• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرمایہ کاری فراڈ کیس: ۲۲؍ ملزمین میں شریاس تلپڑے، آلوک ناتھ کا نام بھی شامل

Updated: October 25, 2025, 3:29 PM IST | Mumbai

اتر پردیش میں سرمایہ کاری کے ایک مبینہ فراڈ کیس میں بالی ووڈ اداکار شریاس تلپڑے اور آلوک ناتھ سمیت ۲۲؍ دیگر افراد کے نام سامنے آئے ہیں۔ یہ کیس لونی اربن ملٹی اسٹیٹ کریڈٹ اینڈ تھرفٹ کوآپریٹو سوسائٹی سے منسلک ہے، جس نے مبینہ طور پر عوام کو بڑے منافع کے وعدوں سے دھوکہ دیا۔

Shreyas Talpade and Alok Nath. Picture: INN
شریاس تلپڑے اور آلوک ناتھ۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش میں درج سرمایہ کاری فراڈ کے ایک کیس کے ملزمین میں بالی ووڈ اداکار شریاس تلپڑے اور آلوک ناتھ کا نام بھی شامل ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، دونوں اداکار لونی اربن ملٹی اسٹیٹ کریڈٹ اینڈ تھرفٹ کوآپریٹو سوسائٹی کے برانڈ ایمبیسیڈر تھے، اور ان کے اشتہارات کے ذریعے مقامی باشندوں کو سرمایہ کاری پر ’’غیر معمولی منافع‘‘ کا وعدہ کیا گیا۔ یہ شکایت بھاگپت کے رہائشی ببلی نامی شخص نے سٹی پولیس اسٹیشن میں درج کرائی۔ رپورٹس کے مطابق، کوآپریٹو سوسائٹی کے ایجنٹ دیہی علاقوں میں جا کر عوام کو جمع شدہ رقم کی دگنی واپسی کا لالچ دیتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:حق: یامی گوتم دھر اور عمران ہاشمی نئے فیس آف پوسٹر میں نظر آرہے ہیں

ذرائع کے مطابق، تحقیقات جاری ہیں اور دونوں اداکار صرف اس وجہ سے کیس میں نامزد کئے گئے ہیں کہ وہ اس مبینہ فراڈ اسکیم کا تشہیری چہرہ تھے۔خیال رہے کہ جولائی ۲۰۲۵ء میں سپریم کورٹ نے ایک عبوری حکم جاری کرتے ہوئے شریاس تلپڑے کو گرفتاری سے عارضی استثنیٰ فراہم کیا تھا، جبکہ تحقیقات بدستور جاری ہیں۔ اس سے قبل ۳؍ مارچ ۲۰۲۵ء کو سینٹرل رجسٹرار آف کوآپریٹو سوسائٹیز (سی آر سی ایس) نے سوسائٹی کو منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ میچورڈ ڈپازٹس کی عدم ادائیگی اور عوامی شکایات تھیں۔ مزید براں، جنوری ۲۰۲۵ء میں سوسائٹی کو اپنی کارروائیاں ختم کرنے کی باضابطہ وارننگ بھی دی گئی تھی جبکہ اگست ۲۰۲۳ء میں سی آر سی ایسکی جانب سے جاری کردہ وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب ’’متضاد‘‘ پایا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:ساحرلدھیانوی نے فلموں کے ذریعہ اُردو زبان کوعوام و خواص تک پہنچانے کا اہم کارنامہ انجام دیا ہے

ایف آئی آر میں ہریانہ، اتر پردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، لکھنؤ، اندور اور ممبئی سے تعلق رکھنے والے ۲۲؍ دیگر افراد کے نام شامل ہیں۔ ان میں سینئر ایگزیکٹوز، علاقائی مینیجرز، اور مارکیٹنگ ایجنٹس شامل ہیں جو مبینہ طور پر مالیاتی لین دین میں ملوث تھے۔ یاد رہے کہ اس سال کے آغاز میں شریاس تلپڑے، آلوک ناتھ اور ۱۱؍ دیگر افراد کو ہریانہ کے سونی پت میں ایک ملٹی لیول مارکیٹنگ اسکیم میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔

کون متاثر ہوا؟
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے تقریباً ۵۰۰؍  سرمایہ کاروں کو اس اسکیم سے نقصان پہنچا، اور کل ۵؍ کروڑ روپے کے مبینہ دھوکے کی اطلاع ملی۔ سوسائٹی نے نومبر ۲۰۲۴ء میں اپنا پیمنٹ گیٹ وے اچانک بند کر دیا، جس سے سرمایہ کار پریشان ہو گئے۔ متعدد ویڈیوز اور پروموشنل مواد کے ذریعے عوام کو ۲۵؍ ہزار سے ایک لاکھ روپے تک سرمایہ کاری پر منافع کا جھانسہ دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK