Updated: July 19, 2026, 11:26 AM IST
| Mumbai
کم لوگ جانتے ہیں کہ فلم میں ’نشا‘ کے کردار کے لیے یش چوپڑا کی پہلی پسند کرشمہ کپور نہیں تھیں۔ اس کردار کی پیشکش سب سے پہلے اس دور کی معروف اداکاراؤں جُوہی چاولہ، کاجول، اُرمِلا ماتونڈکر اور منیشا کوئرالہ کو کی گئی تھی، لیکن ان سب نے اس کردار کو ادا کرنے سے انکارکر دیا۔
۱۹۹۷ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ بالی ووڈ کی یادگار ترین رومانوی فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ شاہ رخ خان، مادھوری دکشت اور کرشمہ کپور کی مرکزی اداکاری سے سجی اس فلم نے نہ صرف باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی بلکہ اس کے کئی فنکاروں کے کریئر کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ خاص طور پر کرشمہ کپور کے لیے یہ فلم ایک سنگِ میل ثابت ہوئی۔ کم لوگ جانتے ہیں کہ فلم میں ’نشا‘ کے کردار کے لیے یش چوپڑا کی پہلی پسند کرشمہ کپور نہیں تھیں۔ اس کردار کی پیشکش سب سے پہلے اس دور کی معروف اداکاراؤں جُوہی چاولہ، کاجول، اُرمِلا ماتونڈکر اور منیشا کوئرالہ کو کی گئی تھی، لیکن ان سب نے اس کردار کو ادا کرنے سے انکارکر دیا۔ رپورٹس کے مطابق اس انکار کی سب سے بڑی وجہ فلم میں مادھوری دکشت کے ساتھ سخت ڈانس مقابلہ تھا۔ اس زمانے میں مادھوری دکشت کو بالی ووڈ کی بہترین ڈانسر مانا جاتا تھا، اس لیے کئی اداکاراؤں کو خدشہ تھا کہ پردۂ سیمیں پر وہ مادھوری کے رقص کے سامنے نمایاں نہیں ہو سکیں گی۔ جب متعدد اداکاراؤں کے انکار کے بعد یہ کردار کرشمہ کپور کے پاس پہنچا تو انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اس چیلنج کو قبول کر لیا۔ بعد میں ایک گفتگو کے دوران کرشمہ کپور نے کہا کہ ’نشا‘کا کردار فلمی دنیا میں ہیروئن سے وابستہ روایتی تصورات کو توڑنے والا کردار تھا۔ ان کے مطابق نشا فلم کی اہم ترین خواتین کرداروں میں سے ایک تھی، لیکن وہ روایتی انداز میں ہیرو کی محبوبہ نہیں تھی۔ شاہ رخ خان کا کردار اس سے محبت نہیں کرتا بلکہ اسے مسترد کر دیتا ہے، جس کے باعث نشا کی یکطرفہ محبت کا درد ناظرین نے شدت سےمحسوس کیا۔ کرشمہ کپور نے مادھوری دکشت کے ساتھ فلم کے مشہور ڈانس سیکوئنس ’دی ڈانس آف اینوی‘ میں جس مہارت اور اعتماد کے ساتھ رقص پیش کیا، وہ آج بھی ہندوستانی سینما کی بہترین ڈانس پرفارمنسز میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی شاندار اداکاری اور رقص کو ناقدین اور شائقین دونوں نے بے حد سراہا، جبکہ اسی کردار کے لیے کرشمہ کپور کو بہترین معاون اداکارہ کا قومی فلم ایوارڈ (نیشنل فلم ایوارڈ) بھی ملا، جو ان کے فلمی کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز ثابت ہوا۔ فلم کے گیت غیرمعمولی طور پر مقبول ہوئے۔ ’دل تو پاگل ہے‘، ’بھولی سی صورت‘، ’ارے رے ارے‘ اور دیگر نغمے آج بھی شائقین کو پسندہیں۔