Updated: October 30, 2025, 9:01 PM IST
| Mumbai
نیٹ فلکس نے جمعرات کو اپنی مشہور سائنس فکشن سیریز ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے پانچویں اور آخری سیزن کا ٹریلر جاری کیا۔ ٹریلر میں ملی بوبی براؤن کے کردار الیون کو ایک بار پھر خوفناک ہیومنائیڈ مخلوقات سے لڑتے اور جیمی کیمبل بوور کے کردار ’’ویکنا‘‘ کی واپسی کے ساتھ ایک زبردست فائنل شو ڈاؤن کیلئے تیار دکھایا گیا ہے۔
اسٹرینج تھنگز۔ تصویر:آئی این این
نیٹ فلکس کے تازہ ریلیز کردہ ٹریلر میں ہاکنز کے باشندوں کو ایک وبا جیسی تباہی سے دوچار دکھایا گیا ہے۔ جیسے جیسے مناظر آگے بڑھتے ہیں، الیون اور اس کے دوستوں کو ایک متوازی کائنات سے آنے والی خوفناک مخلوقات کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ٹریلر میں سیریز کے کئی محبوب کرداروں کی جھلکیاں بھی شامل ہیں، جن میں اسٹیو (جو کیری)، جوناتھن (چارلی ہیٹن)، نینسی (نتالیہ ڈائر)، میکس (سیڈی سنک)، جوائس بائرز (ونونا رائڈر) اور جم ہوپر (ڈیوڈ ہاربر) شامل ہیں۔ یہ تمام کردار ایک بار پھر اوپر کی دنیا پر حملہ آور مخلوقات کو شکست دینے کے مشن پر دکھائے گئے ہیں۔
کاسٹ اور کہانی
سیزن ۵؍ میں فن وولف ہارڈ، بریٹ گیلمن، مایا ہاک، کیلِب میک لافلن، نوح شنَیپ، گیٹن مٹاراژو، سیڈی سنک اور ’’ٹرمینٹر‘‘ کی اداکارہ لنڈا ہیملٹن بھی شامل ہیں۔ یہ سیریز ۱۹۸۰ء کی دہائی کے افسانوی قصبے ہاکنز میں قائم ہے اور ڈفر برادران کی تخلیق ہے۔ کہانی ۲۰۱۶ء میں نشر ہونے والے پائلٹ ایپی سوڈ سے شروع ہوئی تھی، جب ول بائرز (نوح شنَیپ) اچانک لاپتہ ہو جاتا ہے۔ اسی واقعے سے ایک مافوق الفطرت سلسلہ جنم لیتا ہے، جس میں الیون (ملی بوبی براؤن) اپنی ٹیلی کینیٹک طاقتوں کے ذریعے ایک متبادل جہان کی خطرناک مخلوق، ویکنا، کا مقابلہ کرتی ہے۔ گزشتہ سیزن کے فائنل میں الیون نے ویکنا کو شکست دے دی تھی، مگر پانچواں سیزن اس داستان کو ایک فیصلہ کن انجام تک پہنچائے گا۔
یہ بھی پرھئے:کاجول نے منیش ملہوترہ کی تعریف کی کہ وہ اداکاروں کو ان کے وزن کے متعلق کبھی کچھ نہیں کہتے
ریلیز کی تفصیل
نیٹ فلکس کے مطابق سیزن ۵؍ میں ۸؍ ایپی سوڈ ہیں۔ پہلے چار ایپی سوڈ ۲۷؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو ریلیز ہوں گے۔ پانچویں سے ساتویں ایپی سوڈ کا پریمیر ۲۶؍ دسمبر کو ہوگا جبکہ آٹھواں اور آخری ایپ سوڈ نئے سال پر جاری کیا جائے گا۔ نیٹ فلکس نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ دو گھنٹے طویل فائنل ایپی سوڈ امریکہ اور کینڈا کے سنیما گھروں میں خصوصی طور پر ریلیز کیا جائے گا جو ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے مداحوں کیلئے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔