شہر کے این این واڈیا اسپتال میں ۵۴؍نشستوں کیلئے ۹۲۴؍ امیدوار، منتخب امیدواروں کی فہرست جلد جاری کی جائیگی۔
EPAPER
Updated: September 13, 2026, 11:45 AM IST | Malegaon
شہر کے این این واڈیا اسپتال میں ۵۴؍نشستوں کیلئے ۹۲۴؍ امیدوار، منتخب امیدواروں کی فہرست جلد جاری کی جائیگی۔
شہری انتظا میہ نے محکمہ صحت عامہ میں نئے ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے زیرااہتمام این این واڈیا اسپتال میں طبّی عملے کی تقرری کو اولیت دی گئی۔ یہ اسپتال مالیگاؤں کا پہلا اسپتال ہے جسے واڈیا فیملی نے بناکر شہری انتظامیہ کے سپرد کردیاتھا۔ اس کی تجدید کاری پوری ہوچکی ہے۔ اسے شروع کرنے کیلئے طبّی عملے کی تقرری کے مراحل طے کئے جارہے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن ہیلتھ ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق ۵۴؍ نشستوں پر این این واڈیا اسپتال میں تقرری کرنی ہے۔ اس کیلئے جاری اشتہار میں خواہشمندوں سے گزارش تھی کہ وہ براہِ راست ملاقات کیلئے آئیں۔ بھرتی کا پروسیجر ڈائریکٹ انٹرویو سے کیا جارہاہے۔ اس میں تحریری یا دوسرے کسی قسم کے انتخابی مراحل نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے: کولکاتا: لاء کالج کی مسلم وائس پرنسپل کے استعفے کے بعد کمرے میں گنگا جل چھڑکاؤ
اس پس منظر میں ۹۲۴؍ امیدواروں نے شہری انتظامیہ محکمہ صحت عامہ اور این این واڈیا اسپتال میں خدمات کیلئے براہِ راست میونسپل اتھاریٹیز سے ملاقات کی۔ امکان ہےکہ جلد ہی منتخب امیدواروں کے ناموں پر مبنی فہرست آویزاں کردی جائے گی۔ واضح رہےکہ این این واڈیا اسپتال کیلئے متذکرہ بھرتی صرف ۶؍ مہینے کیلئے معاہداتی طرز پر ہے۔ اسے کانٹریکٹ یا مان دھن پد ّت بھی کہاجاتا ہے۔ منتخب ملازمین کو ۶؍ مہینے تک ماہانہ اُجرت دی جاتی ہے۔ انہیں مستقل ملازمین کی طرح کوئی سہولت نہیں ہوتی۔