فلم ’’دریشیم ۳: دی کنکلوژن‘‘ کے اسکرین رائٹر عامل کیان خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کے کلائمکس کو حتمی شکل دینے کیلئے ۱۰۰؍ سے زائد ڈرافٹس تیار کیے گئے، جبکہ فلم کے اہم ٹوئسٹ کو کاسٹ اور عملے کے بیشتر ارکان سے بھی خفیہ رکھا گیا تھا۔
EPAPER
Updated: October 05, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai
فلم ’’دریشیم ۳: دی کنکلوژن‘‘ کے اسکرین رائٹر عامل کیان خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کے کلائمکس کو حتمی شکل دینے کیلئے ۱۰۰؍ سے زائد ڈرافٹس تیار کیے گئے، جبکہ فلم کے اہم ٹوئسٹ کو کاسٹ اور عملے کے بیشتر ارکان سے بھی خفیہ رکھا گیا تھا۔
اجے دیوگن اپنی تازہ ریلیز فلم ’’دریشیم ۳: دی کنکلوژن‘‘ میں ایک بار پھر معروف کردار وجے سالگاؤنکر کے روپ میں نظر آئے ہیں۔ ’’دریشیم‘‘ کے دو کامیاب حصوں کے بعد فرنچائز کی تیسری فلم بھی اسی کامیابی کی راہ پر گامزن ہے۔ فلم نے ناقدین اور ناظرین دونوں کی جانب سے پذیرائی حاصل کی ہے اور ریلیز کے صرف تین دن میں دنیا بھر میں ۲۷۰؍ کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کرلیا ہے۔ فلم کی کہانی اور کلائمکس پر وسیع پیمانے پر بحث جاری ہے، ایسے میں ’’دریشیم ۳‘‘ کے اسکرین رائٹر عامل کیان خان نے فلم کے آخری باب پر کام کرنے کے تجربے کے بارے میں گفتگو کی ہے۔ ’دی فری پریس جرنل‘ سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا، ’’میرے پاس فولڈرز کے اندر فولڈرز ہیں، مختلف تاریخوں کے ساتھ ڈرافٹس، نمبروں کے بعد تاریخیں اور ایسی فائلیں بھی ہیں جن کے نام ’فائنل‘، ’فائنل ۲‘، ’فائنل فائنل‘ اور غالباً ’فائنل پلیز گاڈ‘ جیسے ہیں۔ میں نے واقعی گنتی کھو دی ہے، لیکن مختلف شکلوں میں سو سے کہیں زیادہ ڈرافٹس ضرور ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’دریشیم ۳‘ کی شاندار کمائی، تین دن میں ۲۷۲؍ کروڑ روپے کا عالمی بزنس
’’دریشیم ۳‘‘ کے میکرز نے بھی فلم کے اہم ٹوئسٹ کو خفیہ رکھنے کیلئے سخت اقدامات کیے تھے۔ عامل خان نے بتایا کہ فلم کا اختتام زیادہ تر کاسٹ اور عملے کے ساتھ شیئر ہی نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’ابھیشیک نے بنیادی طور پر پوری پروڈکشن اسی طرح چلائی جیسے وجے سالگاؤنکر چلاتا۔ کلائمکس عملے کے ایک بڑے حصے کو نہیں دیا گیا تھا۔ لوگوں کو صرف ضرورت کے مطابق معلومات فراہم کی جاتی تھیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کبھی کبھی کسی شعبے کو صرف اتنی ہی معلومات دی جاتی تھیں جتنی کسی منظر کو فلمانے کیلئے ضروری ہوتیں، یہ نہیں بتایا جاتا تھا کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں۔ فلم کے کئی اداکاروں اور عملے کے ارکان کے علاوہ میرے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں نے بھی کلائمکس بتانے کیلئے مجھے رشوت دینے کی کوشش کی۔ لیکن گائیتونڈے کی طرح میں بھی ایماندار اور پروڈیوسرز کے ساتھ وفادار رہا۔‘‘
مصنف نے مزید بتایا کہ اسکرین پلے میں فرنچائز کی شناخت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ناظرین کو کچھ ایسا دکھانے کی توقع تھی جس کا انہوں نے پہلے تجربہ نہ کیا ہو۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک بہت بڑا پہاڑ سر کرنے جیسا کام تھا۔ آپ کے سامنے ایک مقبول فرنچائز، ایک ایسا خاندان تھا جس کے ساتھ ناظرین برسوں سے جڑے ہوئے ہیں اور دو بے حد پسند کی جانے والی فلموں کی میراث کا بوجھ بھی آپ کے کندھوں پر تھا۔ سب سے اہم سوال یہ تھا کہ آپ تیسری بار ناظرین کو حیران کیسے کریں گے؟‘‘ عامل خان نے مزید کہا، ’’پہلی فلم میں وجے سالگاؤنکر تقریباً ایک خالی صفحہ ہے۔ اب ناظرین اسے جانتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ اس کا ذہن کیسے کام کرتا ہے، وہ جانتے ہیں کہ اس کے پاس کچھ نہ کچھ چالیں ضرور ہیں اور سچ کہوں تو وہ اس بے چارے کے ہر کام پر شک کرتے ہیں۔ اس کے بعد چیلنج یہ تھا کہ ’دریشیم‘ کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے ایک نیا اور منفرد اسکرین پلے لکھا جائے۔ اس میں مزاح، خاندان، جذبات، ڈراما اور سنسنی سب کچھ ہونا چاہیے تھا، لیکن ان میں سے کوئی ایک عنصر دوسرے پر حاوی نہ ہو۔ یہ ایک انتہائی نازک توازن تھا۔ خوش قسمتی سے ہم میں سے کسی نے نیچے نہیں دیکھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: یامی گوتم اور آدتیہ دھر نے ممبئی کو خیربادکہا، ہماچل پردیش منتقل
فلم ’’دریشیم ۳: دی کنکلوژن‘‘ کو اسٹار اسٹوڈیو۱۸ اور پینوراما اسٹوڈیوز نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی ہدایتکاری ابھیشیک پاٹھک نے کی ہے، جنہوں نے پچھلی فلم بھی ڈائریکٹ کی تھی۔ انہوں نے عامل کیان خان اور پرویز شیخ کے ساتھ مل کر فلم کی شریک تحریر بھی کی ہے۔ اجے دیوگن کے علاوہ اس ہندی تھرلر فلم میں تبو ایک بار پھر آئی جی میرا دیشمکھ کے کردار میں جبکہ شریا سرن نندنی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ پرکاش راج اور جے دیپ اہلاوت بھی فلم کی اسٹار کاسٹ میں شامل ہیں۔ ہندی ’’دریشیم‘‘ فرنچائز کا آغاز ۲۰۱۵ء میں موہن لال کی اسی نام کی ملیالم فلم کے ری میک سے ہوا تھا۔ اجے دیوگن کی اداکاری سے سجی پہلی فلم ’’دریشیم‘‘ بھی زبردست کامیاب رہی تھی اور اس نے دنیا بھر میں تقریباً ۱۱۰؍ کروڑ روپے کمائے تھے۔ ۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی ’’دریشیم ۲‘‘ بھی ایک بڑی بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور اس نے دنیا بھر میں تقریباً ۳۴۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔ اب تازہ ترین فلم ’’دریشیم ۳‘‘ نے ریلیز کے پہلے تین دن میں دنیا بھر میں ۸ء۲۷۲؍ کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔