سنہا اور عمرعبداللہ نے سیاحوں کو وادی کشمیر آنے کی دعوت دی

مردم شماری کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس کا پہلا مرحلہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور ۳۲۰؍ملین سے زیادہ خاندانوں کے بارے میں معلومات درج کی گئی ہیں۔ لداخ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور اتراکھنڈ کے دور دراز اور برف سے ڈھکے علاقوں میں بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ۲۶؍ ملین سے زیادہ لوگ پہلے ہی موبائل فون کے ذریعے اپنی معلومات کا خود اندراج کرچکے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ اپنے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے مردم شماری کے لیے اپنی اور خاندان کی معلومات کا خود اندراج کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت ہندی سمیت ۱۶؍زبانوں میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ درست معلومات سے ملک کے مستقبل کی واضح تصویر بنانے میں مدد ملتی ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: اقتدار کا غرور، بی جےپی وزیرنے نوجوان کو تھپڑ جڑ دیا

صفائی کے تعلق سے وزیر اعظم نے مدھیہ پردیش میں ندیوں کی صفائی، آندھرا پردیش میں کنوؤں کی صفائی، ممبئی میں ساحلوں کی صفائی اور دہلی میں کچرے کو الگ کرنے کے لیے جاری بیداری مہم کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی باپو کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے انہوں نے آسام میں ہاتھیوں کی واپسی اور خطرے سے دوچار چھوٹے جانوروں کو بچانے کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے مغربی بنگال کے سندربن میں خواتین کی طرف سے لگائے جا رہے مینگرو کے جنگلات کو فطرت اور معاش سے منسلک ایک کوشش کے طور پر بھی بتایا۔ منشیات کی لت سے نجات کے معاملے پر وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات سے پاک نوجوان مہم  کے تحت لاکھوں نوجوانوں نے منشیات سے دور رہنے اور دوسروں میں شعور بیدار کرنے کا عہد کیا ہے۔ کل ۱۰۰؍ہفتوں پر محیط اس مہم میں نوجوانوں، اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور سماجی اور روحانی تنظیموں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ملک بھر میں ہزاروں کی تعداد میں عہد کی تقریبات اور بیداری کے پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ کھیلوں کی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور ان کے فروغ کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب سے راجندر سنگھ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK