• Tue, 25 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان: لیبر قوانین نافذ: کم از کم اجرت اور سماجی تحفظ کا دعویٰ

Updated: November 24, 2025, 9:01 PM IST | New Delhi

ہندوستانی حکومت نے ۲۹؍ موجودہ لیبر قوانین کو چار نئے لیبر کوڈز میں ضم کر کے محنت کشوں کے حقوق، سماجی تحفظ اور اجرت کے نظام میں اصلاحات نافذ کر دی ہیں۔ نئے قواعد میں چند قابل ذکر اصلاحات ہیں: کم از کم اجرت پورے ملک میں لازمی ، بنیادی تنخواہ کم از کم کل آمدنی کا ۵۰؍  فیصد ، اور ملازمین کیلئے سالانہ مفت طبی چیک اپ لازمی۔ تاہم، یونین نے بدھ کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات کارپوریٹ کو ’’فائدہ‘‘ پہنچانے والی ہیں۔

Photo: X
تصویر: ایکس

حکومت ہند نے ۲۹؍ موجودہ لیبر قوانین کو چار نئے ضابطوں میں یکجا کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کیلئے ایک اہم اصلاحاتی قدم اٹھایا ہے۔ یہ نئے لیبر کوڈز ۲۱؍ نومبر سے نافذ ہو چکے ہیں، جن میں اجرتوں کا ضابطہ ۲۰۱۹ء، سماجی تحفظ کا ضابطہ ۲۰۲۰ء، صنعتی تعلقات کا ضابطہ ۲۰۲۰ء، اور پیشہ ورانہ تحفظ، صحت و سلامتی کا ضابطہ ۲۰۲۰ء شامل ہیں۔

کم از کم اجرت کا یکساں نفاذ
نیا فریم ورک منظم اور غیر منظم دونوں شعبوں کے تمام ملازمین کیلئے کم از کم اجرت کو لازمی قرار دیتا ہے۔ مرکزی حکومت قومی ’’فلور ویج‘‘ مقرر کرے گی، جس کے تحت صوبے اپنی کم از کم اجرتیں طے کریں گے۔

بنیادی تنخواہ اور ’’اِن ہینڈ‘‘ تنخواہ 
اجرت کی نئی متحد تعریف کے مطابق، کسی بھی ملازم کی بنیادی تنخواہ اس کی کل کمائی کا کم از کم ۵۰؍ فیصد ہونی چاہئے۔ اگرچہ اس سے چند ملازمین کی ’’اِن ہینڈ‘‘ تنخواہ کم ہو سکتی ہے، تاہم پروویڈنٹ فنڈ اور گریچویٹی میں بڑھتی ہوئی شراکت ان کے طویل مدتی مالی تحفظ میں اضافہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی سے معیشت کو کن مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا؟

گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کے لیے پہلی بار سماجی تحفظ
ڈیلیوری رائیڈرز، ایپ بیس ڈرائیورز، اور فری لانسرز جیسے گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کو پہلی بار سماجی تحفظ کی کوریج دی جا رہی ہے۔ مقررہ فنڈ میں آجروں کی طرف سے مالی حصہ شامل کیا جائے گا، جو لائف انشورنس، معذوری کے تحفظ اور صحت سے متعلق سہولیات کو یقینی بنائے گا۔

گریچویٹی کی اہلیت میں کمی
مقررہ مدت کے ملازمین کیلئے گریچویٹی کی اہلیت کی شرط پانچ سال سے کم کر کے ایک سال کر دی گئی ہے۔ یہ تبدیلی قلیل مدتی اور پروجیکٹ بیس ورکرز کے مالی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے: کمپنیوں کو تنخواہوں کا ڈھانچہ بدلنا ہوگا، بیسک تنخواہ کل ’سی ٹی سی‘ کا نصف ہونا لازمی

تمام ملازمین کیلئے لازمی تقرری خطوط
آجروں کو اب ہر نئے ملازم، بشمول غیر منظم شعبوں اور گیگ سیکٹر کے کارکنوں، کو باضابطہ تقرری خط فراہم کرنا ہوگا۔ اس سے ملازمت کی شفافیت اور تحفظ میں اضافہ ہوگا۔

اوور ٹائم کی ڈبل اجرت
تمام ملازمین کو اوور ٹائم کی صورت میں کم از کم ان کی عام اجرت کا دوگنا معاوضہ ملے گا۔ سالانہ تنخواہ دار چھٹی کیلئے اہلیت کی شرط بھی ۲۴۰؍ دن سے کم کر کے ۱۸۰؍ دن کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اڈانی گروپ ایف ایم سی جی کاروبار سے علاحدہ

خواتین کیلئے رات کی شفٹ میں کام کی اجازت
کوڈ صنفی بنیاد پر اجرت میں امتیاز کی ممانعت کرتا ہے اور خواتین کو ان کی رضامندی اور مناسب حفاظتی انتظامات کے ساتھ رات کی شفٹ میں کام کرنے کی اجازت دیتا ہے (صبح ۶؍ بجے سے پہلے یا شام ۷؍  بجے کے بعد)۔

گھر سے کام کی باضابطہ منظوری
خدمات کے شعبے میں باہمی اتفاق کے تحت ورک فرام ہوم کی اجازت دی گئی ہے، جس سے آجروں اور ملازمین دونوں کیلئے لچک میں اضافہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان سے لےکر جسٹن بیبر تک، ’’مرس‘‘ کا بڑھتا رجحان

سالانہ مفت طبی جانچ
۴۰؍ سال اور اس سے زیادہ عمر کے تمام ملازمین کو سالانہ طور پر آجروں کی جانب سے مفت طبی معائنہ فراہم کیا جائے گا، جس سے کام کی جگہ کی صحت اور حفاظت میں بہتری آئے گی۔

سفر کے دوران حادثات کی کوریج
گھر اور کام کی جگہ کے درمیان سفر کے دوران پیش آنے والے حادثات کو کام سے متعلق حادثہ سمجھا جائے گا، جس سے متاثرہ ملازمین معاوضے کے اہل ہوں گے۔

اجرت کی بروقت ادائیگی
لیبر کوڈز کے تحت آجروں پر تنخواہ کی مقررہ وقت میں ادائیگی لازم ہے۔ ماہانہ اجرت کی ادائیگی اگلے مہینے کے سات دنوں کے اندر اور ملازم کے استعفے یا برخاستگی کی صورت میں تمام واجبات دو کام کے دنوں میں ادا کرنا ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK