• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوئس ہیملٹن کا رفح دورہ، غزہ کیلئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

Updated: November 11, 2026, 4:03 PM IST | Cairo

فارمولا ون کے ۷؍ مرتبہ عالمی چیمپئن نے مصر کے شمالی علاقے العریش میں مصری ہلال احمر کے امدادی مراکز کا معائنہ کیا اور غزہ بھیجے جانے والے سامان کی تیاری و ترسیل کے طریقۂ کار سے واقفیت حاصل کی۔ ہیملٹن نے رفح سرحدی گزرگاہ کے مصری حصے کا بھی دورہ کیا۔

Lewis Hamilton`s visit to Rafah. Photo: X
لوئس ہیملٹن کا رفح دورہ۔ تصویر: ایکس

فارمولا ون کے معروف برطانوی ڈرائیور اور ۷؍ مرتبہ عالمی چیمپئن لوئس ہیملٹن نے غزہ کے لیے جاری انسانی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے مصر کا دورہ کیا۔ ۴۱؍ سالہ ہیملٹن ۱۰؍ نومبر کو شمالی سینا کے شہر العریش پہنچے، جہاں گورنر خالد مجاور نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رفح سرحدی گزرگاہ کے مصری حصے کا دورہ کیا اور مصری ہلال احمر کے امدادی گوداموں میں غزہ بھیجے جانے والے سامان کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ شمالی سینا گورنریٹ کے مطابق ہیملٹن کو حکام نے تفصیلی بریفنگ دی کہ غزہ کے لیے انسانی امداد کس طرح وصول کی جاتی ہے، اسے گوداموں میں کس انداز سے ترتیب دیا جاتا ہے اور پھر سرحدی گزرگاہ کے ذریعے فلسطینی علاقے تک پہنچانے کے لیے کیا انتظامات کیے جاتے ہیں۔ ہیملٹن نے امدادی کارکنوں سے ملاقات کی، ان کے کام کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور یہ بھی دریافت کیا کہ امدادی سامان کو غزہ میں داخل ہونے کے لیے کن مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ رفح میں انہوں نے امدادی کارکنوں کو عربی زبان میں ’’السلام علیکم‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور ان سے مصافحہ بھی کیا۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب غزہ میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ حالیہ شدید بارش نے خیمہ بستیوں کو متاثر کیا ہے، جب کہ متعدد خاندانوں کے خیمے اور ضروری سامان تباہ ہوگئے ہیں۔ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ غزہ میں خیموں، کمبلوں، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت ہے۔ سرحد پر امدادی سامان کی موجودگی کے باوجود اسے مطلوبہ مقدار میں اندر پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مصری ہلال احمر کے مطابق ۹؍ نومبر کو غزہ کے لیے اس کا ۳۰۸؍ واں امدادی قافلہ روانہ کیا گیا، جس میں ۲۵۸۱؍ ٹن سے زیادہ سامان شامل تھا۔ اس میں موسم سرما کی بارش سے متاثرہ بے گھر خاندانوں کے لیے خیمے بھی شامل تھے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے مصر ایک ملین ٹن سے زیادہ انسانی امداد غزہ کے لیے فراہم کرچکا ہے۔ العریش اس امداد کی وصولی، ترتیب اور سرحد تک ترسیل کا ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے۔ غزہ میں امداد کی رسائی کا مسئلہ بدستور سنگین ہے۔ گزشتہ سال طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود امدادی سامان کی آمد اس مقدار سے بہت کم ہے جس کی ضرورت اور اتفاق کیا گیا تھا۔ اسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق معاہدے میں روزانہ ۶۰۰؍  امدادی ٹرک غزہ پہنچانے کا ہدف رکھا گیا تھا، لیکن عملی طور پر امداد کی ترسیل اس سطح تک نہیں پہنچ سکی۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کے ایک آزاد کمیشن نے گزشتہ ماہ یہ بھی کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے زیر کنٹرول علاقے کا دائرہ ۵۳؍ فیصد سے بڑھ کر کم از کم ۶۰؍  فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ امدادی اداروں کے لیے سرحدی پابندیاں، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچہ اور نقل و حمل کی مشکلات بھی بڑے چیلنج ہیں۔ 

امریکہ: عبدل السید کا ایران جنگ کو پاگل پن قرار دے کرہیگستھ سے استعفیٰ کا مطالبہ

لوئس ہیملٹن اس سے پہلے بھی فلسطین اور دیگر تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں انسانی بحران پر تشویش ظاہر کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کانگو، سوڈان، شام اور فلسطین کے حالات کے بارے میں آواز اٹھانے اور امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ دنیا کے ان علاقوں میں کسی مرحلے پر امن قائم ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں بچوں کی ہلاکتوں پر بھی سوشل میڈیا کے ذریعے توجہ دلائی ہے۔ ہیملٹن نے ۲۰۲۱ء میں ’’مشن ۴۴‘‘ کے نام سے ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا تھا۔ اس کا مقصد ایسے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع بہتر بنانا ہے جنہیں معاشرتی اور معاشی رکاوٹوں کے باعث آگے بڑھنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ ان کا مصر کا حالیہ دورہ بھی انسانی امداد اور تنازعات سے متاثرہ افراد کی مدد سے متعلق ان کی سرگرمیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ دورہ ہیملٹن کے فارمولا ون کریئر کے ایک اہم سنگ میل کے فوراً بعد ہوا ہے۔ انہوں نے ۸؍ نومبر کو برازیلین گراں پری میں اپنے کیریئر کی ۴۰۰؍ ویں ریس میں حصہ لیا۔ وہ اس وقت فراری کی نمائندگی کررہے ہیں اور ۲۰۲۶ء کے ڈرائیورز چیمپئن شپ میں چوتھے مقام پر ہیں۔ اس سیزن کا عالمی خطاب مرسڈیز کے اطالوی ڈرائیور کیمی انتونیلی پہلے ہی اپنے نام کرچکے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK