• Wed, 23 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وراٹ کوہلی اور روہت شرما ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ میں ہندوستان کوجتائیں: رِنکو سنگھ

Updated: September 23, 2026, 10:01 PM IST | Mumbai

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز رِنکو سنگھ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ تجربہ کار اسٹارز وراٹ کوہلی اور روہت شرما ۲۰۲۷ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں اور ٹیم کو عالمی کپ کی ٹرافی جتائیں۔ رِنکو نے دونوں سینئر کھلاڑیوں کو لیجنڈ قرار دیا۔

Virat And Rohit.Photo:INN
وراٹ کوہلی اور روہت شرما۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز رِنکو سنگھ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ تجربہ کار اسٹارز وراٹ کوہلی اور روہت شرما ۲۰۲۷ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں اور ٹیم کو عالمی کپ کی ٹرافی جتائیں۔ رِنکو نے دونوں سینئر کھلاڑیوں کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف وہ بلکہ پورا ملک چاہتا ہے کہ دونوں کرکٹرز اگلے ورلڈ کپ میں کھیلیں اور فاتح ٹیم کا حصہ بنیں۔

یہ بھی پڑھئے:باؤنس والی پچوں پر ویبھو کی بلے بازی دیکھنا چاہوں گا: راب والٹر

رِنکو سنگھ نے  کہا  کہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما دونوں لیجنڈ ہیں اور ان کا ایک اور ورلڈ کپ کھیلنا ہندوستان کے لیے خاص موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو نہیں معلوم کہ ۲۰۲۷ ءکا ورلڈ کپ ان دونوں کا آخری عالمی کپ ہو سکتا ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ دونوں اس ٹورنامنٹ میں کھیلیں اور ہندوستان کو ٹرافی جتوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ رِنکو نے اس خواہش کو ہندوستان کے طویل عرصے سے جاری ون ڈے ورلڈ کپ کے انتظار سے بھی جوڑا۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ  ۲۰۱۱ء میں ایم ایس دھونی کی قیادت میں ون ڈے ورلڈ کپ  جیتا تھا۔ ۲۰۲۳ءمیں روہت شرما کی قیادت میں ہندوستان فائنل تک پہنچا تھا، لیکن خطاب حاصل نہیں کرسکا۔ رِنکو کا کہنا ہے کہ اب وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ وراٹ اور روہت کی موجودگی میں ہندوستان عالمی کپ کی ٹرافی اپنے نام کرے۔
وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے ٹیسٹ اور ٹی۲۰ ؍بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی توجہ ون ڈے کرکٹ تک محدود کرلی ہے۔ دونوں کو حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ  بھ من گل  ٹیم کے کپتان اورکے ایل راہل  نائب کپتان ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کا آغاز ۲۷؍ ستمبر۲۰۲۶ ءسے ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:ہورون انڈیا رچ لسٹ ۲۰۲۶ء: گوتم اڈانی اور خاندان دوبارہ سرفہرست

۲۰۲۷ء کے ورلڈ کپ کے لیے دونوں کی شرکت ابھی حتمی طور پر طے نہیں ہوئی ہے۔ سابق ہندوستانی فاسٹ بولر آشیش نہرا  بھی کہہ چکے ہیں کہ اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وراٹ اور روہت ۲۰۲۷؍ ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل ہوں گے یا نہیں۔ دوسری جانب رِنکو سنگھ نے اپنی گفتگو میں دونوں سینئر کھلاڑیوں کے لیے واضح حمایت کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق اگر وراٹ اور روہت ۲۰۲۷ کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کو کامیابی دلانے والی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ملک کے لیے ایک بڑا لمحہ ہوگا۔
 رِنکو سنگھ نے صرف وراٹ اور روہت کے حوالے سے ہی بات نہیں کی بلکہ اپنی کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں بھی خواہش ظاہر کی۔ وہ خود کو صرف محدود اوورز کی کرکٹ تک محدود کھلاڑی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے اور ہندوستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اب تک رِنکو نے ہندوستان کے لیے  ۲ ون ڈے اور ۴۸ ٹی۲۰ بین الاقوامی میچ  کھیلے ہیں اور وہ ۲۰۲۶ ءمیں ہندوستان کی ٹی۲۰ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ رِنکو سنگھ کے بیان نے ایک مرتبہ پھر وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے ۲۰۲۷ ءورلڈ کپ میں ممکنہ کردار کو موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔ تاہم دونوں کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ مستقبل میں ان کی دستیابی، فارم، فٹنس اور سلیکشن سے متعلق فیصلوں پر منحصر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK