اسرائیلی فوجی اہلکاروں اور انٹیلی جنس افسران کی گواہیوں پر مبنی دستاویزی فلم اٹلی میں تاریخ کی تیسری سب سے زیادہ دیکھی جانے والی دستاویزی فلم بن گئی، دسمبر کے اوائل میں دی گارجین پر مفت عالمی ریلیز ہوگی۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 10:04 PM IST | London
اسرائیلی فوجی اہلکاروں اور انٹیلی جنس افسران کی گواہیوں پر مبنی دستاویزی فلم اٹلی میں تاریخ کی تیسری سب سے زیادہ دیکھی جانے والی دستاویزی فلم بن گئی، دسمبر کے اوائل میں دی گارجین پر مفت عالمی ریلیز ہوگی۔
غزہ میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں اور انہیں نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہونے والے اسرائیلی فوجی نظاموں پر مبنی دستاویزی فلم ’نازا‘ (NAZA) نے عالمی سنیما گھروں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ دی گارجین کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ۶؍ نومبر ۲۰۲۶ء تک ۴۷؍ ممالک میں اس فلم کے ۱۵؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۳۳؍ ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے۔ اس کامیابی کے ساتھ یہ رواں سال سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی دستاویزی فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ فلم کو دسمبر کے اوائل میں دی گارجین کی ویب سائٹ پر دنیا بھر کے ناظرین کے لیے مفت دستیاب کرانے کا منصوبہ ہے۔ اس فلم کی ہدایت کاری اسرائیلی فلم ساز یوفال ابراہام اور راحیل سور نے کی ہے، جبکہ اسے دی گارجین نے جیمز ولسن کی پروڈکشن کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔ دونوں ہدایت کار اس سے قبل فلسطینی اور اسرائیلی فلم سازوں کے اشتراک سے بننے والی آسکر ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم ’نو ادر لینڈ‘ کے شریک ہدایت کار بھی رہ چکے ہیں۔ ’نازا‘ کی کہانی اسرائیلی فوج کے ۲۴؍ انٹیلی جنس افسران، فوجیوں اور ایسے افراد کی گواہیوں پر مبنی ہے جو فوجی نگرانی اور اہداف کے انتخاب کے نظام سے واقف رہے ہیں۔ ان افراد کے چہرے اور آوازیں ڈجیٹل طریقے سے تبدیل کی گئی ہیں تاکہ ان کی شناخت محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھئے: امیتابھ بچن کو اداکاری کے ساتھ موسیقی کا بھی شوق ہے
تقریباً ۸۰؍ منٹ دورانیے کی اس فلم میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نگرانی، ان کی شناخت اور فضائی حملوں کے لیے اہداف منتخب کرنے میں مصنوعی ذہانت اور خودکار نظام کس طرح استعمال کیے گئے۔ فلم میں شامل گواہوں کے مطابق بعض کارروائیوں میں ایسے اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا جن کے قریب شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی کا علم تھا۔ فلم میں ان نظاموں کے پس پردہ طریقۂ کار اور ان کے انسانی نتائج کو تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔ اس کا نام ’نازا‘ بھی اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کی ایک اصطلاح سے لیا گیا ہے، جسے فضائی حملے میں متوقع شہری ہلاکتوں کی تعداد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ فلم کی بنیاد ۲۰۲۳ء سے ۲۰۲۵ء کے درمیان دی گارجین، اسرائیلی فلسطینی اشاعتی ادارے ’+972 میگزین‘ اور عبرانی زبان کے اخبار ’لوکل کال‘ میں شائع ہونے والی تحقیقاتی رپورٹیں ہیں۔ ان رپورٹوں میں غزہ میں مصنوعی ذہانت پر مبنی اہداف کے انتخاب، فوجی نگرانی اور شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق نظاموں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ فلم سازوں نے ان تحقیقات کو ان افراد کی براہِ راست گواہیوں کے ساتھ جوڑا ہے جو ان نظاموں کے اندرونی طریقۂ کار سے واقف تھے۔
’نازا‘ کا عالمی پریمیر ۱۰؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو وینس فلم فیسٹیول میں ہوا، جہاں اسے خصوصی جیوری ایوارڈ دیا گیا۔ فلم کے اختتام پر ناظرین نے تقریباً ۲۴؍ منٹ تک کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں، جو فیسٹیول کی تاریخ کے طویل ترین استقبالیوں میں شمار ہوا۔ بعد ازاں اسے سان سیباسٹین فلم فیسٹیول میں ناظرین کا ایوارڈ، ہاٹ اسپرنگز ڈاکیومنٹری فلم فیسٹیول میں ناقدین کا انعام اور نیویارک میں کریٹکس چوائس ایوارڈز کے تحت بہترین سیاسی دستاویزی فلم کا اعزاز بھی ملا۔ اٹلی میں اس فلم نے خاص طور پر ریکارڈ توجہ حاصل کی ہے۔ ۲۹؍ ستمبر کو وہاں نمائش شروع ہونے کے بعد ۶؍ نومبر تک ۷؍ لاکھ ۱۷؍ ہزار ۵۱۷؍ ٹکٹ فروخت ہوئے۔ اس کے ساتھ یہ اطالوی سنیما کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی دستاویزی فلموں میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔ اس سے آگے صرف مائیکل مور کی ’فارن ہائیٹ 9/11‘ اور ’دی مارچ آف دی پینگوئنز‘ ہیں۔ فلم کی نمائش اٹلی کے ۳۷۹؍ سنیما گھروں میں جاری تھی۔ فرانس میں صرف ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران ۸۲؍ ہزار سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے اور تقریباً ۵۰۰؍ شوز کے ساتھ فلم نے دونوں دن باکس آفس پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی اس کے ناظرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، جبکہ جرمنی میں ۸۳؍ ہزار سے زیادہ افراد نے اسے دیکھا۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کے محل نما گھر ’منت‘ میں کرائیوتھراپی کی سہولت اور ذاتی سنیما ہال بھی موجود
فلم کی کامیابی کے ساتھ اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس کے ہدایت کاروں اور شرکاء پر دباؤ کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر ثقافت میکی زوہر نے دونوں ہدایت کاروں کی شہریت ختم کرنے کی دھمکی دی تھی، جبکہ وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے فلم میں انٹرویو دینے والے فوجیوں اور افسران کی شناخت معلوم کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ نیتن یاہو نے فلم کو اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی قرار دیا۔ اس کے برعکس ہدایت کاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ملک کے شہری ہونے کی حیثیت سے ان فوجی نظاموں کی تحقیقات اور ان کے انسانی نتائج کو سامنے لانا ضروری سمجھا۔ دی گارجین کے مطابق فلم نے دنیا بھر میں اب تک تقریباً ایک کروڑ ۳۵؍ لاکھ ڈالر کی بین الاقوامی باکس آفس آمدنی بھی حاصل کی ہے۔ دسمبر کے اوائل میں اس کی مفت آن لائن ریلیز کے بعد وہ ناظرین بھی اسے دیکھ سکیں گے جن کے علاقوں میں فلم سنیما گھروں میں نہیں پہنچی۔ اس طرح ’نازا‘ کی رسائی سنیما گھروں سے نکل کر عالمی ڈجیٹل ناظرین تک پھیلنے والی ہے۔