Inquilab Logo

بہن بھائی کے درمیان پیارکی کہانی پربالی ووڈ میں بہت ساری فلمیں بنی ہیں اور باکس آفس پر کامیاب بھی

Updated: September 03, 2023, 12:43 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

راکھی کا تہوار جسے ہم رکشا بندھن کے نام سے بھی جانتے ہیں ، برادران وطن کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ بہن بھائی کے رشتے کی طرح یہ تہوار بھی مقدس ہوتا ہے۔

Raksha Bandhan.Photo. INN
رکشا بندھن ۔ تصویر:آئی این این

راکھی کا تہوار جسے ہم رکشا بندھن کے نام سے بھی جانتے ہیں ، برادران وطن کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ بہن بھائی کے رشتے کی طرح یہ تہوار بھی مقدس ہوتا ہے۔ اس تہوار کے دن ایک بھائی، اپنی بہن کی حفاظت کا عہد کرتا ہے۔ برادران وطن کے نزدیک اس تہوار کی مذہبی حیثیت ہے لیکن یہاں ہندوستان میں اس کی ایک تاریخی حیثیت بھی ہے جس کی یاد آج کی گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ کہانی مغل بادشاہ ہمایوں اور راجپوت راجہ ’رانا سانگا‘کی بیوہ ’رانی کرناو تی‘ کی ہے۔ کرناوتی نے ہمایوں کو راکھی باندھ کر انہیں اپنا بھائی قرار دیا تھا۔ وقت پڑنے پرہمایوں نے گجرات کے سلطانبہادر شاہ کے خلاف جنگ کرکے کرناوتی کی مدد کی اور اس طرح بھائی ہونے کا قرض بھی چکایا۔ ملک کے بیشتر مورخین نے اس واقعے کو اہمیت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ 
رکشا بندھن کے دن برادران وطن کے گھروں میں بہنیں دیا، چاول اور راکھی سے سجی پوجا کی تھالی تیار کرتی ہیں اور اپنے بھائیوں کی کلائی پر راکھی باندھ کر اُن کی صحت مندی کی خواہش کااظہار کرتی ہیں اوراس کیلئے پرارتھنا کرتی ہیں ۔ بہن کی جانب سے محبت کے اس اظہار کے جواب میں بھائی اس کی حفاظت کرنے کا وعدہ کرتا ہے اور تحفے کے طور پر اسے کچھ عنایت کرتا ہے۔
 اس موضوع پر ہندوستانی فلموں نے بھی کام کیا ہے۔ براہ راست نہ سہی، تو بھی فلموں میں بہن بھائی کے درمیان محبت کو دکھایا گیا ہے۔ ۱۹۵۹ء میں ریلیز بلراج ساہنی اور نندہ کی فلم ’چھوٹی بہن‘ ،۱۹۶۷ء میں ریلیز دلیپ کمار اور نروپا کی فلم ’رام اور شیام‘ اور ۱۹۷۱ءمیں منظر عام پر آنے والی دیوآنند اور زینت امان کی فلم ’ہرے راما ہرے کرشنا‘ اپنے اپنے دور میں کافی کامیاب رہیں ۔ ان تینوں ہی فلموں میں بہن بھائی کے رشتے کو بہت ہی خوبصورتی سے دکھایاگیا ہے۔کلاسک فلموں کے علاوہ حالیہ کچھ برسوں میں بھی بالی ووڈ میں کئی ایسی فلمیں آئی ہیں جن میں بہن بھائی کے رشتے کو بہت سلیقے سے دکھایا گیا ہے۔ 
رکشابندھن (۲۰۲۲ء)
 آنند ایل رائے کی ہدات میں بننےوالی اس فلم کا نام ہی ’رکشا بندھن‘ ہے۔اس میں اکشے کمار مرکزی کردار میں ہیں ۔ یہ ایک کامیڈی ڈراما فلم ہے جسے ہمانشو شرما اور کنیکا ڈھلوں نے تحریر کیا ہے۔اس فلم میں اکشے کمار ۴؍ بہنوں کے بڑے بھائی ہوتے ہیں ۔اس فلم میں سعدیہ خطیب، دپیکا کھنہ، اسمرتی شریکانت اور شاہ جمین کور نے ان کی بہن کا کردار ادا کیا ہے جبکہ بھومی پیڈنیکر ان کے مقابل مرکزی کردار میں ہیں ۔ فلم باکس آفس پر بہت زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی لیکن بھائی بہن کے رشتے کے حوالے سے ضرور یاد کی جاتی ہے۔
جوش (۲۰۰۰ء)
 منصور خان کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں شاہ رخ مرکزی کردارمیں ہیں جبکہ ایشوریہ رائے نے ان کی بہن کا کردار نبھایا ہے۔ ۹؍ جون ۲۰۰۰ء کو ریلیز ہونےوالی یہ فلم منصورخان اورنیرج وورا کے زور قلم کا نتیجہ ہے۔ اس فلم میں گوا میں رہنےوالے ۲؍ گینگ کی کہانی پیش کی گئی ہے جن کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے ہیں ۔ فلم میں ’گینگ وار‘کےدرمیان بہن کی حفاظت کو بہت خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے کے علاوہ چندر چوڑ سنگھ،شرد کپور، پریہ گل، آستھا گل اورسوشانت سنگھ بھی اہم کردار میں ہیں ۔ ۱۶؍ کروڑ کے بجٹ والی اس فلم نے باکس آفس پر ۳۵؍کروڑ سے زائد کا کاروبار کیا تھا۔ 
ہم ساتھ ساتھ ہیں (۱۹۹۹ء)
 سورج بڑجاتیہ کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم ۵؍ نومبر ۱۹۹۹ء کو ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں تین بھائیوں سلمان خان، سیف علی خان اور موہنیش بہل کی ایک لاڈلی بہن نیلم کی کہانی پیش کی گئی ہے۔ اس میں کرشمہ کپور، سونالی بیندرے اور تبو بھی مرکزی کردار میں ہیں ۔ یہ ایک خوشحال اور مشترکہ خاندان کی کہانی ہے جس میں رہنے والے تمام لوگ خاندان کی اہمیت کو محسوس کرتے ہیں اورروایت کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں ۔اس میں بہن بھائی کی محبت کو خاندانی ماحول کی خوبصورتی میں ایک نئے انداز میں دکھایا گیا ہے اور یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ جب بہن مشکل میں آتی ہے تو اس کے بھائی کس طرح مشکلات کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں اوربہن کو ان مشکلات سے بچاتے ہیں ۔ ملٹی اسٹار کاسٹ والی یہ فلم باکس آفس پر کافی کامیاب رہی تھی۔ ۱۹؍ کروڑ کی بجٹ والی اس فلم نے ۸۲؍ کروڑ روپوں کے آس پاس کاروبار کیا تھا۔
جب پیار کیا تو ڈرنا کیا (۱۹۹۸ء)
 سہیل خان کی ہدایت میں بننے والی یہ فلم پردۂ سیمیں پر ۲۷؍ مارچ ۱۹۹۸ء کو ریلیز ہوتی ہے۔ اس کی کہانی بھی خود سہیل خان نے تحریر کی ہے جبکہ مکالمے سنجیو دُگل کے ہیں ۔سلمان خان اور کاجول کی محبت پر بننے والی اس فلم میں ارباز خان نے کاجول کے بھائی کا کردار ادا کیا ہے جو ہر قدم پر اپنی بہن کی حفاظت کی فکر کرتے ہیں ۔ ان کے علاوہ اس فلم میں دھرمیندر، کرن کمار، انجلا زویری، کنیکا اور آستھا گل کے بھی اہم کردار ہیں ۔ باکس آفس پر اس فلم نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔۷ء۷۵؍ کروڑ میں بننےوالی اس فلم نے ۳۳؍ کروڑ سے زیادہ کا کاروبار کیا تھا۔ ۴۴؍ویں فلم فیئر ایوارڈ میں اس فلم کو (بہترین فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکار،بہترین معاون اداکار، بہترین موسیقار، بہترین گلوکار اور آرڈی برمن ایوارڈ برائے نیو میوزک ٹیلنٹ کی صورت میں ) ۷؍ زمرے میں نامزد کیا گیا تھا البتہ ایوارڈ (کمال خان کی صورت میں نیو میوزک ٹیلنٹ کی صورت میں ) صرف ایک ہی ملا۔
بندھن (۱۹۹۸ء)
  کے مرلی موہن راؤ کی ہدایت میں انور خان کی کہانی پر بننے والی فلم بندھن ۲؍ اکتوبر ۱۹۹۸ء کو ریلیز ہوئی تھی۔بالی ووڈ کے بھائی جان یعنی سلمان خان، جیکی شراف اور رمبھا نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ بھائی بہن کے رشتوں پر مبنی ایک خوبصورت فلم ہے۔ فلم میں سلمان، اشونی بھاوے اور جیکی، رمبھا نے بھائی بہن کا کردار ادا کیا ہے۔ سلمان نے ایک ایسے بھائی کاکردار ادا کیا ہے جو اپنی بہن اور بہنوئی کی ہر بات مانتا ہے۔ یہ فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔
اس کے علاوہ بھی کئی ایسی فلمیں ہیں جن میں بہن بھائی کے رشتوں کو پیش کیاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK