Inquilab Logo

مادھوری دکشت نے دلکش ادائوں سے ۳؍دہائیوں تک دلوں پر راج کیا

Updated: May 15, 2024, 10:48 AM IST | Agency | Mumbai

بالی ووڈ میں مادھوری دکشت کا نام ایک ایسی اداکارہ کےطور پر لیا جاتا ہے جنہوں نےاپنی دلکش اداؤں سے تقریباً ۳؍دہائیوں تک ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص شناخت قائم رکھی۔

Madhuri Dixit. Photo: INN
مادھوری دکشت۔ تصویر : آئی این این

بالی ووڈ میں مادھوری دکشت کا نام ایک ایسی اداکارہ کےطور پر لیا جاتا ہے جنہوں نےاپنی دلکش اداؤں سے تقریباً ۳؍دہائیوں تک ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص شناخت قائم رکھی۔ مادھوری دکشت کی پیدائش ۱۵؍ مئی۱۹۶۷ءکوممبئی میں ایک متوسط طبقہ کے مراٹھی برہمن خاندان میں ہوئی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ممبئی سےحاصل کی۔ اس کے بعدمادھوری نے ممبئی یونیورسٹی میں ‘مائکرو بایولوجسٹ‘ بننےکیلئےداخلہ لے لیا۔ اس دوران انہوں نے تقریباً ۸؍برس تک كتھك ڈانس کی تربیت بھی حاصل کی۔ 
مادھوری دکشت نے اپنے فلمی کریئرکا آغاز ۱۹۸۴ءمیں راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’ابودھ‘ سےکیالیکن کمزورا سکرپٹ اور ہدایت کی وجہ سے فلم باکس آفس پر بری طرح ردکردی گئی۔ ۱۹۸۴ءسے ۱۹۸۸ءتک وہ فلموں میں جگہ بنانے کیلئے جدوجہد کرتی رہیں۔ 
 ’ابودھ‘ کےبعد انہیں جو بھی کردار ملا وہ اسے قبول کرتی چلی گئیں۔ اس دوران انہوں نے ’سواتی‘، ’آوارہ‘، ’باپ‘، ’زمین‘، ’مہرے‘، ’حفاظت’ اور ’اتردکشن‘ جیسی کئی دوسرے درجےکی فلموں میں اداکاری کی لیکن ان میں سے کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوئی۔ 
مادھوری دکشت کی قسمت کا ستارہ ۱۹۸۸ء میں آئی فلم ’تیزاب’ سے چمکا۔ یہ فلم باکس آفس پر زبردست ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں مادھوری دکشت نے انل کپور کی محبوبہ کا کردار اداکیاتھا۔ فلم میں ان پر فلمایاگیا نغمہ‘ایک، دو تین‘ ان دنوں سامعین کے درمیان کافی مقبول ہواتھا۔ فلم کی کامیابی کے بعد مادھوری دکشت فلم انڈسٹری میں صحیح شناخت حاصل کرنےمیں کسی حد تک کامیاب ہو گئیں۔ اسی برس انہیں ونود کھنہ کے ساتھ فلم ’دیاوان‘ میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن اس سے انہیں کچھ خاص فائدہ نہیں ہوا۔ ۱۹۹۲ء میں مادھوری دکشت کی ایک اور اہم فلم ’بیٹا‘ر یلیز ہوئی۔ ۱۹۹۴ء میں راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ مادھوری دکشت کی بہترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ خاندانی پس منظرپر بنی اس فلم میں ان کی جوڑی سلمان خان کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ اس فلم میں ان پر فلمایا گیا نغمہ’دیدی تیرا دیور دیوانہ‘ان دنوں سامعین کے درمیان کافی مقبول ہو اتھا۔ اس فلم نےکامیابی کے نئےریکارڈ قائم کئے اور آل ٹائم گریٹیسٹ ہٹس میں شمار ہو گئی۔ 
 ۲۰۰۲ءمیں مادھوری دکشت کو شرت چندر کے مشہور ناول ’دیوداس‘ پر مبنی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم میں ’چندرمكھی‘ کے اپنے کردارسےانہوں نے شائقین کا دل جیت لیا اور اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ بہترین معاون اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گئیں۔ مادھوری دکشت کے فلمی کریئر میں ان کی جوڑی اداکارانیل کپورکے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ انل کپور کےعلاوہ ان کی جوڑی سلمان خان، شاہ رخ خان کےساتھ بھی کافی پسند کی گئی۔ انہیں ۵؍بار فلم فیئر ایوارڈسےنوازا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی سنیمامیں ان کی شراکت کے پیش نظر۲۰۰۸ءمیں انہیں پدم بھوشن کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ ۱۹۹۹ءمیں مادھوری کی شادی کیلی فورنیا کے ہند نژاد ڈاکٹر سری رام نینے سےہوگئی۔ مادھوری کی فلموں فہرست کافی طویل ہے ان کی مشہور فلموں میں ’تری دیو‘، ’پرندہ‘، ’تھانیدار‘، ’عزت دار‘، ’دل تیرا عاشق‘، ’جمائی راجہ‘ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK