خصوصی مہم میں ڈومبیولی مغرب کے ۲۰؍رکشا ڈرائیوروں سے ۴۷؍ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 11:58 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
خصوصی مہم میں ڈومبیولی مغرب کے ۲۰؍رکشا ڈرائیوروں سے ۴۷؍ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔
ڈومبیولی (مغرب) میں مہاتما پھلے روڈ پر ایک رکشا یونین کی جانب سے سرکاری احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کرایہ میں ۵؍ روپے کے من مانے اضافے کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ مسافروں کی مسلسل شکایات پر سب ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر ( آر ٹی او) آشوتوش بارکل کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ۲۰؍ رکنی خصوصی ٹیم نے منگل کی شب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والے ۱۸ رکشا ڈرائیوروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی اور مجموعی طور پر ۴۷؍ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ دوسری جانب امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وشنو نگر پولیس نے بھی رکشا یونین کے عہدیداروں کو تھانے طلب کرلیا ہے۔
عیاں رہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ پر ڈومبیولی کے رکشا ڈرائیوروں کے خلاف زائد کرایہ وصولی کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کلیان سب ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کے۲۰؍ موٹر وہیکل انسپکٹر اور اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹر کی ٹیم منگل کی رات ڈومبیولی پہنچی۔ٹیم نے رکشا اسٹینڈ پر جانے کے بجائے خفیہ حکمت عملی اپناتے ہوئے نوپاڑہ، غریباچا پاڑہ، گنیش نگر اور انمول نگری پر اترنے والے مسافروں سے کرایہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ مسافروں کی جانب سے ۲۰ ؍روپے کرایہ ادا کرنے کی تصدیق پر افسران نے موقع پر موجود ڈرائیوروں سے باز پرس کی جس پر ڈرائیور لاجواب ہو گئے۔کارروائی کے دوران ۵۰؍ سے زائد رکشوں کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے ۱۸؍ قصوروار ڈرائیوروں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میں شورما کھاکر بیمار پڑنے والوں کی تعداد۷۴؍ ہوگئی
آر ٹی او کی اس کارروائی پر مقامی مسافروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے باضابطہ کرایہ بڑھایا جاتا ہے تو انہیں ادائیگی میں کوئی اعتراض نہیں تاہم چند مخصوص ڈرائیوروں کی زبردستی ناقابلِ قبول ہے۔ ادھر منگل کی رات ہونے والی کارروائی کے باوجود بدھ کی صبح بھی مہاتما پھلے روڈ پر بعض آٹو رکشا ڈرائیوروں کی من مانی جاری رہی۔ اس ضمن میں گوپی ناتھ چوک تا ڈومبیولی ریلوے اسٹیشن روٹ پر چلنے والے چند رکشا ڈرائیوروں کے خلاف زائد کرایہ وصولی کی شکایات آر ٹی او کے آن لائن پورٹل پر درج کرائی گئی ہیں۔
زائد کرایہ وصولی کے معاملے پر مسافروں اور ڈرائیوروں کے درمیان ممکنہ تصادم اور امن و امان کے خدشہ کے پیش نظر وشنونگر پولیس نے فوری مداخلت کرتےہوئے رکشا یونین کے عہدیداروں کو بات چیت کے لیے پولیس اسٹیشن طلب کیا ہے۔ اس بارےسب ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر آشوتوش بارکل نے کہا کہ کوئی بھی رکشا ڈرائیور غیر قانونی طور پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول نہ کرے۔آن لائن پورٹل پر شکایت موصول ہوتے ہی متعلقہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔