Updated: November 10, 2025, 9:24 PM IST
| Mumbai
اداکارہ رینوکا شاہانے نے ایشوریہ رائے بچن کے دفاع میں آواز اٹھائی ہے، جو ماں بننے کے بعد وزن میں تبدیلی کے باعث مسلسل آن لائن ٹرولنگ کا شکار رہتی ہیں۔ رینوکا نے سوشل میڈیا پر خواتین اداکاراؤں کے خلاف بڑھتی ہوئی ظاہری شکل پر تنقید کی شدید مذمت کی، اور کہا کہ خواتین فنکاروں سے ’’غیر حقیقی توقعات‘‘ وابستہ کی جاتی ہیں۔
رینوکا شاہانے۔ تصویر:آئی این این
معروف اداکارہ رینوکا شاہانے نے حالیہ انٹرویو میں ایشوریہ رائے بچن کے حق میں مضبوط موقف اختیار کرتے ہوئے ان لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیا جو ایشوریہ کو بچی کی پیدائش کے بعد وزن میں اضافے یا ریڈ کارپٹ پر ان کی ظاہری شکل پر نشانہ بناتے ہیں۔ رینوکا نے کہا کہ ’’کیا ہمیں ان کی برسوں کی کامیابیوں کا جشن نہیں منانا چاہئے؟ وہ برسوں سے ہندوستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ایک بڑی کمپنی کسی کو ایک لمحے میں بدل سکتی ہے، لیکن وہ آج بھی اس کی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ اور ہم صرف یہ کہتے ہیں،’’اوہ، اسے یہ لباس نہیں پہننا چاہئے تھا؟‘‘ براہ کرم ایسا نہ کریں۔ اگر کہنے کو کچھ اچھا نہیں ہے، تو خاموش رہیں۔‘‘
اداکارہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سوشل میڈیا نے خواتین فنکاروں پر غیر ضروری دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے، جہاں ان سے کامل جسم اور کامل زندگی کی توقع کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق،’’اداکار بھی انسان ہیں۔ ان پر روز فیصلے سنائے جاتے ہیں، ہر زاویے سے پرکھا جاتا ہے۔ یہ دباؤ غیر منصفانہ ہے۔‘‘ رینوکا نے زور دیا کہ زچگی کے بعد خواتین پر فوری طور پر ’’پہلے جیسے نظر آنے‘‘ کا دباؤ ڈالنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خواتین سے کامل ہونے کی توقع رکھی جاتی ہے، کامل نظر آنا، کامل کام کرنا، کامل زندگی جینا، یہ بالکل غیر منصفانہ ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:دوسروں کے ساتھ صلہ رحمی کریں: وکرانت میسی کی ٹیڈ ایکس یوتھ کی تقریر وائرل
یہ گفتگو اُس وقت مزید اہم ہو گئی جب ایشوریہ کے شوہر ابھیشیک بچن نے بھی اپنی بیوی کے بارے میں ہونے والی ٹرولنگ کی مذمت کی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’یہ شرمناک ہے کہ لوگ عورت کے جسم پر تبصرہ کرنے کا حق سمجھتے ہیں، خاص طور پر بچے کی پیدائش کے بعد۔ یہ ان کے بارے میں زیادہ کہتا ہے، جنہوں نے تبصرہ کیا، نہ کہ ان عورتوں کے بارے میں۔‘‘ رینوکا شاہانے کے بیان نے بالی وو، میں ایک بار پھر ’’باڈی پازیٹیویٹی‘‘ اور خواتین کے احترام پر بحث کو زندہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق، ایشوریہ رائے بچن نہ صرف عالمی سفیر ہیں بلکہ ایک فنکار، ماں، اور خودمختار خاتون کے طور پر احترام کی حقدار ہیں، طنز اور نفرت کی نہیں۔