Inquilab Logo Happiest Places to Work

کپور خواتین پہلے کے مقابلے زیادہ آزاد اور خودمختار ہیں: ردھیما کپور کا اعتراف

Updated: May 07, 2026, 7:15 PM IST | Mumbai

عالیہ بھٹ نے شادی اور پھر ماں بننے کے باوجود اپنے کریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچا کر کپور خاندان کی پرانی روایات کو بدل دیا۔ ردھیما کپور ساہنی نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ آج کی کپور خواتین پہلے کے مقابلے میں زیادہ آزاد اور خودمختار ہیں۔ واضح رہے کہ ردھیما ’’دادی کی شادی‘‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں کریئر کا آغاز کرنے جارہی ہیں۔

Riddhima Kapoor. Photo: INN
ردھیما کپور۔ تصویر: آئی این این

عالیہ بھٹ نے نہ صرف بالی ووڈ میں اپنی جگہ مضبوط کی بلکہ کپور خاندان کی برسوں پرانی روایات کو بھی بدل کر رکھ دیا۔ اپریل ۲۰۲۲ء میں رنبیر کپور سے شادی اور پھر بچی کی پیدائش کے باوجود عالیہ نے اپنے کریئر کی رفتار کم نہیں ہونے دی۔ شادی سے قبل عالیہ نے ’’آر آر آر‘‘ اور ’’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘‘ جیسی بڑی اور کامیاب فلمیں دی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے ’’برہماستر‘‘، ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ اور ’’ہارٹ آف اسٹون‘‘ کے ذریعے اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھا۔ اب عالیہ آنے والی فلم ’’الفا‘‘ اور ’’لو اینڈ وار‘‘ میں نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’جَن نائیکن‘‘ کے نئے ویڈیو نے دھوم مچادی، وجے کے نام کے ساتھ جڑا خاص ٹائٹل

کپور خاندان میں ماضی میں شادی کے بعد خواتین کے فلمی کریئر چھوڑنے کی روایت عام رہی ہے۔ نیتو کپور نے رشی کپور سے شادی کے بعد فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ نیتو نے ماضی میں کہا تھا کہ رشی چاہتے تھے کہ وہ گھر اور خاندان پر توجہ دیں۔ اسی طرح کپور خاندان کی بیٹیاں بھی طویل عرصے تک فلمی دنیا سے دور رہیں۔ ردھیما کپور ساہنی نے حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا کہ وقت کے ساتھ ذہنیت تبدیل ہوئی ہے اور اب خواتین اپنی مرضی سے اپنے کریئر کا انتخاب کر رہی ہیں۔ ردھیما اب ۴۵؍ سال کی عمر میں اپنی پہلی فلم ’’دادی کی شادی‘‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جا رہی ہیں۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ان کی والدہ نیتو کپور بھی نظر آئیں گی۔

ردھیما نے کہا کہ اداکاری کا آغاز ان کے لیے ’’جذباتی اور غیر حقیقی‘‘ لمحہ ہے، خاص طور پر اس لیے کہ ان کے والد رشی کپور ہمیشہ اپنی بیٹی کو فلموں سے دور رکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرشمہ اور کرینہ نے کپور خاندان کی خواتین کے لیے نئی راہیں کھولیں۔ دونوں اداکاراؤں نے شادی اور بچوں کے بعد بھی اپنے فلمی کریئر کو کامیابی سے جاری رکھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کپور خاندان کی تمام خواتین نے ایک جیسا راستہ اختیار نہیں کیا۔ گیتا بالی جو شمی کپور کی اہلیہ تھیں، شادی اور بچوں کے بعد بھی فلموں میں سرگرم رہیں۔ اسی طرح جنیفر کینڈل نے بھی ششی کپور سے شادی کے بعد اداکاری جاری رکھی۔

یہ بھی پڑھئے: انوشکا شرما کی ’’چکدا ایکسپریس‘‘ بن کر تیار ہے، پھر ریلیز کیوں نہیں ہو رہی؟

ردھیما کا کہنا ہے کہ آج کی کپور خواتین کے لیے زندگی مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب خواتین عمر یا سماجی توقعات سے قطع نظر اپنی راہ خود منتخب کر رہی ہیں۔‘‘ کپور خاندان کے لیے آنے والے مہینے کافی مصروف رہنے والے ہیں۔ اپنے خاندان میں سب سے زیادہ عمر میں بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی ردھیما نے کہا کہ والد رشی کپور کی دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں، اور پہلی فلم کرتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے زندگی نے دائرہ مکمل کر لیا ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK