Inquilab Logo

پونم ڈھلوں کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر یش چوپڑہ نے اپنی فلم کی پیشکش کی تھی

Updated: April 18, 2024, 12:35 PM IST | Mumbai

فلم ترشول میں پونم ڈھلوں کوسنجیو کمار، ششی کپور اورامیتابھ بچن جیسے نامورستاروں کےساتھ کام کرنے کاموقع ملا۔ اس فلم میں انہوں نے سنجیو کمار کی بیٹی کا کردا راداکیاجواداکارسچن سےمحبت کرتی ہیں۔

Poonam Dhillon is a famous actress of her time. Photo: INN.
اپنےزمانے کی مشہور اداکارہ پونم ڈھلوں۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ اداکار پونم ڈھلوں نے اپنی دلکش اداؤں سےتقریباً۳؍ دہائیوں تک شائقین کو محظوظ کیا لیکن کم ہی لوگوں کو معلوم ہوگا وہ اداکارہ نہیں بلکہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں۔ 
پونم ڈھلوں کی پیدائش ۱۸؍ اپریل۱۹۶۲ءکو کانپور میں ہوئی۔ ان کے والدہندستانی فضائیہ میں انجینئرتھے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم چندی گڑھ کارمیل کانونٹ ہائی اسکول سے پوری کی۔ ۱۹۷۷ء میں پونم ڈھلوں کو آل انڈیا بیوٹی کانٹیسٹ میں حصہ لینے کاموقع ملا جس میں وہ پہلے مقام پر رہیں۔ اس درمیان پونم ڈھلوں کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر ڈائریکٹرپروڈیوسر، یش چوپڑا نے اپنی فلم ترشول میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ پہلے تو انہوں نے اس پیشکش سے انکار کردیالیکن بعد میں ان کی دوست نےانہیں سمجھایا کہ فلموں میں کام کرنا کوئی بری بات نہیں۔ اس کے بعد پونم ڈھلوں کے گھر والوں نے انہیں اس شرط پر فلموں میں کام کرنے کی اجازت دی کہ وہ اسکول کی چھٹیوں کے دوران ہی فلموں میں کام کریں گی۔ 
فلم ترشول میں پونم ڈھلوں کوسنجیو کمار، ششی کپور اورامیتابھ بچن جیسے نامورستاروں کےساتھ کام کرنے کاموقع ملا۔ اس فلم میں انہوں نے سنجیو کمار کی بیٹی کا کردا راداکیاجواداکارسچن سےمحبت کرتی ہیں۔ فلم میں ان پرفلمایاگیا نغمہ ’گاپوجی گاپوجی گم گم‘ان دنوں نوجوانوں کے درمیان کریزبن گیاتھا۔ فلم ترشول باکس آفس پر ہٹ رہی۔ اس کے بعد کئی ڈائریکٹرس نےپونم ڈھلوں کواپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ لیکن انہوں نے تمام پیشکش کو ٹھکرادیاکیونکہ وہ اداکارہ نہیں بنناچاہتی تھیں۔ اس درمیان انہوں نے میڈیکل کالج میں داخلہ لیناچاہالیکن ان کے بڑے بھائی نےان کی حوصلہ شکنی کی۔ اس کے بعد ان کی خواہش ’انڈین فارن سروسیز‘ میں کام کرنے کی ہوئی اور وہ امتحان کی تیاری میں مصروف ہوگئیں۔ ۱۹۷۹ءمیں یش چوپڑاکےہی بینرمیں بن رہی فلم ’نوری‘میں ان کو دوبارہ کام کرنے کا موقع ملا۔ بہترین نغموں، موسیقی اور ایکٹنگ سے سجی اس فلم کی کامیابی نے ا نہیں ہی نہیں بلکہ اداکار فاروق شیخ کو بھی اسٹاربنادیا۔ فلم میں لتامنگیشکرکی آواز میں ’آجارے میرےدلبر آجا‘ گیت آج بھی دلکشی رکھتا ہے۔ 
فلم نوری کی کامیابی کے بعد پونم ڈھلوں نے یہ طےکرلیاکہ وہ اداکارہ کے طورپرفلم انڈسٹری میں شناخت بنائیں گی۔ ۱۹۹۲ءمیں فلم ورودھی کے بعد انہوں نے تقریباً۵؍سال تک فلم انڈسٹری سے کنارہ کرلیا۔ ۱۹۹۷ءمیں فلم جدائی میں انہوں نے اپنے کریئرکی دوسری اننگزشروع کی۔ پونم ڈھلوں نے مداحوں کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے چھوٹےپردے کا بھی رخ کیااور انداز اور کٹی پارٹی جیسے سیریلوں میں کام کرکےاپنے مداحوں کا دل جیت لیا۔ انہوں نے بگ باس کے تیسرے سیزن میں بھی حصہ لیاجس میں وہ تیسرے مقام پر رہیں۔ فلموں میں مختلف کردار ادا کرنے کے بعد پونم ڈھلوں سماجی کاموں میں دلچسپی لینے لگیں۔ انہوں نےشراب چھڑانے، ایڈس او ر خاندانی بہبود جیسے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے کر سماج کو بیدارکرنے کی کوشش کی۔ اسی درمیان انہوں نے اپنی میک اپ وین کمپنی ’وینیٹی‘ قائم کی، جو فلم انڈسٹری میں فنکاروں کو ان کے میک کی تمام سہولیات فراہم کراتی ہے۔ پونم ڈھلوں نے تقریباً ۷۰؍فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ ان دنوں فلم انڈسٹری میں سرگرم نہیں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK