Updated: June 03, 2026, 8:03 PM IST
| Mumbai
فلم ’’ڈان ۳‘‘ سے علیحدگی کے معاملے پر اداکار رنویر سنگھ اور فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز (FWICE) کے درمیان جاری تنازعہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق رنویر سنگھ نے ایف ڈبلیو آئی سی ای کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی، جس کے بعد تنظیم نے اپنی عدم تعاون کی ہدایت واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ ایف ڈبلیو آئی سی ای کا کہنا ہے کہ پروڈیوسرز گلڈ، امپا اور سنٹا کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام فریقین باہمی بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کر سکیں۔
فرحان اختر اور رنویر سنگھ۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز (FWICE) کے درمیان جاری تنازعہ میں ایک اہم موڑ آ گیا ہے۔ فلم ’’ڈان ۳‘‘ سے رنویر سنگھ کی علاحدگی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اب قانونی اور صنعتی سطح پر نئی شکل اختیار کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے ایف ڈبلیو آئی سی ای کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔ اگرچہ مقدمے کی مکمل تفصیلات ابھی منظرعام پر نہیں آئیں، لیکن اس اقدام کے فوراً بعد تنظیم نے اداکار کے خلاف جاری اپنی عدم تعاون (Non-Cooperation) ہدایت واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عامر خان کی تیسری شادی کی افواہیں تیز، گوری کے ساتھ ۵؍ جولائی کو شادی کی اطلاعات
تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب فلم ’’ڈان ۳‘‘ کے اعلان کے تقریباً تین سال بعد رنویر سنگھ نے فلم سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ پروڈکشن ہاؤس ایکسل انٹرٹینمنٹ اور ایف ڈبلیو آئی سی ای کے مطابق اس مرحلے تک فلم کی تیاری پر تقریباً ۴۵؍ کروڑ روپے خرچ ہو چکے تھے اور اداکار کے اچانک فیصلے سے منصوبے کو بڑا دھچکا پہنچا۔ دوسری جانب رنویر سنگھ کی ٹیم کا موقف تھا کہ ان کی علاحدگی کی بنیادی وجہ تخلیقی اختلافات تھے۔ ذرائع کے مطابق اداکار فلم کی اسکرپٹ اور منصوبے کی سست رفتار پیش رفت سے مطمئن نہیں تھے، جس کے باعث انہوں نے پروجیکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے رنویر سنگھ کی جانب سے ایکسل انٹرٹینمنٹ کو مستقبل کے منصوبوں کے لیے ۱۰؍ کروڑ روپے اور اضافی ۲۵؍ کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم پروڈکشن ہاؤس نے یہ تجویز قبول نہیں کی اور مستقبل میں اداکار کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس کے بعد ایف ڈبلیو آئی سی ای نے ایک عدم تعاون ہدایت جاری کی تھی۔ اگرچہ اسے باضابطہ پابندی قرار نہیں دیا گیا تھا، تاہم یونین سے وابستہ اراکین اور تکنیکی ماہرین کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ رنویر سنگھ کے ساتھ نئے منصوبوں میں کام کرنے سے گریز کریں۔ تاہم اب ایف ڈبلیو آئی سی ای نے اپنے تازہ بیان میں واضح کیا ہے کہ وہ اس ہدایت کو فوری طور پر واپس لے رہی ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ فیصلہ انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز اسوسی ایشن (IMPPA)، پروڈیوسرز گلڈ اور سنٹا (CINTAA) کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ادریس البا کو ’’نائٹ ہڈ‘‘ سے نوازا گیا، اب ’’سر ادریس البا‘‘ کہلائیں گے
ایف ڈبلیو آئی سی ای نے اپنے بیان میں کہا، ’’ہم اپنی عدم تعاون کی ہدایت فوری طور پر واپس لے رہے ہیں۔ ہمیں مشورہ دیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ فریق ایک ساتھ بیٹھ کر ایسا حل تلاش کریں جس سے نہ پروڈیوسر، نہ ہدایتکار اور نہ ہی اداکار کو نقصان پہنچے۔ اس معاملے میں کسی کی جیت یا ہار نہیں ہوئی۔‘‘ تنظیم نے یہ بھی کہا کہ اس کا قانونی شعبہ رنویر سنگھ کی جانب سے موصول ہونے والے قانونی نوٹس کا جواب دے گا۔ فلمی صنعت کے مبصرین کا ماننا ہے کہ عدم تعاون کی ہدایت واپس لیے جانے کے بعد تنازع کے مذاکرات کے ذریعے حل ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ تاہم فلم ’’ڈان ۳‘‘ کے مستقبل اور رنویر سنگھ کے ساتھ ایکسل انٹرٹینمنٹ کے تعلقات کے حوالے سے صورتحال اب بھی غیر یقینی ہیں۔