دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو کی شراکت؛ فلم نیتن گوکھلے کی کتاب ’جینٹل مین اسپائی ماسٹر‘ پر مبنی ہوگی، کاسٹ اور ہدایت کار کے نام فی الحال خفیہ۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 8:02 PM IST | Mumbai
دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو کی شراکت؛ فلم نیتن گوکھلے کی کتاب ’جینٹل مین اسپائی ماسٹر‘ پر مبنی ہوگی، کاسٹ اور ہدایت کار کے نام فی الحال خفیہ۔
فلم ساز کرن جوہر نے ہندوستان کی بیرونی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (R&AW) یا ’’را‘‘ کے بانی اور پہلے سربراہ رامیشور ناتھ کاؤ (آر این کاؤ) کی زندگی پر مبنی ایک نئی فلم کا اعلان کردیا ہے۔ دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو کی مشترکہ پیشکش یہ فلم ۱۱؍ اگست ۲۰۲۸ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم کا اعلان ایسے دن کیا گیا جب R&AW اپنے قیام کے ۵۸؍ سال مکمل کررہی ہے۔ فلم فی الحال بغیر عنوان کے ہے اور اس کے ہدایت کار اور اداکاروں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔ تاہم رپورٹس کے مطابق ایک معروف اداکار کو مرکزی کردار کے لیے شامل کیے جانے کی تیاری ہے۔ فلم کی تیاری سے متعلق بیشتر تفصیلات بھی فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں۔
کرن جوہر نے فلم کے اعلان کے ساتھ آر این کاؤ کو ایک ایسے شخص کے طور پر پیش کیا جس نے پردے کے پیچھے رہ کر ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جسے آج R&AW کے نام سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’انہوں نے ایک پوشیدہ نظام تشکیل دیا، لیکن تاریخ ان کے اثرات کو یاد رکھتی ہے۔ آج R&AW کے قیام کو ۵۸؍ سال مکمل ہورہے ہیں اور ہمیں آر این کاؤ کی کہانی اور اس کے پہلے مشن پر فلم کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے۔‘‘ یہ فلم صحافی اور تزویراتی امور کے تجزیہ کار نیتن گوکھلے کی ۲۰۱۹ء میں شائع ہونے والی کتاب ’جینٹل مین اسپائی ماسٹر‘ پر مبنی ہوگی۔ کتاب میں آر این کاؤ کے کریئر، R&AW کے قیام اور ہندوستان کے بیرونی خفیہ نظام کی تشکیل میں ان کے کردار کا جائزہ لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’راکا‘ کا پراسرار ’۳۷‘: ایٹلی کی ۴۰؍ ویں سالگرہ پر موشن کیپچر ریکارڈ کا اشارہ
فلم کی کہانی ۱۹۵۵ء سے ۱۹۷۱ء کے دور کو محیط ہوگی۔ اس میں ان حالات اور واقعات کو دکھایا جائے گا جن کے نتیجے میں R&AW کے قیام کی ضرورت محسوس ہوئی، پھر ادارے کی تشکیل اور ۱۹۷۱ء کی جنگ کے دوران اس کے پہلے بڑے مشن تک کے سفر کو پیش کیا جائے گا۔ دھرما پروڈکشنز کی جانب سے جاری بیان میں کرن جوہر نے کہا کہ لیو میڈیا کلیکٹو گزشتہ ۲؍ برس سے اس کہانی پر تحقیق اور اسے فلمی شکل دینے پر کام کررہا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم ایسی فلم بنانا چاہتی ہے جو حقیقی واقعات پر مبنی ہو اور R&AW کی تاریخ کے اہم مرحلے کو سنیما کے ذریعے پیش کرے۔ رامیشور ناتھ کاؤ کو ۱۹۶۸ء میں R&AW کے قیام کے وقت اس کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے ۱۸۷۷ء تک ادارے کی قیادت کی۔ اس سے قبل وہ انٹیلی جنس بیورو سے وابستہ رہے تھے اور خفیہ امور کے مختلف اہم شعبوں میں کام کرچکے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:نانی پہلے ہی راگھو جویال کے مداح تھے، ’دی پیراڈائز‘ میں توقع سے بڑھ کر کام کیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ آر این کاؤ پر بننے والی یہ فلم پہلی مرتبہ جنوری ۲۰۲۰ء میں اعلان کی گئی تھی۔ اس وقت دھرما پروڈکشنز نے نیتن گوکھلے کی کتاب کو فلمی شکل دینے کا منصوبہ ظاہر کیا تھا، لیکن اس کے بعد کئی برس تک منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں کوئی بڑی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ اب ۶؍ سال بعد فلم کو باضابطہ ریلیز تاریخ مل گئی ہے۔ دھرما پروڈکشنز اور لیو میڈیا کلیکٹو اس سے قبل ’بیڈ نیوز‘ اور ’کیسری: چیپٹر ۲‘ کے لیے بھی ساتھ کام کرچکے ہیں۔ آر این کاؤ پر بننے والی یہ فلم دونوں اداروں کے درمیان ایک اور بڑے تعاون کی شکل میں سامنے آئے گی۔