Inquilab Logo Happiest Places to Work

عامر خان کی فلم ’لگان‘ کے۲۵؍ سال مکمل ہونے پر ’انڈیا پوسٹ‘ کا خصوصی خراجِ تحسین

Updated: July 05, 2026, 1:00 PM IST | Mumbai

عامر خان کی فلم’لگان‘ کے۲۵؍سال مکمل ہونے پر انڈیا پوسٹ (محکمۂ ڈاک ) نے خصوصی یادگاری لفافہ جاری کر کے فلم کو اعزاز سے نوازا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

عامر خان کی فلم’لگان‘ کے۲۵؍سال مکمل ہونے پر انڈیا پوسٹ (محکمۂ ڈاک ) نے خصوصی یادگاری لفافہ جاری کر کے فلم کو اعزاز سے نوازا ہے۔ ’عامر خان پروڈکشنز‘ نے۲۵؍ سال قبل فلم ’لگان‘ کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ آشوتوش گوواریکر کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم اپنی متاثر کن کہانی، جاندار اداکاری اور حب الوطنی و یکجہتی کے پیغام کی وجہ سے ہندوستانی سنیما کی یادگار فلموں میں شامل ہے۔ اسلئے فلم کی۲۵؍ ویں سالگرہ کے موقع پر محکمۂ ڈاک نے اس کے اعزاز میں یہ خصوصی یادگاری لفافہ جاری کیا ہے۔ ’لگان‘ ہندوستانی سنیما کی پسندیدہ اور تاریخی فلموں میں سے ایک ہے۔ اسے کئی بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں دکھایا گیا، جہاں اسے نقادوں کی خوب تعریف ملی۔ اس کے ساتھ ہی، یہ فلم آسکر کیلئے نامزد ہونے والی تیسری اور اب تک کی آخری ہندوستانی فلم بنی۔ اس سےقبل ۱۹۵۷ء میں مدر انڈیا اور ۱۹۸۸ء میں سلام بامبے آسکر کیلئے نامزد کی جاچکی تھیں۔ ہندوستان میں بھی ’لگان‘ نے زبردست کامیابی حاصل کی اور۴۹؍ ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں ’بیسٹ پاپولر فلم پرووائیڈنگ ہولسم انٹرٹینمنٹ‘ سمیت کل ۸؍ ایوارڈز جیت کر ہندوستانی سنیما میں ایک سنگِ میل کے طور پر اپنی جگہ پکی کی۔ اس فلم میں عامر خان، گریسی سنگھ، ریچل شیلی، پال بلیک تھورن، سہاسنی مُلے، کلبھوشن کھربندا، راجندر گپتا، رگھوویر یادو، آدتیہ لاکھیا، یشپال شرما اور امین حاجی جیسے کئی بہترین فنکاروں کی ایک شاندار اسٹار کاسٹ شامل تھی۔

یہ بھی پڑھئے: زاید خان نے فلمی پس منظر کے باوجود سخت جدوجہد کی

حکومت ہند کی جانب سے’لگان‘ کے اعتراف کے ساتھ ہی بین الاقوامی سطح پر بھی اس کی پزیرائی ہورہی ہے۔ ہندوستان سے باہر ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے فلمی میلے ’انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن‘ کے۱۷؍ویں ایڈیشن کا انعقاد۱۳؍ سے۲۳؍اگست کے درمیان کیا جائےگا۔ اس سال فیسٹیول کا آغاز’لگان‘ کی ریلیز کے۲۵؍ سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے ہوگا، جس میں عامر خان بھی شرکت کریں گے۔ فیسٹیول کے منتظمین کے مطابق خصوصی کرٹن ریزر پروگرام۹؍ جولائی کو میلبورن کے معروف اے سی ایم آئی سنیما میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر ’لگان‘ کی خصوصی نمائش کی جائے گی اور اسی کے ساتھ اس سال کے فیسٹیول کا باضابطہ آغاز بھی ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK