نم آنکھوں سے کہا کہ طلبہ پر حملہ کرنے والے ’’غنڈوں سے بھی بدتر‘‘ ہیں۔
EPAPER
Updated: July 23, 2026, 2:54 PM IST | Mumbai
نم آنکھوں سے کہا کہ طلبہ پر حملہ کرنے والے ’’غنڈوں سے بھی بدتر‘‘ ہیں۔
ممبئی (ایجنسی):نیٹ پیپر لیک معاملے میں شروع ہونے والے طلبہ کے احتجاج اور پھر ان کے خلاف کارروائی سے پورے ملک میںغم و غصہ ہے۔ شبانہ اعظمی سے لے کر کنیکا سدانند اور پرکاش راج تک جہاں جنتر منتر پہنچے تھے، وہیں مایہ ناز اداکار نصیرالدین شاہ نے طلبہ کے خلاف حکومت کے جارحانہ رویے پر شدید تنقید کی۔طلبہ کیساتھ مارپیٹ اور لاٹھی چارج پر نصیرالدین شاہ نہ صرف غصے سے پھٹ پڑے بلکہ اپنی بات رکھتے ہوئے آبدیدہ بھی ہو گئے۔ ۷۶؍سالہ اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نم آنکھوں کے ساتھ ایک ویڈیو شیئرکیا۔ انہوں نے طلبہ پر حملہ کرنے والوں کو ’غنڈوں سے بھی بدتر‘ قرار دیا۔ ویڈیو میں نصیرالدین کہتے نظر آ رہے ہیں ’’نمسکار، آداب۔ میں آپ سب سے دو باتیں عرض کرنا چاہتا ہوں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ اگر ایک جاہل اس ملک کی رہنمائی کرے گا، تو اس کا دل یہی چاہے گا کہ پورا ملک بھی اسی کی طرح جاہل، ناسمجھ، نااہل اور بے رحم بن جائے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’اداکاری کے دو الگ الگ کورس (نیشنل اسکول آف ڈراما اور پونے فلم انسٹی ٹیوٹ) مکمل کرنے کے باوجود میں نے اداکاری کے بارے میں سب سے زیادہ جو کچھ سیکھا، وہ ان بچوں سے سیکھا جنہیں سکھانے کی میں نے کوشش کی ہے۔ میری پوری ہمدردی ان کے ساتھ ہے۔ میں ہر سانس کے ساتھ انہیں ہزاروں دعائیں دیتا ہوں اور ہر ٹیچرس ڈے پر انہیں سلام کرتا ہوں۔ انہی کی وجہ سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ یہ میرے اور ہم سب کے استاد ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ان کی بہادری مجھے عاجز کرتی ہے: طلبہ احتجاج کو عالیہ بھٹ کی حمایت
نصیرالدین شاہ آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں ’’اس وقت میرا دل بھی بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول بھی رہا ہوں، یہ دیکھ کر کہ ہمارے بچوں کے ساتھ ان غنڈوں کے ہاتھوں کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، جو مجھے امریکہ کے ایجنٹوں کی یاد دلاتے ہیں، چہروں پر نقاب پہنے ہوئے، ہاتھوں میں ڈنڈے لئے ہوئے۔‘‘
ان غنڈوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’کبھی اپنے بچوں کے بارے میں بھی سوچا کرو اور یہ بھی سوچو کہ تمہارا انجام بھی ایک دن ضرور تمہارے سامنے آئے گا۔‘‘ پھر وہ مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہیں ’’ان تمام بچوں سے میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہمت نہ ہاریں۔ بہت سے لوگوں کی ہمدردی آپ کے ساتھ ہے۔ بہت سے لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ لڑتے رہیں۔ مجھے ہمارے ملک کی نوجوان نسل سے امید رہی ہے اور اب وہ امید مزید روشن ہو گئی ہے۔ آپ لوگ اپنی لڑائی لڑتے رہیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘