Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کنگ‘‘ بالی ووڈ کی مہنگی ترین فلم؟ ۴۵۰؍ کروڑ کے بجٹ کی خبروں پر نئی بحث

Updated: July 09, 2026, 10:11 PM IST | Mumbai

شاہ رخ خان کی آئندہ ایکشن تھریلر فلم ’’کنگ‘‘ کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسے تقریباً ۴۵۰؍ کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا جا رہا ہے، جس سے یہ شاہ رخ خان کے کریئر کی سب سے مہنگی فلم بن سکتی ہے۔ تاہم، ہدایت کار سدھارتھ آنند نے سوشل میڈیا پر ’’جھوٹ‘‘ لکھ کر ان خبروں پر سوالیہ نشان لگا دیا، اگرچہ انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کا اشارہ کس رپورٹ کی جانب تھا۔ فلم میں پہلی بار شاہ رخ خان اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے نظر آئیں گے۔

Shah Rukh Khan Photo: INN.
شاہ رخ خان۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ ریلیز سے پہلے ہی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ تازہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس فلم کا بجٹ تقریباً ۴۵۰؍ کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے، جس کی بڑی وجہ وی ایف ایکس، بڑے پیمانے کے ایکشن مناظر اور عالمی معیار کی پروڈکشن بتائی جا رہی ہے۔ اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو ’’کنگ‘‘، شاہ رخ خان کے فلمی کریئر کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہوگی۔ اس سے قبل ان کی فلم ’’جوان‘‘ کو تقریباً ۴۰۰؍ کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ ان کی سب سے مہنگی فلم قرار دیا جاتا رہا ہے۔
بالی ووڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق، فلم سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ شاہ رخ خان ہمیشہ ناظرین کو کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے بغیر بہترین سنیما تجربہ فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ذریعے کے مطابق’’کنگ‘‘ ایک ایکشن تھریلر کے طور پر شروع ہوئی تھی، لیکن شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند کے بڑے وژن نے اسے ایک ایسے بڑے پیمانے کی ایکشن فلم میں تبدیل کر دیا ہے، جس میں شائقین کو اب تک کے کچھ سب سے شاندار ایکشن مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔‘‘ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فلم پر خرچ ہونے والی رقم کا مقصد صرف ناظرین کو عالمی معیار کا سنیما تجربہ فراہم کرنا ہے اور اس کا ہر روپ اسکرین پر نظر آئے گا۔

یہ بھی پڑھئے: نیہا دھوپیا کی پہلی انٹرنیشنل فلم’’۵۲؍ بلیو‘‘ لندن انڈین فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی

تاہم، ان خبروں کے بعد ہدایت کار سدھارتھ آنند نے ایکس پر صرف ایک لفظ ’’جھوٹ‘‘ لکھ کر ردعمل دیا۔ اگرچہ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کسی رپورٹ یا خبر کا نام نہیں لیا، لیکن متعدد مداحوں کا خیال ہے کہ ان کا اشارہ فلم کے مبینہ ۴۵۰؍ کروڑ روپے کے بجٹ کی خبروں کی طرف تھا۔ فلم کے بجٹ کے حوالے سے نہ تو فلم سازوں اور نہ ہی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے آئی ہے۔ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور مارفلکس پکچرز کے اشتراک سے بننے والی ’’کنگ‘‘ کئی حوالوں سے خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: نیتو سنگھ نے چائلڈ آرٹسٹ سے معاون کرداروں تک رول ادا کئے

رپورٹس کے مطابق فلم میں شاہ رخ خان ایک تجربہ کار قاتل (Assassin) کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو جرائم کی دنیا میں سرگرم ہے، جبکہ سہانا خان ان کے زیر تربیت کردار میں دکھائی دیں گی، جو خطرناک مشنز کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔ فلم کی اسٹار کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، انیل کپور، رانی مکھرجی، ارشد وارثی، ابھے ورما اور راگھو جویال بھی شامل ہیں۔ ’’کنگ‘‘ کا باضابطہ اعلان گزشتہ برس نومبر میں کیا گیا تھا۔ ۲؍  نومبر کو شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیے گئے ٹائٹل اناؤنسمنٹ ویڈیو میں ان کا سلور ہیئر لک، خصوصی تھیم سانگ اور مشہور ڈائیلاگ ’’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘‘ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا تھا۔ فلم کی ریلیز ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کے لیے مقرر کی گئی ہے اور اسے سال کی سب سے بڑی بالی ووڈ ریلیز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK