Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم ’’مائیکل‘‘ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بایوپک، ایک بلین ڈالر کی طرف سفر جاری

Updated: June 15, 2026, 8:07 PM IST | Los Angeles

مائیکل جیکسن کی زندگی پر بننے والی بایوپک ’’مائیکل‘‘ نے عالمی باکس آفس پر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ’’بوہیمین ریپسوڈی‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ۹۱۱؍ملین ڈالر سے زائد کمائی کے ساتھ یہ اب دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی میوزک بایوپک بن گئی ہے اور ’’اوپن ہائیمر‘‘ کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔

A scene from the movie `Michael`. Photo: INN
فلم ’مائیکل‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی میوزک بایوپک فلم کا اعزاز اب ایک نئی فلم کے نام ہوگیا ہے۔ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی سرکاری سوانحی فلم ’’مائیکل‘‘ نے عالمی باکس آفس پر ’’بوہیمین ریپسوڈی‘‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی میوزک بایوپک کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ 
’’مائیکل‘‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی
ہدایت کار انٹون فوکواکی اس فلم نے۲۴؍ اپریل کو سنیماگھروں میں نمائش کے آغاز کے بعد سے دنیا بھر میں ۹۱۱؍ملین ڈالر سے زائد کا کاروبار کر لیا ہے۔ جمعہ کے روز فلم نے ’’بوہیمین ریپسوڈی‘‘( Bohemian Rhapsody) کی مجموعی عالمی کمائی۹۱۰ء۹؍ ملین ڈالر کو پیچھے چھوڑ کر اس صنف میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ریکارڈ ساز فلموں کے پروڈیوسر گراہم کنگہیں۔ جہاں ’’ بوہیمین ریپسوڈی ‘‘میں فریڈی مرکری اور بینڈ کوئین کے عروج کی داستان بیان کی گئی تھی، وہیں مائیکل میں مائیکل جیکسن کی ابتدائی زندگی سے لے کر موسیقی کی دنیا کے سب سے بااثر فنکار بننے تک کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: موسیقار پرتیم کی انسٹا پوسٹ سے مداحوں کو تشویش، ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں

’’بوہیمین ریپسوڈی‘‘ کو پیچھے چھوڑنے سے قبل یہ فلم ’’ایلوس‘‘(Elvis )کو بھی باکس آفس پر مات دے چکی تھی۔ متعدد بین الاقوامی مارکیٹوں میں فلم کی مضبوط کارکردگی برقرار ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ اپنی نمائش کے اختتام سے قبل یہ فلم ایک ارب ڈالر کی تاریخی حد عبور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ 
’’مائیکل‘‘ اب سب سے بڑی بایوپک بننے کی دوڑ میں 
میوزک بایوپک کی تاریخ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بننے کے بعد مائیکل اب ایک اور بڑے اعزاز کی جانب بڑھ رہی ہے اور وہ ہے’ سنیما کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی سوانحی فلم بننے کا اعزاز۔ ‘ یہ ریکارڈ فی الحال’’اوپن ہائیمر‘‘(Oppenheimer ) کے پاس ہے، جس کی ہدایت کاریکرسٹوفر نولان نے کی تھی۔ آسکر ایوارڈ یافتہ اس فلم میں ایٹم بم کے بانی سمجھے جانے والے سائنسداں جے رابرٹ اوپن ہائیمرکی زندگی کو موضوع بنایا گیا تھا۔ فلم میں سیلین مرفی کی شاندار اداکاری کو ناقدین کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اور یہ فلم عالمی سطح پر ایک غیر معمولی کامیابی ثابت ہوئی۔ اپنی نمائش کے اختتام پر اس نے تقریباً۹۷۵؍ ملین ڈالر کی عالمی کمائی حاصل کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: سائی مانجریکر اور راگھو جوئل فلم ’’اِکائی‘‘ میں نظر آئیں گے

چونکہ مائیکل کی عالمی کمائی پہلے ہی۹۱۱؍ ملین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، اس لئے دونوں فلموں کے درمیان فرق اب کافی کم رہ گیا ہے۔ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی اس فلم کو اوپن ہائیمر کا ریکارڈ توڑنے اور تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بایوپک بننے کیلئے اب صرف۶۵؍ ملین ڈالر سے بھی کم مزید کمانے کی ضرورت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK