Updated: November 08, 2026, 9:04 PM IST
| Mumbai
ممبئی پولیس کے ایک ذریعے کی جانب سے دھمکی آمیز آڈیو پیغام سامنے آنے کے بعد اس معاملے نے مزید سنگین رخ اختیار کرلیا ہے۔ آڈیو میں ایک شخص خود کو انیل پنڈت اور گینگسٹر لارینس بشنوئی کا چھوٹا بھائی بتاتے ہوئے اداکار کو فون کرکے بات کرنے اور معاملہ طے کرنے کا مطالبہ کرتا سنائی دے رہا ہے۔
آیوشمان کھرانہ۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ کو لارینس بشنوئی گینگ کے نام پر دی گئی دھمکیوں کے معاملے میں ایک نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ممبئی پولیس کے ایک ذریعے کی جانب سے دھمکی آمیز آڈیو پیغام سامنے آنے کے بعد اس معاملے نے مزید سنگین رخ اختیار کرلیا ہے۔ آڈیو میں ایک شخص خود کو انیل پنڈت اور گینگسٹر لارینس بشنوئی کا چھوٹا بھائی بتاتے ہوئے اداکار کو فون کرکے بات کرنے اور معاملہ طے کرنے کا مطالبہ کرتا سنائی دے رہا ہے۔ اس شخص نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر آیوشمان نے ان سے بات نہیں کی تو ان کے ساتھ بھی وہی واقعہ پیش آسکتا ہے جو حال ہی میں اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ پیش آیا تھا۔ تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں گرفتار ملزم کے لارینس بشنوئی گینگ سے تعلق کے شواہد نہیں ملے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: رجت پاٹیدار دستبردار، رنکو سنگھ کو نائب کپتان مقرر
سامنے آنے والے آڈیو پیغام میں دھمکی دینے والا شخص اپنا نام انیل پنڈت بتاتا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی کا چھوٹا بھائی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اس نے پہلے بھی آیوشمان کھرانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن اداکار نے فون نہیں اٹھایا اور بعد میں کال منقطع کردی۔ اس کے بعد وہ اداکار سے کہتا ہے کہ انہیں صرف ایک مرتبہ بات کرنی ہے اور اگر کوئی معاملہ طے کرنا ہے تو بات چیت کے ذریعے اسے حل کیا جاسکتا ہے۔ آڈیو میں ملزم مبینہ طور پر کہتا ہے کہ اگر اداکار اسی طرح کا رویہ اختیار کرتے رہے تو ان کے ساتھ بھی ٹائیگر شروف جیسا واقعہ پیش آسکتا ہے۔ اس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسے چندی گڑھ میں آیوشمان کے گھر کے پتے اور ممبئی میں ان کی رہائش کے بارے میں معلومات ہیں۔ اس کے علاوہ اس نے اداکار کی موٹر سائیکل کا نمبر بھی معلوم ہونے کا دعویٰ کیا۔آڈیو پیغام میں دھمکی دینے والا شخص اداکار کو خبردار کرتا ہے کہ اگر وہ اس پیغام کے بعد بھی رابطہ نہیں کرتے تو اسے سمجھا جائے گا کہ وہ پولیس سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔ وہ کہتا ہے کہ اداکار پولیس کے پاس جانے کے لیے آزاد ہیں، لیکن ان کی حفاظت کے لیے تعینات سیکوریٹی اہلکار آخر کب تک انہیں محفوظ رکھ سکیں گے۔ اس شخص نے مزید دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ان سے محفوظ رہنے کے لیے اداکار کو ہر روز قسمت کا ساتھ درکار ہوگا، جبکہ انہیں نقصان پہنچانے کے لیے صرف ایک دن کی ضرورت ہے۔ آڈیو کے آخری حصے میں اس نے آیوشمان، ان کے خاندان کے کسی فرد یا ان کے ہاتھ لگنے والے کسی بھی شخص کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی اور اداکار سے فون کرکے بات کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:کیا رنبیر کپور اداکاری چھوڑنے والے ہیں؟ اداکار کا بڑا انکشاف
اس معاملے میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے بنگلورو سے ۳۰؍ سالہ آئی ٹی انجینئر ویبھَو مشرا کو گرفتار کیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے آیوشمان کھرانہ اور دیگر فلمی شخصیات کو لارینس بشنوئی گینگ کے نام پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے اور مبینہ طور پر رقم وصول کرنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق ملزم نے خود کو گینگ سے وابستہ ظاہر کرکے اداکاروں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کی۔ ابتدائی تحقیقات میں اس کے لارنس بشنوئی گینگ سے حقیقی تعلق کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ اس نے گینگ کے نام سے پیدا ہونے والے خوف کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے۔ پولیس اس معاملے میں آڈیو پیغامات، رابطوں اور ملزم کے طریقۂ کار کی مزید جانچ کررہی ہے۔اس معاملے میں ایک اہم پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مبینہ طور پر دھمکی دینے کے لیے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کا استعمال کیا گیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے آواز تیار کرنے یا تبدیل کرنے کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کا سہارا لیا اور گینگ کے افراد کے نام استعمال کرکے اداکاروں کو دھمکانے کی کوشش کی۔ اس سے قبل پولیس نے دھمکی آمیز پیغامات میں استعمال ہونے والی آوازوں کا دستیاب ریکارڈ سے موازنہ بھی کیا تھا۔