ملیالم اداکار موہن لال نے اپنے دیرینہ دوست مموٹی کی صحت کیلئے سبری مالا مندر میں دعائے صحت کی۔ مداحوں نے اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قرار دیا۔
EPAPER
Updated: March 26, 2025, 8:43 PM IST | Mumabi
ملیالم اداکار موہن لال نے اپنے دیرینہ دوست مموٹی کی صحت کیلئے سبری مالا مندر میں دعائے صحت کی۔ مداحوں نے اسے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قرار دیا۔
ملیالم سپر اسٹار موہن لال نے اپنے اداکار دوست مموٹی کی صحت کیلئے سبری مالا مندر میں ’’اوشا پوجا‘‘ کی۔ خیال رہے کہ موہن لال اپنی فلم ’’ایل ۲: ایمپوران‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو ۲۷؍ مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم کی ریلیز سے قبل ۱۸؍ مارچ کو وہ سبری مالا مندر میں پوجا کیلئے گئے تھے۔ موہن لال کے دورے کے بعد، مموٹی کے پیدائشی نام، محمد کٹی، اور ان کے پیدائشی ستارے’’وشخم‘‘ کے ساتھ پوجا کی رسید سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں اشارہ ہے کہ موہن لال نے مموٹی کی صحت کیلئے اوشا پوجا کی ہے۔ اس کے بعد افواہوں کا بازار گرم ہوا کہ مموٹی کینسر میں مبتلا ہیں۔ تاہم، ان کی ٹیم نے خبروں کی تردید کی۔ جب موہن لال سے پوجا کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’دعا کرنے میں کیا حرج ہے۔ مموٹی میرے بھائی کی طرح ہیں۔ وہ بیمار ہیں، اس لئے مَیں نے ان کیلئے دعا کی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: سالگرہ مبارک: نندہ نے اپنی اداکاری سے کئی فلموں کو سپر ہٹ بنایا تھا
انٹرنیٹ صارفین نے موہن لال کے اس عمل کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قرار دیا، وہیں کچھ لوگوں نے اعتراض بھی کیا کہ مموٹی مسلمان ہیں اس لئے ان کیلئے صرف اللہ ہی سے دعا مانگنی چاہئے۔ فلم کی تشہیر کی تقریب میں موہن لال نے مزید کہا کہ ’’ ہم ۴۵؍ سال سے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں اور ۵۵؍ سے زیادہ فلمیں کر چکے ہیں۔ وہ میرے لئے ایک بھائی کی طرح ہیں۔ ہمارے خاندان ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ مَیں سبری مالا میں تھا، اس لئے مَیں نے مموٹی کیلئے دعا کی۔