Updated: May 07, 2026, 2:04 PM IST
| Mumbai
اداکار وجے تھلاپتی کی پارٹی ٹی وی کے نے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اسی دوران وجے کی آخری فلم’’جَن نائیکن‘‘ ایک بار پھر خبروں میں آ گئی ہے۔ فلم سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں وجے کے نام کے ساتھ ایک خاص ٹائٹل بھی شامل کیا گیا ہے۔
وجے تھلاپتی کی آنے والی فلم’’جَن نائیکن‘‘جلد ریلیز ہو سکتی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ اداکار وجے کی آخری فلم ہوگی۔ حال ہی میں اس فلم سے جڑا ایک وائرل ویڈیو سامنے آیاہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ تمل ناڈو کے کسی سنیما گھر کا ہے۔ ویڈیو میں فلم کا نیا ٹائٹل کارڈ دکھایا گیا ہے۔ اس ٹائٹل کارڈ کو دیکھ کر مداح خوشی سے جھوم اٹھے اور تھیٹر میں جشن مناتے نظر آئے۔ آخر اس ٹائٹل کارڈ میں ایسا کیا لکھا ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔
فلم کا نیا ٹائٹل کیوں خاص ہے؟
یہ وائرل ویڈیو ایک ٹویٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں تھیٹر کے اسکرین پر ’’جَن نائیکن‘‘ کا ٹائٹل کارڈ دکھائی دیتا ہے، جس پر لکھا ہے’’فلم’’جَن نائیکن‘‘ میں تمل ناڈو کے معزز وزیرِ اعلیٰ سی جوزف وجے۔‘‘ بتا دیں کہ وجے کی پارٹی ٹی وی کے نے تمل ناڈو اسمبلی میں ۱۰۸؍نشستیں حاصل کی ہیں،اور جلد ہی وہ تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ بن سکتے ہیں۔ اتحاد کے ساتھ حکومت بنانے کی بات بھی سامنے آ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یورپی یونین نے اپنی غربت مخالف پالیسی متعارف کرائی، ناکافی فنڈ کے حوالے سے تشویش
مداح تھیٹر میں خوشی سے ناچتے ہوئے نظرآئے
وائرل ویڈیو میں وجے کے نام کے ساتھ ’’وزیرِ اعلیٰ‘‘ لکھا دیکھ کر مداح خوشی سے جھومتے نظر آئے۔ وہ اپنے پسندیدہ ہیرو اور لیڈر کی کامیابی کا جشن منا رہے تھے۔ ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’’ہندوستان میں کسی اداکار کے لیے یہ پہلا سی ایم ٹائٹل کارڈ ہے۔‘‘حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس سنیما گھر میں’’جَن نائیکن‘‘کا اپڈیٹڈ ٹائٹل کارڈ دکھایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:انوشکا شرما کی ’’چکدا ایکسپریس‘‘ بن کر تیار ہے، پھر ریلیز کیوں نہیں ہو رہی؟
فلم کب سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی؟
اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وجے کی فلم ’’جَن نائیکن‘‘ ریلیز کی جائے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم۸؍ مئی کو ریلیز ہو سکتی ہے، لیکن فلمسازوں کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔