Inquilab Logo

جیا بچن اداکاری کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی سرگرم ہیں

Updated: April 09, 2024, 9:44 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جیا بچن ایک ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کی جاتی ہیں جس نےہر شعبے میں ایک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پھر چاہے وہ اداکاری ہو، سیاست ہو یا گھریلو معاملات۔

A great actress Jaya Bachchan. Photo: INN
ایک عمدہ اداکارہ جیا بچن۔ تصویر : آئی این این

جیا بچن ایک ایسی اداکارہ کے طور پر یاد کی جاتی ہیں جس نےہر شعبے میں ایک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پھر چاہے وہ اداکاری ہو، سیاست ہو یا گھریلو معاملات۔ جیا بچن اداکارہ کے ساتھ سیاست دان بھی ہیں جوسماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر۴؍مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن رہ چکی ہیں۔ وہ ۲۰۰۴ء میں پہلی مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن بنی تھیں۔ انہوں نےفلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی ہے۔ 
 جیابچن کا تعلق بنگالی گھرانے سے ہے۔ ان کےوالدین کانام اندرا اور ترن کمار بہادری ہے جو جبل پورمیں مصنف، صحافی اور اسٹیج کے اداکار تھے۔ جیا نے اپنی ابتدائی تعلیم بھوپال کے سینٹ جوزف کانونٹ اسکول سے حاسل کی۔ 
 جیابچن نےاپنے فلمی سفر کا آغاز ستیہ جیت رے کی بنگالی فلم مہانگرسے ۱۵؍سال کی عمر میں کیا۔ ۱۹۷۱ءمیں بنگالی مزاحیہ فلم دھنی میے جیا بچن کے ابتدائی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔ 
 جیابچن نے اپنے فلمی سفر کا آغاز محض ۱۵؍سال کی عمرمیں ستیہ جیت رے کی فلم’مہانگر‘ سے ۱۹۶۳ء میں کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے بطور ہیروئن ۱۹۷۱ء میں رشی کیش مکھرجی کی فلم گڈی میں مرکزی کردار کیا۔ فلم گڈی میں انہوں نےایک اسکول کی لڑکی کا کردار اداکیا تھا جو فلم اداکار دھرمیندر کی دیوانی تھی۔ اس کے بعد انہیں فلم’اپہار‘ (۱۹۷۱ء)، کوشش (۱۹۷۲ء) اور کورا کاغذ (۱۹۷۴ء) جیسی فلموں کیلئے سراہا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نےکئی کامیاب ہندی فلموں جیسے جوانی دیوانی، کوشش، انامیکا، پیا کا گھر اور باورچی میں بھی اداکاری کی۔ انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ بھی کئی فلموں میں کام کیا جن میں ’زنجیر‘ (۱۹۷۳ء)، ’ابھیمان‘ (۱۹۷۳ء)، ’چپکے چپکے‘ (۱۹۷۵ء) اور مشہور فلم’شعلے‘(۱۹۷۵ء) شامل ہیں۔ 
 ان کی بیٹی شویتا کی پیدائش اس وقت ہوئی جب امیتابھ اور جیا فلم شعلے میں کام کر رہے تھے۔ اس کے بعد جیا بچن نے اداکاری کو خیر آباد کہہ دیا اور اپنے بچوں کی پرورش میں لگ گئیں۔ ان کی اداکارہ کے طور پر آخری فلم سلسلہ(۱۹۸۱ء) تھی جس میں انھوں نے امیتابھ کے ساتھ اداکاری کی (حیرت انگیز طورپر سلسلہ ایک ناکام فلم ثابت ہوئی)۔ اس کے بعد انھوں نے فلموں میں اداکاری چھوڑ دی۔ 
 جیا بچن نے ۹؍مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا ہے جن میں پہلا ایوارڈ ۱۹۷۲ء میں فلم اپہار کیلئے خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ۱۹۷۴ء میں فلم ابھیمان کیلئے، ۱۹۸۰ء میں فلم ’نوکر کیلئے دیا گیا۔ اس کے علاوہ ۱۹۹۸ء میں فلم’ہزار چوراسی کی ماں ‘ کیلئے خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے بعد بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس کا ایوارڈ ۲۰۰۱ء میں فلم ’فضا‘، ۲۰۰۲ء میں کبھی خوشی کبھی غم اور۲۰۰۴ء میں کل ہو نہ ہو کیلئے جبکہ انہیں ۲۰۰۷ء میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔ فلم فضا، کبھی خوشی کبھی غم اور کل ہو نہ ہو کیلئے انہیں انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ بھی دیا گیا۔ 
 اس کے علاوہ انہیں ۱۹۹۲ء میں حکومت ہند کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز ’پدم شری‘ بھی دیا جاچکاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK