Updated: October 02, 2023, 6:59 PM IST
| Mumbai
شاہ رخ خان اور ایٹلی کی فلم ۲۱ء۶۰۷؍ کروڑ روپے کمانے والی پہلی ہندی فلم بن گئی ہے۔ ’’پٹھان‘‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں ۴۰۰؍ اور ۵۰۰؍ کروڑ کلب کی بنیاد ڈالنے کےبعد شاہ رخ خان ۶۰۰؍ کروڑ کلب قائم کرنے والے پہلے اداکار بن گئے ہیں۔ ہندی زبان میں ’’جوان‘‘ نے ۷۹ء۵۴۷؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔
جنوبی ہند کے مشہور فلمساز ایٹلی کمار کی ہدایتکاری میں بنی اور شاہ رخ خان، نین تارہ، وجے سیتھوپتی اور دپیکا پڈوکون کی اداکاری سے سجی فلم ’’جوان‘‘ ملک میں ۶۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ پار کرنے والی پہلی بالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی ہند کی ۳؍ فلمیں ہی ’’جوان ‘‘ سے آگے ہیں جن میں یش کی ’’کے جی ایف ۲‘‘ (۹۶۰؍ کروڑ روپے)، پربھاس کی ’ ’ باہوبلی ۲ ‘‘ (۹۰۷؍ کروڑ) اور راجامولی کی ’ ’آرآرآر‘‘ ( ۷۸۲ ؍ کروڑ) شامل ہیں ۔ ’’جوان‘‘پہلی ہندی فلم ہے جس نے ۶۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ پار کیا ہے۔ اس طرح بالی ووڈ کی تاریخ میں ۴۰۰؍ اور ۵۰۰؍ کروڑ کلب قائم کرنے کے بعد شاہ رخ خان ۶۰۰؍ کروڑ کلب کی بنیاد ڈالنے والے پہلے اداکار بن گئے ہیں۔’’جوان‘‘ نے ہندوستان میں ۲۱ء۶۰۷؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ہندی زبان میں فلم نے ۷۹ء۵۴۷؍ کروڑ اور دیگر زبانوں میں مجموعی طور پر ۴۲ء۵۹؍ کروڑ کمائے ہیں۔ ہندی زبان میں یہ فلم جلد ہی ۵۵۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ بھی عبور کرلے گی۔
عالمی سطح پر ’’جوان‘‘ پہلےہی ’’پٹھان‘‘ کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ پٹھان کا مجموعی کلیکشن ۱۰۵۴؍کروڑ روپے ہے جبکہ ’’جوان‘‘ نے ۵۲ء۱۰۸۲؍ کروڑ روپے کا کاروبار کرلیا ہے۔
دوسری جانب، ’’فقرے۳‘‘ نے اس ہفتے ۴۳ء۵۵؍ کروڑ، وویک اگنی ہوتری کی فلم ’’دی ویکسین وار‘‘ نے ۷ء۵؍ کروڑ اور کنگنارناوت کی فلم ’’چندرمکھی ۲‘‘ نے ۹ء۲۳؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ پہلے ہفتے میں جہاں ’’فقرے۳‘‘ اور ’’چندرمکھی‘‘ کا ریکارڈ اچھا ہے، وہیں ’’دی ویکسین وار‘‘ بری طرح فلاپ ہوگئی ہے۔