• Thu, 05 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشرف اعظمی نے میٹنگ میں دِیا مرزا کے ویڈیو کا ذکر کیا تو بی جے پی لیڈران بھڑک گئے، لفظی جھڑپ

Updated: November 05, 2026, 12:01 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بدھ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں فضائی آلودگی کم کرنے کی ایک تجویز منظوری کیلئے پیش کی گئی تھی جس پر تبادلۂ خیال کے دوران اپوزیشن لیڈر اشرف اعظمی نے اداکارہ دیا مرزا کی آلودگی سے پاک دیوالی منانے کی درخواست والی ویڈیو کا ذکر کردیا جس پر برسراقتدار کے چند لیڈران اور کانگریس لیڈر میں سخت بحث چھڑ گئی البتہ اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود اس تجویز کو منظوری دے دی گئی۔ 

Ashraf Azmi. Photo: INN
اشرف اعظمی۔ تصویر: آئی این این

بدھ کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ میں فضائی آلودگی کم کرنے کی ایک تجویز منظوری کیلئے پیش کی گئی تھی جس پر تبادلۂ خیال کے دوران اپوزیشن لیڈر اشرف اعظمی نے اداکارہ دیا مرزا کی آلودگی سے پاک دیوالی منانے کی درخواست والی ویڈیو کا ذکر کردیا جس پر برسراقتدار کے چند لیڈران اور کانگریس لیڈر میں سخت بحث چھڑ گئی البتہ اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود اس تجویز کو منظوری دے دی گئی۔ 

دیا مرزا کا ذکر کرنے سے قبل اس ٹینڈر کے تعلق سے اشرف اعظمی نے کہا کہ یہ ادھورا ٹینڈر ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ بی ایم سی آلودگی کم کرنے کے تعلق سے کتنی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ  ہائی کورٹ نے ۹؍ جنوری ۲۰۲۵ء کو ممبئی کی فضائی آلودگی بہت زیادہ بڑھ جانے کی وجہ سے تعمیراتی کاموں پر عبوری روک لگا دی تھی۔ عدالت کے حکم کے ۲۲؍  مہینوں بعد بی ایم سی نے ٹینڈر نکالا ہے کہ آلودگی قابو کرنے کیلئے تعمیراتی پروجیکٹوں کا کسی نجی کمپنی کے ذریعہ آڈٹ کرایا جائے۔تاہم ان کے مطابق تاخیر سے نکالے گئے اس ٹینڈر میں بھی مہابال اِنوائرو کمپنی کو روزانہ محض ۱۲؍ تعمیراتی پروجیکٹوں کا معائنہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جبکہ شہر و مضافات میں کُل ۳؍ ہزار تعمیراتی پروجیکٹ جاری ہیں اور اگر بارش کے ۴؍ مہینے نکال دیئے جائیں تو سال میں محض ۲۵۰؍ دن بچ جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: اداکارعمران خان کے بعد اداکارہ زین خان کی شہریت پر سوال، پولیس تفصیلات طلب کیں

اس طرح اگر یومیہ ۱۲؍ سائٹس کا جائزہ لیا جائے گا تو آخری ۲۵۰؍ سائٹس کی جانچ کا نمبر ۲۵۰؍ دن بعد آئے گا۔ اس طرح یہ سائٹس پورے ایک سال تک بغیر کسی جانچ کے جاری رہیں گی اور اگر ان سے آلودگی پھیل رہی ہے تو اس کا کوئی حل نہیں نکلے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کئی سائٹس پر آلودگی کی سطح بتانے والا ’ڈیش بورڈ‘ صحیح مقدار اور اعداد و شمار نہیں بتاتا لیکن ٹینڈر میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اگر بورڈ خراب نکلا تو بلڈر پر کیا کارروائی ہوگی؟ اگر کارروائی کا خوف نہیں  ہوگا تو کوئی بھی بی ایم سی کی بات کیوں مانے گا؟ تیسری بات یہ کہ یہ ٹینڈر ۷۵۰؍ دنوں، یعنی تقریباً ۲؍ برسوں کا ہے تو جس سست روی سے کام کی ذمہ داری دی گئی ہے اس سے ممبئی کی فضائی آلودگی کیسے کم ہوگی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے ادھورے ٹینڈر بنانے والے افسران پر کارروائی کی جائے۔ تاہم دیا مرزا کے عنوان پر شدید بحث و مباحثے کے بعد متذکرہ ٹینڈر کو منظوری دے دی گئی۔

میٹنگ میں کیا ہوا؟

فضائی آلودگی پر بات کرتے ہوئے اشرف اعظمی نے اداکارہ دیا مرزا کے ذریعہ آلودگی سے پاک دیوالی منانے کے پیغام کو بی ایم سی کے سوشل میڈیا اکائونٹ سے ہٹائے جانے کا ذکر کردیا جس پر پرکاش دریکر، مکرند نارویکر اور شیوکمار جھا ان پر برس پڑے کہ دیا مرزا کا موضوع اسٹینڈنگ کمیٹی کے ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے اسلئے اس پر کوئی بات نہ کی جائے۔ کافی دیر تک ان میں بحث جاری رہی اور سب کے ایک ساتھ بولنے کی وجہ سے اکثر و بیشتر باتیں سمجھنا دشوار تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK