Inquilab Logo

جتیندرفلموں میں مصنوعی زیورات سپلائی کرتے کرتے اداکار بن گئے

Updated: April 07, 2024, 10:26 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

فلم ’سہرا‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے جتیندر کا شمار بالی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ کو کارواں، خوشبو، کنارا، آشا اور خودغرض جیسی کامیاب فلمیں دیں۔

Actor Jitendra who jumps in movies. Photo: INN
فلموں میں اچھل کود کرنے والے اداکارجتیندر۔ تصویر : آئی این این

فلم ’سہرا‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے جتیندر کا شمار بالی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ کو کارواں، خوشبو، کنارا، آشا اور خودغرض جیسی کامیاب فلمیں دیں۔ جتیندر کےبچے ایکتاکپور اور تشار کپور بھی بالی ووڈ کاجانا مانا نام ہیں۔ تشار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہیں جب کہ ان کی بیٹی ایکتا کپور نے ڈراما انڈسٹری کے کامیاب ترین سوپ سیریلز بنا کر اپنا سکہ جمایا ہے۔ جتیندر کا اصل نام روی کپور ہے جو امرتسر، پنجاب میں امرناتھ اور کرشنا کپور کے گھر پیدا ہوئے، جن کاکاروبار فلم انڈسٹری کو شوٹنگ کے لیے نقلی زیورات فراہم کرناتھا۔ جتیندرنے ممبئی کے گرگام، سینٹ سیبسٹین کے گوون ہائی اسکول میں اپنے دوست راجیش کھنہ کے ساتھ تعلیم حاصل کی اور پھر ممبئی کےسدھارتھ کالج میں تعلیم حاصل کی۔ وی شانتارام کوایک فلم کی شوٹنگ میں زیورات کی فراہمی کے دوران، انھیں سندھیا کے کردار کا باڈی ڈبل (اسٹنٹ)کےطورپر ۱۹۵۹ءمیں آنے والی فلم نورنگ میں کاسٹ کیا گیا تھا۔ 
 جتیندر کی اداکاری کا دور ۱۹۶۰ءسے۱۹۹۰ءکی دہائی تک محیط ہے۔ جتیندر کو اپنی زندگی کا پہلا بڑا بریک وی شانتارم کی فلم ’گیت گایا پتھروں نے‘ (۱۹۶۴ء)کے ساتھ ملا۔ تاہم، ایک فلم ’فرض‘ (۱۹۶۷ء) تھی جس نے کامیابی کے لیے ان کے قدم جمانےکاکام کیا۔ وہ ٹی شرٹ اور سفید جوتے جو انھوں نےفرض میں گیت مست بہاروں کا میں عاشق کیلئے ایک ریٹیل اسٹور سے خریدےتھے، وہ جتیندر کا ٹریڈ مارک بن گئے تھے۔ فرض کےبعد کارواں اور ہمجولی جیسی فلمیں آئیں، جس میں جتیندر کا ڈانس زیادہ تھا۔ فلموں میں ان کے زوردار رقص کی بدولت جتیندر کو’بولی ووڈکا جمپنگ جیک‘کالقب دیا گیا تھا۔ 
 انھوں نے تقریباً ۲۰۰؍فلموں میں مرکزی اداکارکے طور پر کام کیا ہے، یہ ایک اعزاز ہندی سنیما کے آغاز کے بعد سے صرف چند ایک اداروں کو حاصل ہے۔ فلموں میں جیتندر کے ساتھ جوڑی میں اکثر سری دیوی یا جیا پردہ کولیا جاتا، انھوں نے متعدد تیلگوفلموں کے ری میک میں کام کیا جن میں بیشتر تیلگو اداکار ٹی راما راؤ، کے بوپیا اور کے راگھویندر راؤ کی فلمیں ہیں، ان میں سنجوگ، اولاد، مجال، جسٹس چودھری، موالی(۱۹۸۳ء)، ہمت والا(۱۹۸۳ء)، جانی دشمن (۱۹۷۹ء)اور تحفہ(۱۹۸۴ء)شامل ہیں۔ انھوں نے اداکار کرشنا کی تلگو فلموں کے بھی بہت سے ہندی ریمیکس میں کام کیا اور ان کے ساتھ بہت گہری دوستی رہی۔ ان جنوبی ہندوستانی فلموں کے ریمیکس کے علاوہ، جیتندر کا ایک پہلو بھی تھاکہ وہ مصنف اور گیت کارگلزارکےساتھ پریچے، کنارا اور خوشبو جیسی فلموں میں شریک مصنف بھی تھےجن میں ’او ماجھی رے‘، ’مسافرہوں یارو‘ اور’نام گم جائے گا‘جیسے خوبصورت گانوں پر مشتمل تھا۔ ان گیتوں کی موسیقی راہل دیو برمن نےترتیب دی تھااورانہیں کشور کمار نے گایا تھا۔ 
 ۸۰ءکی دہائی میں سری دیوی اور جیا پردہ کے ساتھ ان کی متواتر جوڑی کےعلاوہ، جتیندر نے جن اداکارائوں کے ساتھ کام کیا ان میں رینا رائے، نیتو سنگھ، ہیما مالنی، سلکشنا پنڈت، بندیاگوسوامی، موسمی چٹرجی اور ریکھا شامل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK