معروف موسیقار اور گلوکار ’لیز لے لوئیس‘ کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو پرانی موسیقی سے روبرو کرانے کیلئے میں یوٹیوب پر جلد ہی اپناشو شروع کرنے والا ہوں۔
EPAPER
Updated: June 15, 2025, 12:50 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai
معروف موسیقار اور گلوکار ’لیز لے لوئیس‘ کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو پرانی موسیقی سے روبرو کرانے کیلئے میں یوٹیوب پر جلد ہی اپناشو شروع کرنے والا ہوں۔
موسیقی کی دنیا میں لیزلے لوئیس کا نام تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ انہوں نے فلموں سے لے کر ٹی وی شوز کیلئے موسیقی دی ہے۔ ان کی کمپوزنگ میں کئی بڑے گلوکاروں نے کامیاب نغمے گائے ہیں۔ ان گلوکاروں میں کے کے اور ہری ہرن کا نام قابل ذکر ہے۔ لیزلے لوئیس کا حال ہی میں ایک گیت ’مہکی خوشبو ‘ریلیز ہوا ہےجسے کافی پسند کیا جارہا ہے۔ اس میں لیزلے نے برسوں بعد پہلی بار اپنی آواز دی ہے۔ وہ اپنے پرانے انداز میں ہی نظر آرہے ہیں۔ نمائندہ انقلاب نےموسیقار، پروڈیوسر اور گلوکار لیزلے لوئیس سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
مہکی خوشبو کی تیاری کس طرح ہوئی ؟
ج:مہکی خوشبو کی تیاری کا واقعہ بھی بہت دلچسپ ہے۔ میں کسی کے ہاں ملاقات کیلئے گیا ہوا تھا جہاں ایک نوجوان جوڑے کو دیکھا۔ دونوں آپس میں بات کرکے الگ ہورہے تھے لیکن ایک دوسرے سے الگ ہوتے وقت بھی وہ ایک دوسرے کی خوشبو محسوس کررہے تھے۔ آج کل کے نوجوان پہلے جیسے شرمیلے نہیں ہیں بلکہ وہ وہیں پر ایک دوسرے سے اظہارِ محبت کردیتے ہیں۔ بس یہی چیز مجھے پسند آگئی اور میں نے فوری طورپر مہکی خوشبو لکھنا شروع کردیا۔ جس طرح ایک جوڑا آپس میں باتیں کرتاہے ٹھیک اسی طرح اور اسی انداز میں، میں نے اس گیت کے بول لکھے ہیں کہ وہ ایک دوسرے سے بات کررہے ہیں۔ میں نے کوشش کی ہے کہ میں ۹۰ء کی موسیقی کو ایک بار پھر زندہ کروں۔ میں چاہتا ہوں کہ میں اس دور کی نسل کو ۹۰ء کی موسیقی سے روبرو کراؤں۔
سننے میں آیا ہے کہ اس گیت میں آپ نے اپنی آواز بھی دی ہے ؟
ج:میں نے اپنے کریئر میں بہت سے گلوکاروں کے ساتھ میوزک کمپوزکیاہے جن میں ’کے کے‘ اور’ہری ہرن‘بھی شامل ہیں۔ میں نے مختلف شوز کیلئے میوزک پروڈیوس کیا لیکن اس گیت کو میں نے اپنی آواز دینے کا فیصلہ کیا۔ کونونیل بردرس میں بھی صرف شائقین نے میری موسیقی سنی تھی اورکسی کو پتہ نہیں تھا کہ میں کس طرح گاتا ہوں۔ میں چاہتا تھا کہ میں اگر نوجوان نسل کو ۹۰ء کی موسیقی کے روبرو کروا رہا ہوں تو میں اپنی ہی آواز دوں۔ مہکی خوشبو کے ویڈیو کو بھی دیکھیں گے تو آپ کو احساس ہوگا کہ میں نے ۱۹۹۰ء کا ہی لُک اپنایاہے۔ میرے لئے یہ لُک بہت ضروری تھا۔ بہرحال اس گیت کو گاکر بہت مزہ آیا۔
اس گیت کے ویڈیو کے بارے میں بھی کچھ بتائیں ؟
ج:اس گیت کو لائیو شو میں شوٹ کرنا چاہتا تھا اور میں اپنے مقصد میں کامیاب رہا۔ اگر اس کا ویڈیو دیکھیں گے تو اندازہ ہوجائے گا کہ اس کو الگ انداز میں شوٹ کیا گیا ہے۔ میں نے ایک لائیو کنسرٹ کیا تھا اور اس کی پوری شوٹنگ اس گیت کے پیش نظر ہوئی تھی۔ ویڈیو میں آپ میرے انداز کو دیکھئے، آپ کو ایسا نہیں لگے گا کہ میں لپسنگ کررہا ہوں جس انداز میں ایک عاشق اپنے محبوب سے تصورات میں بات چیت کرتاہے، میں نے بھی اسے اسی انداز میں گایا ہے۔ اس گیت میں لَے نہیں ہے بلکہ عام بول چال کا انداز ہے۔ میں نے اس گیت میں گیٹار کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا ہے اور کوشش کی ہے کہ نوجوان نسل تک۱۹۹۰ء کے میوزک کو پہنچاؤں۔ براہ راست شو کا ویڈیو بنانا بھی اچھاتجربہ تھا۔ میں نے پہلے ہی طے کیا تھا کہ اس گیت کو میں اپنی آواز دوں گا اسلئے اس کا لائیو ویڈیو شوٹ کیا گیا تھا۔
وہ کون سا منترہے جس کی وجہ سے آپ اتنے سرگرم ہیں ؟
ج:ایسا کوئی منتر نہیں ہے۔ میں نے نوجوانی کے دور میں ہی اس شعبے میں قدم رکھا تھا اور اس کے بعد سے ہی سرگرم ہوں۔ میں موسیقی کی دنیا میں نت نئے تجربے کرتا رہاہوں۔ نوجوانی سے مجھے موسیقی سے دلچسپی تھی اور اسی بنیاد پر میں موسیقار بنا۔ اس کے بعد میں نے میوزک کمپوزنگ شروع کردی اور اب میں گلوکاری بھی کررہا ہوں۔ میں نے بہت سے گلوکاروں کو موقع دیا اور وہ مشہورہوئے۔ ان کے ساتھ کام کرنے کے دوران میں نے کافی تجربات حاصل کئے۔ میں نے اپنی موسیقی میں تبدیلی کی ہے اور اب میں ایک بار پھر اسی کوشش میں ہوں۔ اپنے کریئر میں مجھے موسیقی کے شائقین سے ملنے والی محبت نے بھی اس انڈسٹری میں قائم رکھاہے۔ لائیو کنسرٹ میں شائقین کی محبت دیکھ کر مجھے بہت کچھ کرنے کا دل کرتاہے۔ میں کوشش کرتاہوں کہ ہمیشہ موسیقی کے ساتھ خود کو بہتر کرتارہوں۔ آج بھی میں نئے دور کی موسیقی کو پرانے دور کی موسیقی کے ساتھ پیش کرنے کیلئے سرگرم ہوں۔
سوشل میڈیا کا استعمال کس طرح کرتے ہیں ؟
ج:آج کے دورمیں سوشل میڈیا سب سے طاقتور ذریعہ ہے۔ خواہ وہ پیغام پہنچانا ہو یا اپنی تخلیق کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہو۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام الناس تک پہنچنا، اب آسان ہوگیا ہے۔ اسی فائدے کو دیکھتے ہوئے میں نے یوٹیوب پر ایک شو شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے جس میں ۱۹۹۰ء کی موسیقی کے بارے میں بھرپور معلومات فراہم کی جائے گی۔ اس دور کے مشہور گلوکاروں کے ساتھ میں بات چیت کرنا چاہتا ہوں اور اس دور کی سنہری یادوں کو نئی نسل کے سامنے پیش کرنا میرا مقصدہے۔ یوٹیوب چینل کے تعلق سے بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ جلد ہی یہ شو آپ کے سامنے پیش ہوگا۔ میں اس وقت مہکی خوشبو اور اس یوٹیوب چینل کے تعلق سے کام کررہاہوں۔
اس کے بعد اگلا گیت کون سا ہوگا؟
ج:مہکی خوشبو مکمل ہوگیا ہے۔ اس البم میں کل ۶؍ گیت ہیں۔ میں یکے بعد دیگرے ہر گیت کو مکمل کرنے میں مصروف ہوں۔ اس گیت کو ریلیز کرنے کےبعد جلد ہی اس البم کا دوسرا گیت بھی منظر عام پر ہوگا۔ میں نے اپنی طرف سے اس البم کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کی ہے اور چاہتا ہوں کہ یہ البم شائقین کو بھی پسند آئے۔ اس کے بعد دیکھتے ہوئے کسی اور پروجیکٹ پر کام کیا جائے گا۔