• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خالد جمیل کی کوچنگ میں ہندوستانی فٹ بال ٹیم کا شاندار آغاز

Updated: August 31, 2025, 11:33 AM IST | New Delhi

اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ہندوستانی ٹیم نے تاجکستان کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرادیا، انور علی اورسندیش نےایک ایک گول کیا۔

Indian football team head coach Khalid Jameel. Photo: INN.
ہندوستانی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ خالد جمیل۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستان کی مردوں کی فٹ بال ٹیم نے اپنے نئے ہیڈ کوچ خالد جمیل کے دور کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ۲۰۲۵ءسی اے ایف اے نیشنز کپ میں میزبان تاجکستان کو دو ایک سے شکست دے دی۔ ہندوستان کی جانب سے انور علی اور سندیش جھنگن نے گول کئے جبکہ تاجکستان کی طرف سے شاہ روم سامیف نے واحد گول کیا۔ یہ ہندوستان کی غیر ملکی زمین پر تقریباً ۲؍ سال بعد پہلی جیت ہے۔ اس سے پہلےہندوستانی فٹ بال ٹیم نے نومبر ۲۰۲۳ءمیں ورلڈ کپ کوالیفائر میں کویت کو شکست دی تھی۔ 
​میچ کے آغاز میں ہی ہندوستان کو برتری حاصل ہو گئی۔ پانچویں منٹ میں انور علی کا ہیڈر گول لائن کو عبور کر گیا۔ اگرچہ میزبان کھلاڑیوں نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن گیند مکمل طور پر لائن پار کر چکی تھی۔ ​تجربہ کار اسٹرائیکر سنیل چھتری کو ٹیم سے باہر رکھنے اور موہن بگان سپر جائنٹ کے کھلاڑیوں کے دستیاب نہ ہونے کے باوجود خالد جمیل کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ 
ہندوستانی ٹیم کے ڈیفینڈرز کی جارحانہ شرکت نے دوسرا گول دلایا۔ انور علی کے کراس پر راہل بیکی کا ہیڈر گول کیپر نے روکا لیکن جھنگن نے ریباؤنڈ پر گیند کو جال میں ڈال دیا۔ ​اس کے ۱۰؍ منٹ بعد سامیف نے گول کر کے میزبان کی امیدیں جگائیں۔ دوسرے ہاف میں تاجکستان کو برابری کا موقع پنالٹی کے ذریعے ملا جب رستم سوئی روف کو باکس میں گرا دیا گیا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم کے گول کیپر گرپریت سنگھ سندھو، جو نومبر کے بعد پہلی بار ابتدائی۱۱؍ کھلاڑیوں میں واپس آئے تھے، نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے پنالٹی کو ناکام بنا دیا۔ 
​ہندوستانی فٹ بال ٹیم یکم ستمبر کو اپنے دوسرے میچ میں ایشیائی طاقت ایران سے مقابلہ کرے گی۔ اس کے بعد، ۳؍ستمبر کو ٹیم کا سامنا افغانستان سے ہوگا۔ ​ایران نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان کو تین ایک سے شکست دی تھی۔ ایران کی جانب سے ماجد علیاری نے ۲؍ اور امیر حسین نے ایک گول کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK