ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) نے تھانے، بھیونڈی اور کلیان کو جوڑنے والی میٹرو لائن ۵ ؍کے توسیعی مراحل اور میٹرو لائن ۵ ؍اے کی تعمیر کیلئے مجموعی طور پر ۴ ؍ہزار ۵۴۶ ؍کروڑ روپے کی لاگت کا باضابطہ ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
کلیان تاتھانے میٹرو ریل سے متعلق شیوسینا (شندے) کی پریس کانفرنس میں شرکاء۔ تصویر: آئی این این
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) نے تھانے، بھیونڈی اور کلیان کو جوڑنے والی میٹرو لائن ۵ ؍کے توسیعی مراحل اور میٹرو لائن ۵ ؍اے کی تعمیر کیلئے مجموعی طور پر ۴ ؍ہزار ۵۴۶ ؍کروڑ روپے کی لاگت کا باضابطہ ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ دیوالی کے موقع پر سامنے آنے والے اس اہم فیصلے کو کلیان، بھیونڈی، الہاس نگر اور امبرناتھ کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی بلکہ سڑکوں پر بڑھتے ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔ تاہم اس منصوبے کی پیش رفت کے ساتھ ہی ایک اہم سوال بھی شہری حلقوں میں زیر بحث ہے۔ واضح رہے کہ ۲۰۱۸ ءمیں وزیر اعظم نریندر مودی نے اس میٹرو پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا تھالیکن افسوس کہ زمینی سطح پر تعمیراتی کام شروع ہونے میں تقریباً ۸؍ برس کا طویل عرصہ گزر گیا۔ اب جبکہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے، شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر اس اہم عوامی منصوبے کو عملی شکل دینے میں ۸؍ سال کیوں لگے ؟ اگر بروقت اقدامات کئے جاتے تو خطے کے لاکھوں شہری کب سے اس جدید سفری سہولت سے مستفید ہو رہے ہوتے۔
بدھ کو شیوسینا شہر پرمکھ روی پاٹل نے پریس کانفرنس منعقدکرکے بتایا کہ میٹرو ۵ ؍اور میٹرو ۵؍ اے کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے اس پروجیکٹ کو رفتار ملی ہے۔
عیاں رہے کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت تھانے کے کاپرباوڑی سے بھیونڈی کےدھامنکر ناکہ تک تعمیراتی کام پہلے ہی جاری ہے۔اگلے مرحلے میں یہ لائن دھامنکر ناکہ سے راجنولی اور پھر راجنولی سے بھوئیرواڑی تک لے جائی جائے گی۔ بھیونڈی کے گنجان آباد اور تنگ راستوں کے پیش نظر دھامنکر ناکہ سے ٹیمگھر تک کا حصہ مکمل طور پر زیر زمین ہوگا جبکہ بقیہ تمام حصہ اوپری یعنی ایلیویٹڈ روٹ پر مشتمل ہوگا۔ دریں اثناء میٹرو ۵ ؍اے کے تحت بھوئیرواڑی سے کلیان اسٹیشن اور دوسری جانب بھوئیرواڑی سے الہاس نگر-امبرناتھ تک توسیع کی جائے گی جس سے تھانے سے سفر کا آغاز کرنے والے مسافر بلا تعطل کلیان اور الہاس نگر تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔نئے توسیعی منصوبے میں جدید ترین ٹریفک انجینئرنگ کا نمونہ پیش کیا جائے گا۔ راجنولی جنکشن سے درگاڑی چوک کے حصے میں میٹرو لائن اور فلائی اوور کو ملا کر ایک مربوط ڈبل ڈیکر کوریڈور تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں راجنولی سے آنے والی ڈبل ڈیکر لائن کونگاؤں تک جائے گی جہاں سے ایک کڑی کلیان اے پی ایم سی کی سمت مڑے گی اور مرکزی لائن بھوئیرواڑی اور الہاس نگر کے داخلی راستے تک آگے بڑھے گی۔ اس کے بعد جگدیش دودھ ڈپو سے الہاس نگر تک دوبارہ ایک ڈبل ڈیکر روٹ بنایا جائے گا تاکہ زمین کی قلت اور مستقبل کے بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ دونوں سے بیک وقت نمٹا جا سکے۔