• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۷؍ سال بعد موسیقار اسماعیل دربار کو ملا انصاف، والدہ کی موت کے معاملےمیں ڈاکٹر کو سزا ملی

Updated: November 26, 2026, 8:08 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ کے معروف موسیقار اور میوزک ڈائریکٹر اسماعیل دربار کو تقریباً ۱۷ ؍سال طویل قانونی جدوجہد کے بعد اپنی والدہ کی موت کے معاملے میں بڑی قانونی کامیابی ملی ہے۔ گجرات کے شہر سورت کی ایک عدالت نے طبی غفلت کے معاملے میں ڈاکٹر پریش کمار بھجیا والا کو قصوروار قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔

Ismail Darbar.Photo:INN
اسماعیل دربار۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ کے معروف موسیقار اور میوزک ڈائریکٹر اسماعیل دربار کو تقریباً ۱۷ ؍سال طویل قانونی جدوجہد کے بعد اپنی والدہ کی موت کے معاملے میں بڑی قانونی کامیابی ملی ہے۔ گجرات کے شہر سورت کی ایک عدالت نے طبی غفلت کے معاملے میں ڈاکٹر پریش کمار بھجیا والا   کو قصوروار قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر پر ایک ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ یہ معاملہ ۲۰۰۹ ءمیں اسماعیل دربار کی ۷۰ ؍سالہ والدہ زیتون بی بی دربار کی موت سے متعلق ہے، جنہیں سورت کے ایک نجی اسپتال میں علاج کے دوران مبینہ طبی غفلت کے سبب شدید جھلسنے کے زخم آئے تھے۔عدالت کا یہ فیصلہ ۲۵ ؍نومبر ۲۰۲۶ء کو سنایا گیا۔ تقریباً ۱۷؍سال تک جاری رہنے والی اس قانونی کارروائی کے دوران استغاثہ نے طبی دستاویزات، گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد پیش کیے۔ عدالتی مجسٹریٹ فرسٹ کلاس پوجا سورانا نے ڈاکٹر کو تعزیرات ہند  کی دفعہ ۳۳۸ ؍کے تحت قصوروار قرار دیا، جو انسانی زندگی یا ذاتی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والی لاپروائی کے ذریعے کسی شخص کو شدید چوٹ پہنچانے سے متعلق ہے۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلوی سینیٹ میں بچی کو گود میں لے کر تقریر، ساتھی سینیٹر ’پیکابو‘ سے بچی کو بہلایا

یہ واقعہ جنوری ۲۰۰۹ ءکا ہے، جب اسماعیل دربار کی والدہ زیتون بی بی کو بخار اور دیگر طبی شکایات کے باعث سورت کے گریش گروپ آف ہاسپٹلس میں داخل کرایا گیا تھا۔ ۱۷؍جنوری ۲۰۰۹ءکو اسپتال میں داخل ہونے کے بعد انہیں کمر میں درد کی شکایت ہوئی، جس پر علاج کے دوران ان کی کمر پر گرم پانی کی تھیلی  رکھی گئی۔الزام تھا کہ ڈاکٹر اور اسپتال کے عملے نے مقررہ وقت گزرنے کے باوجود گرم پانی کی تھیلی کو ان کی کمر سے نہیں ہٹایا اور وہ پوری رات ان کے جسم کے ساتھ لگی رہی۔ اس کے نتیجے میں ان کی کمر اور بازو پر شدید جلنے کے زخم ہوگئے۔اہل خانہ کے مطابق انہوں نے اسپتال کے عملے کو گرم پانی کی تھیلی کے زیادہ گرم ہونے کے بارے میں خبردار بھی کیا تھا اور اس کے نیچے کپڑا یا نیپکن رکھنے کی درخواست کی تھی، لیکن ان کی شکایت پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔اس واقعہ کے بعد زیتون بی بی کی طبیعت مسلسل خراب ہوتی چلی گئی۔ ان کے جسم پر گہرے زخم پیدا ہوگئے اور انہیں مزید طبی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ ۲۱ ؍جنوری ۲۰۰۹ءکو کوما میں چلی گئیں اور تقریباً ۲۲ ؍دن تک علاج کے بعد ۱۲ ؍فروری ۲۰۰۹ ءکو ان کا انتقال ہوگیا۔
والدہ کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع ملنے پر اسماعیل دربار ممبئی سے فوری طور پر سورت پہنچے تھے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ملاقات کرکے اپنی والدہ کے علاج اور خصوصی دیکھ بھال کی درخواست کی تھی۔ تاہم خاندان کا الزام تھا کہ اسپتال میں علاج کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں، جس کے نتیجے میں ان کی والدہ کی حالت مزید خراب ہوئی۔والدہ کے انتقال کے بعد اسماعیل دربار کی بہن شاہدہ بانو حسین میاں دربار نے ۲۵؍جنوری ۲۰۰۹ءکو اتھوالائنس پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ اس شکایت میں ڈاکٹر پریش بھجیا والا، نرس چنچوبلی پرامپل سکومارن اور اسپتال کے دیگر متعلقہ عملے کے خلاف طبی غفلت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے بعد ڈاکٹر اور نرس کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت چارج شیٹ داخل کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:اسپیلبرگ کانولن کو بڑا مشورہ، ’’دی اوڈیسی‘‘ کے بعد ’’دی الیاڈ‘‘ بنانے کی پیشکش

اس مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے ۱۶؍ سے زائد گواہوں کے بیانات اور اہم طبی دستاویزات عدالت کے سامنے پیش کیں۔ ان گواہوں میں اسماعیل دربار کے خاندان کے افراد، علاج کرنے والے ڈاکٹر، ماہر طبیب اور پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر بھی شامل تھے۔استغاثہ نے موقف اختیار کیا کہ گرم پانی کی تھیلی کو مقررہ وقت پر نہ ہٹانا طبی ذمہ داریوں کی سنگین خلاف ورزی تھی، جس کے نتیجے میں مریضہ کو شدید جسمانی نقصان پہنچا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی ان کے جسم پر جلنے کے زخموں کا ذکر کیا گیا تھا۔عدالت نے گواہوں کے بیانات اور طبی شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر پریش بھجیا والا کو دفعہ ۳۳۸ ؍کے تحت قصوروار قرار دیا۔ تاہم عدالت نے انہیں دفعہ ۳۳۷ ؍کے تحت عائد الزام سے بری کردیا، کیونکہ ایک ہی چوٹ کے لیے دونوں دفعات کے تحت الگ الگ سزا دینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔عدالت نے ڈاکٹر کو دو سال کی سادہ قید اور ایک ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید چھ ماہ کی قید کا حکم بھی دیا گیا۔ تاہم ڈاکٹر کو اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کرنے کے لیے ۱۵ ؍ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے پر ضمانت بھی دی گئی ہے۔ اس معاملے میں اسپتال کی ایک نرس چنچوبلی پرامپل سکومارن کو بھی ملزم بنایا گیا تھا۔ تاہم مقدمے کی سماعت کے دوران وہ عدالت میں پیش ہونا بند ہوگئی، جس کے بعد اس کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا۔ عدالت نے اس کے مقدمے کو الگ کرنے اور پولیس کو اس کے خلاف علیحدہ چارج شیٹ داخل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔عدالت کے فیصلے کے بعد اسماعیل دربار نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طویل انتظار کے بعد ان کے خاندان کو انصاف ملا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس فیصلے کو مکمل انصاف نہیں سمجھتے، کیونکہ ان کے مطابق اسپتال انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افراد کی ذمہ داری کا بھی تعین ہونا چاہیے۔اسماعیل دربار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے وکیل سے مشورہ کرکے گریش گروپ آف ہاسپٹلس کی انتظامیہ کے خلاف مزید قانونی کارروائی کرنے پر غور کریں گے۔ ان کا موقف ہے کہ اس واقعہ کے لیے صرف ایک ڈاکٹر کو ذمہ دار قرار دینا کافی نہیں، بلکہ اسپتال کے دیگر متعلقہ افراد کو بھی جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔اس مقدمے میں شکایت کنندہ کے وکیل کیتن ریشم والا نے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ طبی پیشے سے وابستہ افراد کی جانب سے اس طرح کی غفلت کو معمولی نہیں سمجھا جاسکتا۔ ان کے مطابق عدالت کا فیصلہ مستقبل میں طبی غفلت کے معاملات میں ایک مثال ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK