جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج مکانات کو دھماکہ خیز مادے سے اڑارہی ہے، ۷۰؍دیہاتوں کے مکینوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی ۔
لبنان کے نبطیہ شہر میں اسرائیل کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتیں اور ملبہ دیکھا جاسکتا ہے- تصویر:آئی این این
اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں ۷۰؍ سے زائد دیہات کے باشندوں کو نقل و حرکت کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔فوج کے ترجمان افخای ادرعی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں جنوبی لبنان کے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ مخصوص دیہات کی طرف یا دریائے لیطانی کے قریب علاقوں میں نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج جنگ بندی کے دوران بھی علاقے میں موجود ہیں، جس کی وجہ حزب اللہ کی مبینہ سرگرمیاں ہیں۔ترجمان نے لبنانی شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سرحدی دیہات میں تاحکم ثانی واپس نہ جائیں اور ممکنہ سیکورٹی خطرات کو مدنظر رکھیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک میزائل لانچنگ پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا ہے جو حملے کے لیے تیار تھا۔فوج کے مطابق یہ پلیٹ فارم اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے لیے براہِ راست خطرہ تھا، اور اسی وجہ سے رات کے وقت کارروائی کی گئی۔لبنان کے جنوبی علاقوں میں صورتحال کشیدہ رہی، جہاں اسرائیلی فوج نے رات سے لے کر فجر تک صور ضلع کی مختلف بستیوں شمع، الناقورہ اور البياضہ میں کئی رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا۔اس دوران صور اور اس کے گرد و نواح میں اسرائیلی جاسوس طیاروں اور ڈرونز کی کم اونچائی پر مسلسل پروازیں بھی جاری رہیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی فوج جنوبی لبنان کے کئی گاؤں میں غیرقانونی انہدامی کارروائی کررہی ہے۔ دعویٰ کیاگیا ہے کہ اسرائیلی فوج قبضہ جمانے کیلئے متعدد مکانات کو بم سے اڑارہی ہے ۔ اس بارے میں اسرائیل کی جانب سے کوئی بیان نہیں جاری کیاگیا ہے۔
اسرائیلی فوجی نے مسیحی علامت کو نقصان پہنچایا
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کے ایک فوجی نے مسیحی علامت کو نقصان پہنچایا ہے۔یہ اعتراف اس ویڈیو پر وسیع غصے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ایک فوجی کو دیر سیرین کے قصبے میں حضرت عیسیٰ مسیح کے مجسمے کے سر کو ہتھوڑے سے توڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے یہ تعین کیا ہے کہ اس واقعے میں جنوبی لبنان میں تعینات ایک فوجی ملوث تھا۔ فوج کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تفتیش ناردرن کمانڈ کی جانب سے کی جا رہی ہے البتہ فوجی کی شناخت یا تادیبی اقدامات کی کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اسرائیلی فوج کے قافلے پر حزب اللہ کابڑا حملہ، ۴؍ ٹینک تباہ
حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج پر حملے کا دعویٰ کیا ہے، شلومی میں اسرائیلی فوجیوں کو حملہ آور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کے قافلے کو دھماکوں سے نشانہ بنایا، دو مرحلوں میں کیے گئے دھماکوں میں اسرائیل کے ۴؍ ٹینک تباہ ہو گئے۔ تنظیم کے مطابق جنگجوؤں نے پہلے سے نصب شدہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اسرائیلی ٹینکوں کے آٹھ رکنی قافلے کو نشانہ بنایا۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ اس زوردار دھماکے میں قافلے کے چار ٹینک مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔