Inquilab Logo

نیتو سنگھ نے اپنے اسٹائل اور با اثر اداکاری سے فلم بینوں کو دیوانہ بنایا

Updated: July 09, 2022, 12:29 PM IST | Agency | New Delhi

بالی ووڈ میں نیتو سنگھ کا شمار ایسی اداکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے۷۰ء او ر۸۰ءکی دہائی میں اپنے کول اسٹائل اور بااثر اداکاری سے فلم بینوں کواپنا دیوانہ بنایا۔

Neetu Singh.Picture:INN
نیتو سنگھ۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں نیتو سنگھ کا شمار ایسی اداکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے جنہوں نے۷۰ء او ر۸۰ءکی دہائی میں اپنے کول اسٹائل اور بااثر اداکاری سے فلم بینوں کواپنا دیوانہ بنایا۔۸ ؍ جولائی۱۹۵۸ء کو پیدا ہونے والی نیتو سنگھ کو رقص میں کافی دلچسپی تھی۔ ان کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ان کی ماں راجی سنگھ نے انہیں مشہور اداکارہ وجینتی مالا کےڈانس اسکول میں ڈانس سیکھنے کی اجازت دے دی۔ رقص سیکھنے کے دوران وجینتی مالا ان کے رقص کے انداز سے بہت متاثر ہوئیں اور انہوں نے نیتو کو اپنی فلم ’سورج‘ میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔ ۶۰ء کی دہائی میں نیتو سنگھ نے کئی فلموں میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیاجن میں دس لاکھ، دو دونی چار، وارث ، گھر گھر کی کہانی ، پوتر پاپی اور۱۹۶۸ءمیں آئی فلم ’دو کلیاں‘قابل ذکر ہیں ۔  دو کلیاں میں نیتو نے  دوہرے کردار ادا کیے تھےجسے  شائقین   نے کافی پسند کیا۔ فلم میں ان پر فلمایا  گایا نغمہ ’بچے من کے سچے ‘ناظرین اور سامعین کے درمیان آج بھی کافی مقبول ہے۔اس کے علاوہ  نیتو سنگھ نے مکمل اداکارہ کے طور پر  اپنے  فلمی کریئر کا آغاز ۱۹۷۳ء کی فلم ’ركشاوالا‘ سے کیا۔ اس فلم میں ان کے ہیرو کے طور پر رندھیر کپور تھے۔کمزورا سکرپٹ اور ہدایت کاری  کی وجہ سے فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔نیتو سنگھ کو ابتدائی کامیابی دلانے میں  ناصر حسین کی۱۹۷۳ء کی فلم ’’یادوں کی بارات‘‘ کا اہم مقام ہے۔ اس فلم میں انہیں ایک چھوٹا سا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ فلم میں ان پر فلمایا نغمہ’’ لےكر ہم دیوانہ دل‘‘ کافی مقبول ہوا تھا۔  آج بھی یہ گیت سامعین کو محظوظ کر دیتا ہے۔’يادو کی بارات‘کی کامیابی کے باوجود نیتو سنگھ فلم انڈسٹری ممبئی میں تقریباً دو سال تک  جدوجہد کرتی رہیں۔ یقین دہانی تو سبھی کراتے لیکن انہیں اچھی فلموں میں کام کرنے کا موقع کوئی نہیں دیتا تھا۔ اس دوران نیتو سنگھ نے شطرنج کے مہرے، آشیانہ اور ہوس جیسی بی اور سی گریڈ کی فلموں میں اداکاری کی لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوا۔۱۹۷۵ءمیں آئی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘نیتو سنگھ کے فلمی کریئر کی پہلی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔  اس فلم میں ان کے ہیرو  رشی کپور تھے۔ نوجوان محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم کو ناظرین نے کافی پسند کیا۔ فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی نیتو سنگھ اداکارہ کے طور پر فلم انڈسٹری میں شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔۲۲؍ جنوری ۱۹۸۰ء کو نیتو سنگھ کی رشی کپور سے شادی ہوئی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK