• Sat, 11 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی مسلم گروپ نے وینزویلا کی اسرائیل حامی لیڈر کو امن کا نوبیل انعام دینے پر شدید تنقید کی

Updated: October 11, 2025, 7:03 PM IST | Washington

سی اے آئی آر نے کہا کہ ”مشاڈو کو امن کا نوبیل انعام دینا نوبیل کی اخلاقی ساکھ کو کمزور کرتا ہے۔ ایک مسلم مخالف متعصب کو مارٹن لوتھر کنگ جونیئر جیسی شخصیات کے ساتھ نہیں رکھا جا سکتا۔“

María Corina Machado. Photo: X
ماریہ کورینا مشاڈو۔ تصویر: ایکس

امریکی مسلمانوں کی تنظیم، کونسل آن امریکن-اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) نے وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریہ کورینا مشاڈو کو ۲۰۲۵ء کا امن کا نوبیل انعام دینے کے فیصلے پر شدید تنقید کی۔ تنظیم نے نوبیل کمیٹی کے فیصلے ”ضمیر کے خلاف“ قرار دیا اور مشاڈو پر مسلم مخالف اور انتہائی دائیں بازو کی سیاست کی حمایت کرنے کا الزام لگایا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں سی اے آئی آر نے کہا کہ مشاڈو ”اسرائیل کی حکمراں پارٹی لیکود کی پُرجوش حامی ہیں۔“ تنظیم نے مزید کہا کہ حال ہی میں مشاڈو نے ایک یورپی کانفرنس سے خطاب کیا تھا جس میں گیرٹ ولڈرز اور میرین لے پین جیسے انتہائی دائیں بازو کے لیڈران شریک تھے اور مقررین نے ”نئی ریکونکیستا“ (Reconquista) کا مطالبہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ اصطلاح تاریخی طور پر ۱۵ ویں صدی میں اسپین سے مسلمانوں اور یہودیوں کو نکالنے سے منسلک ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’اوبامہ کو کچھ نہ کرنے پر بھی نوبل، میں نے ۸؍ جنگیں رُکوائیں، اُن کا کیا ؟‘‘

امریکی تنظیم نے کہا کہ امن کا نوبیل انعام، ان لوگوں کو دیا جانا چاہئے جو تمام لوگوں کیلئے انصاف کو یقینی بنانے کیلئے کھڑے ہوتے ہیں، نہ کہ ان سیاست دانوں کو جو بیرون ملک فاشزم اور نسل پرستی کی حمایت کرتے ہیں۔“ سی اے آئی آر نے نوبیل کمیٹی پر زور دیا کہ وہ ”اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔“ تنظیم نے مشاڈو سے اپیل کی کہ وہ ”لیکود پارٹی اور یورپ میں مسلم مخالف فاشزم کی حمایت کرنا بند کریں۔“

سی اے آئی آر نے مزید کہا کہ ”مشاڈو کو امن کا نوبیل انعام دینا، نوبیل کی اخلاقی ساکھ کو کمزور کرتا ہے۔ ایک مسلم مخالف متعصب کو مارٹن لوتھر کنگ جونیئر جیسی شخصیات کے ساتھ نہیں رکھا جا سکتا۔“ تنظیم نے ”غزہ میں جاری نسل کشی کو بے نقاب کرنے اور اس کی مخالفت کرنے کیلئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے طلبہ، صحافیوں اور طبی کارکنوں“ کو تسلیم کرنے کی تجویز دی۔

یہ بھی پڑھئے: فرانس: میکرون نے سیاسی بحران کے بعد سیبسٹین لیکورنو کو دوبارہ وزیراعظم مقرر کیا

واضح رہے کہ ناروے کی نوبیل کمیٹی نے ۵۸ سالہ مشاڈو کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف ان کی جدوجہد کیلئے امن کے نوبیل انعام سے سرفراز کیا۔ تاہم، غزہ میں اسرائیل کی جنگی کارروائیوں کی حمایت اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سخت پالیسیوں کی تعریف کے سلسلے میں ان کے متنازع بیانات کی وجہ سے نوبیل کمیٹی کے فیصلے پر تنقید کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK