Inquilab Logo

میں بڑے پردے کا اداکار ہوں : جان ابراہم

Updated: June 24, 2022, 12:43 PM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم آج کل اپنی فلم ’’ایک ویلن ریٹرنز‘‘ کی پروموشن کر رہے ہیں،

John Abraham.Picture:INN
جان ابراہم۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم آج کل اپنی فلم ’’ایک ویلن ریٹرنز‘‘ کی پروموشن کر رہے ہیں، فلم میں ان کے ہمراہ تارا سُوتاریا، ارجن کپور اور دیشا پاٹنی نے بھی اداکاری کی ہے۔اسی فلم کے سلسلے میں انٹرویو دیتے ہوئے جان ابراہم نے کہا کہ مجھے نہیں پسند کہ لوگ صرف ۲۹۹؍ روپے یا۴۹۹؍ روپے ماہانہ ادا کر کے مجھے اپنے گھر میں موجود اسکرین پر دیکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بڑے پردے کے اداکار ہیں اور وہیں رہنا چاہتے ہیں۔جان ابراہم نے کہا کہ مجھے او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) پلیٹ فارمز پسند ہیں لیکن صرف اس صورت میں کہ میں پروڈکشن کروں۔ ان کی پروڈکشن کمپنی ’جان ابراہم انٹرٹینمنٹ‘ نے۲۰۱۲ء میں ’وکی ڈونر‘ اور۲۰۱۳ء میں ’مدراس کیفے‘ جیسی فلمیں بنائیں، مدراس کیفے میں جان نے خود بھی اداکاری کی تھی۔جان ابراہم نے انٹرویو میں کہا کہ ایک پروڈیوسر کے طور پر مجھے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پسند ہے، مجھے اس کیلئے فلم بنانا اچھا لگتا ہے لیکن اداکار کے طور پر میری سوچ بالکل واضح ہے کہ مجھے بڑے پردے پر کام کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت برا لگے گا اگر کوئی شخص ٹیبلٹ پر میری فلم روک کر باتھ روم جانے کے لئے اٹھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی نہیں پسند کہ میں۲۹۹؍ یا۴۹۹؍روپے میں سب کو دستیاب ہوجاؤں، مجھے اس سے مسئلہ ہے۔ دریں اثنا جان کی نئی فلم ایک ویلن ریٹرنز۲۹؍ جولائی کو سنیما گھروں  میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم کے ہدایتکار موہت سوری ہیں جنہوں نے۲۰۱۴ء میں ’’ایک ویلن‘‘ کیلئے بھی ہدایتکار کے فرائض انجام دئیے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK