آرٹی آئی رضاکار نے تقریباً ۲؍ برس قبل تحریری شکایت کی تھی اور۹؍ماہ قبل آر ٹی آئی کے ذریعے معلومات حاصل کی پھر بھی بیسٹ انتظامیہ نے اب تک کوئی توجہ نہیں دی۔
EPAPER
Updated: May 09, 2026, 2:57 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
آرٹی آئی رضاکار نے تقریباً ۲؍ برس قبل تحریری شکایت کی تھی اور۹؍ماہ قبل آر ٹی آئی کے ذریعے معلومات حاصل کی پھر بھی بیسٹ انتظامیہ نے اب تک کوئی توجہ نہیں دی۔
جوگیشوری سے اندھیری کے درمیان بس اسٹاپ پر شیڈ نہ ہونے سے شہریوں کو شدید دھوپ میں زبردست دقتوں کا سامناکرناپڑرہا ہے۔ طلبہ اوربزرگ شہریوں کو مزید پریشانی ہورہی ہے۔
جوگیشوری میں اجیت گلاس سے اندھیری ریلوے اسٹیشن تک تقریباً ۲۰؍ بس اسٹاپ ہیں مگر ان میں سے کسی پر شیڈ نہیں ہے۔ شہریوں کو ہونے والی پریشانی کےتعلق سے آر ٹی آئی رضاکار منصور عمر درویش نے اس ضمن میں ۲۵؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو تحریری شکایت بیسٹ جنرل منیجر سے ایک سال قبل کی تھی، اس کے بعد آر ٹی آئی کے ذریعے ۶؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو تفصیل مانگی، وہ ۳؍ مرتبہ قلابہ ہیڈ آفس گئے، گوریگاؤں اور جوگیشوری میں ڈپو منیجروں سے ملے، کئی مرتبہ فون پر رابطہ قائم کیا مگر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ آج بھی طلبہ اورمسافر شدید دھوپ میں کھڑے رہ کر اور بارش میں بھیگ کر بس کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ’’جوگیشوری میں طلبہ کو شدید دھوپ میں کھڑا دیکھ کریہ احساس ہوا کہ انہیں کس قدر دشواری ہورہی ہوگی توانہوں نے باقاعدہ بس اسٹاپ کی گنتی کی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: کلیان: مسلمانوں کو مکان دینے سے انکار پر پولیس میں شکایت
ان کایہ بھی کہنا ہےکہ ’’ اس وقت جبکہ شدید دھوپ کی وجہ سے بی ایم سی کی جانب سے بار بار توجہ دلائی جارہی ہے، گھرسے باہر نہ نکلنے، پانی زیادہ پینے اور دیگر احتیاطی اقدامات بتائے اورسمجھائے جارہے ہیں توکیا بیسٹ انتظامیہ جو بڑی حدتک بی ایم سی کا حصہ ہے، اتنا بڑا مسئلہ اسے دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ اس وقت شہری دھوپ میں کھڑے ہوتے ہیں ، ایک ڈیڑھ ماہ بعد موسم باراں شروع ہوجائے گا، وہ بھیگ کرپریشان ہوں گے، اس لئے مزیدانتظار کئے بغیر اس مسئلے کا حل نکالا جائے اور شہریوں کوراحت دی جائے۔ اگر کسی بس اسٹاپ پر جگہ کا مسئلہ ہو تو دیگر جگہوں پرتو نظم کردیا جائے۔‘‘
اس تعلق سےبیسٹ کے پی آر او دتاتریہ ڈگاڈے سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے کہا کہ’’ میں معلوم کرتا ہوں کہ کس وجہ سے اب تک یہ کام نہیں ہوا ہے۔ ویسے یہ کام انجینئرنگ اورمینٹیننس ڈپارٹمنٹ سے متعلق ہے، اس کو بھی مطلع کرتا ہوں۔ کوشش کی جائے گی کہ جس طرح بھی ہو، شہریوں کوجلد ازجلد راحت مل سکے۔ ‘‘ واضح ہوکہ جنرل منیجر سے کی گئی شکایت اورآر ٹی آئی کے جواب کی کاپیاں بھی انقلاب نے انہیں مہیا کرائی ہیں۔