Inquilab Logo Happiest Places to Work

کاجول نے کئی بااثر کرداروں سےمنفرد پہچان بنائی ہے

Updated: August 05, 2025, 1:10 PM IST | Agency | Mumbai

مشہور اداکارہ کاجول نےاپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں الگ مقام بنایا اور اداکاراؤں کو محض ’شوپيس‘ کے طور پر استعمال کیے جانے کے نظریات کو بدل کر سلور اسکرین پر اپنی ایک مضبوط شناخت بنائی۔

Kajol`s style is unique. Photo: INN
کاجول کا انداز ہی نرالا ہے۔ تصویر: آئی این این

مشہور اداکارہ کاجول نےاپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں الگ مقام بنایا اور اداکاراؤں کو محض ’شوپيس‘ کے طور پر استعمال کیے جانے کے نظریات کو بدل کر سلور اسکرین پر اپنی ایک مضبوط شناخت بنائی۔ کاجول پیدائش ۵؍ اگست  ۱۹۷۴ء کو ممبئی میں ہوئی تھی اور اداکاری کا فن انہیں وراثت میں ملا تھا۔ ان کے والد سومو مکھرجی پروڈیوسر جبکہ ماں تنوجہ معروف فلم اداکارہ ہیں۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ کاجول اکثراپنی ماں کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتی تھیں اسی وجہ سے ان کا بھی رجحان فلموں کی جانب ہو گیا اور وہ بھی اداکارہ بننے کے خواب دیکھنے لگیں۔ کاجول نے بطور اداکارہ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز ۱۹۹۲ء کی فلم ’بے خودی‘ سے کیا تھا۔ اس فلم میں ان کے ہیروکا کردار کمل سدانا نے ادا کیا تھا لیکن کمزور اسکرپٹ اور ہدایتکاری کی وجہ سے فلم باکس آفس  پر ناکام ثابت ہوئی۔ ۱۹۹۳ءمیں انہیں عباس-مستان کی فلم’بازیگر‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ حالانکہ پوری فلم شاہ رخ خان پر مرکوز تھی لیکن کاجول نے اپنی زبردست اداکاری کے جوہر دکھاکر ناظرین کومسحور کر دیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔۱۹۹۴ء کاجول کے فلمی کریئرمیں اہم  ثابت ہوا۔ اس سال ان کی’ادھارکی زندگی، یہ دل لگی اور کرن ارجن‘ جیسی فلمیں جلوہ گر ہوئیں۔ ان فلموں میں اپنی بااثر اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے والی کاجول بامبے فلم جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازی گئیں۔
 ۱۹۹۴ءمیں کاجول کو یش چوپڑا کے بینر تلے بنی فلم’یہ دل لگی‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کاکردار اکشے کمار اور سیف علی خان نے ادا کیا تھا۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ پہلی مرتبہ بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کی گئیں۔ ۱۹۹۵ءمیں یش چوپڑاکی ہی فلم’دل والے دلهنيا لے جائیں گے‘ کاجول کے فلمی کیریئر کیلئے سنگ میل ثابت ہوئی۔ کاجول اور شاہ رخ خان کی بہترین اداکاری سے آراستہ یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔۱۹۹۷ء میں انہیں پروڈیوسر۔ ڈائرکٹر راجیو رائے کی فلم ’گپت‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی حالانکہ فلم میں کاجول کا کردار گرے شیڈس لئے ہوئے تھا۔ فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ بہترین ویمپ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گئیں۔ فلم انڈسٹری کی تاریخ کا پہلا موقع تھاجب کسی اداکارہ کو بہترین ویمپ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔
 ۱۹۹۹ء میں کاجول نے اداکار اجے دیوگن کے ساتھ شادی کر لی اور فلموں میں کام کرنا کافی حد تک کم کردیا۔ ۲۰۰۱ء میں فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے بعد کاجول نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کر لیا تھا۔ لیکن ۲۰۰۶ءمیں کاجول نے یش چوپڑا کے بینر تلے بنی فلم ’فنا‘ کے ذریعے فلم انڈسٹری میں اپنی زبردست واپسی کی۔ فلموں میں کاجول کی جوڑی عامر خان کے ساتھ کافی پسندکی گئی۔ اپنے فلمی کریئر میں وہ ۴؍ مرتبہ بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی جا چکی ہیں۔ ۲۰۱۱ء میں وہ پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازی گئی ہیں۔ کاجول نے ۲۰۱۵ء میں جلوہ گرہوئی فلم ’دلوالے‘ سے دوسری بار کم بیک کیا۔ روہت شیٹی کی ہدایتکاری میں بنی اس فلم میں شاہ رخ کے ساتھ ان کی کیمسٹری کو ناظرین نے بےحد پسند کیا۔یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔ آج کل کاجول نے فلموں میں کام کرنا کافی کم کردیا ہے لیکن وقفے وقفےسے فلموں اور ویب سیریز میں نظر آتی رہتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK