• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان میں ایئرلائن انڈسٹری تیزی سے بدل رہی ہے

Updated: November 11, 2026, 8:04 PM IST | New Delhi

ہندوستان کی ایوی ایشن انڈسٹری تیزی سے تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ اب ایئرلائنز کی توجہ صرف کم قیمت ٹکٹوں اور زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے تک محدود نہیں رہی، بلکہ مسافروں کو بہتر آرام، اضافی سہولتیں اور پریمیم سفری تجربہ فراہم کرنے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔

Airlines.Photo:INN
ایئرلائنز۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستان کی ایوی ایشن انڈسٹری تیزی سے تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ اب ایئرلائنز کی توجہ صرف کم قیمت ٹکٹوں اور زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرنے تک محدود نہیں رہی، بلکہ مسافروں کو بہتر آرام، اضافی سہولتیں اور پریمیم سفری تجربہ فراہم کرنے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔ اس رجحان کو صنعت کی زبان میں ’پریمیمائزیشن‘ (Premiumisation) کہا جاتا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی آمدنی، کاروباری سفر میں اضافہ اور آرام دہ فضائی سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ نے ایئرلائن کمپنیوں کو اپنی خدمات اور طیاروں میں تبدیلیاں کرنے کی طرف راغب کیا ہے۔ 
تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانی ایئرلائنز نے موسمِ سرما کے ۲۰۲۶ کے فضائی شیڈول میں پریمیم نشستوں کی مجموعی گنجائش میں گزشتہ سال کے مقابلے ۳ء۱ فیصد اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے بعد پریمیم نشستوں کی تعداد تقریباً ۱۶ء۵ لاکھ ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ سال موسمِ سرما کے شیڈول میں یہ تعداد ۱۵ء۸۶ لاکھ تھی۔ یہ اعداد و شمار ایوی ایشن ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے او اے جی  نے این ڈی ٹی وی پروفٹ کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔اس تبدیلی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایئرلائنز اب ایسے مسافروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں جو زیادہ آرام دہ نشستوں، بہتر خدمات اور سفر کے دوران اضافی سہولتوں کے لیے عام اکانومی کلاس کے مقابلے میں زیادہ قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس طبقے میں کارپوریٹ مسافر، چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں سے وابستہ افراد، پیشہ ور افراد اور تفریحی سفر کرنے والے مسافر شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:راک اسٹار گیمز نے’ ’گرینڈ تھیفٹ آٹو ۶‘‘ کی پیشگی ڈاؤن لوڈنگ شروع کردی

ہندوستان کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو پریمیم سفر کے شعبے میں تیزی سے اپنی موجودگی بڑھا رہی ہے۔ او اے جی کے اعداد و شمار کے مطابق موسمِ سرما ۲۰۲۶ء کے شیڈول میں کمپنی کی پریمیم نشستوں کی گنجائش گزشتہ سال کے مقابلے ۳۲ء۴ ؍فیصد بڑھ کر تقریباً ۵ء۶۳؍ لاکھ ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ۴ء۲۵ ؍لاکھ تھی۔انڈیگو نے اس دوران اپنی گھریلو پروازوں میں پریمیم نشستوں کی تعداد میں خاصا اضافہ کیا ہے۔ گھریلو پریمیم نشستوں کی گنجائش ۳۷ء۳ ؍فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً ۴ء۹۷ ؍لاکھ تک پہنچ گئی۔ بین الاقوامی پروازوں میں بھی پریمیم نشستوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔انڈیگو، جو طویل عرصے تک کم قیمت فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے طور پر پہچانی جاتی رہی ہے، اب اپنے کاروباری ماڈل میں تبدیلی کرتے ہوئے منتخب راستوں پر بزنس کلاس اور بہتر سفری سہولتیں متعارف کرارہی ہے۔ کمپنی کا مقصد کم لاگت کے بنیادی کاروباری ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے زیادہ ادائیگی کرنے والے مسافروں کے لیے بھی خدمات فراہم کرنا ہے۔
ایئر انڈیا  اب بھی ہندوستان میں پریمیم نشستوں کی سب سے بڑی گنجائش رکھنے والی ایئرلائن ہے۔ تاہم موسمِ سرما ۲۰۲۶ءکے شیڈول میں اس کی پریمیم نشستوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے ۲ء۶ ؍فیصد کم ہوکر تقریباً ۸ء۴۶؍ لاکھ رہ گئی، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ۸ء۶۹؍ لاکھ تھی۔ایئر انڈیا اپنی خدمات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے طیاروں کے اندرونی حصوں کی تزئین و آرائش، نئی نشستوں، پریمیم اکانومی اور بزنس کلاس کی سہولتوں پر سرمایہ کاری کررہی ہے۔ کمپنی کی تجارتی حکمت عملی میں زیادہ آمدنی دینے والے مسافروں کو متوجہ کرنا اور بین الاقوامی فضائی راستوں پر اپنی پوزیشن مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔ایئر انڈیا کے مطابق پریمیم اکانومی کلاس متعارف کرانے اور طیاروں کی تزئین و آرائش کے بعد اس کی پریمیم نشستوں کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ نجکاری کے بعد پریمیم نشستوں کی فروخت بھی بڑھی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:لیکچرر پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے نے فیفا صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا

ایئر انڈیا ایکسپریس  کے اعداد و شمار میں اس کے برعکس رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ موسمِ سرما ۲۰۲۶ء کے شیڈول میں کمپنی کی مجموعی پریمیم نشستوں کی گنجائش ۱۸ء۳ ؍فیصد کم ہوکر تقریباً ۱ء۹۹ ؍لاکھ رہ گئی، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ۲ء۴۳ ؍لاکھ تھی۔اس کمی کا زیادہ اثر گھریلو پروازوں پر پڑا، جہاں پریمیم نشستوں کی گنجائش میں ۲۲ ؍فیصد کمی ہوئی۔ تاہم بین الاقوامی پروازوں میں پریمیم نشستوں کی تعداد میں ۵۱ء۷ ؍فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف ایئرلائنز اپنے راستوں، مسافروں کی مانگ اور کاروباری ترجیحات کے مطابق پریمیم خدمات کے حوالے سے الگ الگ حکمت عملی اختیار کررہی ہیں۔
 ہندوستانی ایوی ایشن انڈسٹری میں پریمیمائزیشن کا رجحان صرف نشستوں کی تعداد بڑھانے تک محدود نہیں ہے۔ ایئرلائنز اب مسافروں کو بہتر کھانے، زیادہ جگہ، آرام دہ نشستوں، ترجیحی چیک اِن، ایئرپورٹ لاؤنجز اور دورانِ پرواز تفریح جیسی سہولتیں بھی فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہیں۔انڈیگو نے مستقبل میں طویل فاصلے کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے وسیع جسامت والے طیاروں کے استعمال کا منصوبہ بنایا ہے۔ کمپنی کے منصوبے کے مطابق ایئربس اے ۳۵۰ طیاروں کی آمد ۲۰۲۸ سے متوقع ہے، جن میں بزنس کلاس، پریمیم اکانومی اور اکانومی کلاس کی نشستیں فراہم کرنے کی تیاری ہے۔ اس سے کمپنی کو یورپ اور دیگر طویل فاصلے کی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے کا موقع مل سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK