• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیئرس بروسنن کا نئے جیمز بانڈ رابرٹ پیٹنسن کو مشورہ: سفر سے لطف اٹھاؤ

Updated: November 20, 2026, 4:05 PM IST | London

ہالی ووڈ کے سابق جیمز بانڈ پیئرس بروسنن نے رابرٹ پیٹنسن کو 007 کی دنیا میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں شاندار بانڈ قرار دیا ہے۔ بروسنن نے اپنے پیغام میں پرانی فلمی رفاقت یاد کرتے ہوئے کہا کہ پیٹنسن کا کریئر آگے بڑھتے دیکھنا خوشی کا باعث رہا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آئرش اداکار پیئرس بروسنن نے برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کو جیمز بانڈ کا کردار ملنے پر مبارک باد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اس مشہور جاسوس کے روپ میں شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔ بروسنن نے جمعرات ۱۹؍ نومبر کو انسٹاگرام پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا، ’’پیارے رابرٹ، بانڈ کی دنیا میں خوش آمدید۔ تم شاندار ثابت ہوگے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے ’ریمیمبر می‘ کی شوٹنگ کے دوران ہمارے ساتھ گزارے وقت کی خوشگوار یادیں ہیں۔ تمہیں ایک غیرمعمولی کریئر بناتے اور مسلسل کامیابی کی جانب بڑھتے دیکھنا خوشی کا باعث رہا ہے۔ اس سفر سے لطف اٹھاؤ۔‘‘ بروسنن نے اپنے پیغام کے اختتام پر آئرش زبان کے الفاظ ’گرا مور‘ بھی لکھے، جن کا مفہوم گہری محبت اور اپنائیت ہے۔ 

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Pierce Brosnan (@piercebrosnanofficial)

یہ بھی پڑھئے: بارہویں کے امتحانات کے سبب مادھوری دکشت کی پہلی فلم کی شوٹنگ مؤخر ہوئی تھی

دلچسپ بات یہ ہے کہ بروسنن اور پیٹنسن ۲۰۱۰ء کی رومانوی ڈراما فلم ’ریمیمبر می‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں، جس میں بروسنن نے پیٹنسن کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔ اب ۱۶؍ برس بعد وہی سینئر اداکار انہیں دنیا کے مشہور ترین فلمی کرداروں میں سے ایک سنبھالنے پر حوصلہ دے رہے ہیں۔ پیئرس بروسنن نے ۱۹۵۵ء میں فلم ’گولڈن آئی‘ کے ذریعے جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنا شروع کیا تھا۔ وہ ۲۰۰۲ء تک اس کردار میں نظر آئے اور ان کی بانڈ سیریز میں چار فلمیں شامل ہیں: ’گولڈن آئی‘، ’ٹومارو نیور ڈائز‘، ’دی ورلڈ از ناٹ انف‘ اور ’ڈائی این ادر ڈے‘۔ ان سے پہلے شان کونری، جارج لیزنبی، راجر مور اور ٹموتھی ڈالٹن یہ کردار ادا کرچکے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’رامائن‘‘ تنازع کا شکار، ہندو تنظیم کا اصل رزمیہ کہانی میں تبدیلی اور راون کو ہیرو بنانے کا الزام

پیٹنسن کو پیر اگلے جیمز بانڈ کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ وہ ڈینیئل کریگ کی جگہ لیں گے، جنہوں نے ۲۰۰۶ء میں ’کیسینو رائل‘ سے یہ کردار سنبھالا اور ۲۰۲۱ءکی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے بعد اس سے رخصت لے لی۔ پیٹنسن نے اس انتخاب کو اپنی زندگی کا بڑا اعزاز اور خواب کی تعبیر قرار دیا تھا۔ آنے والی بانڈ فلم کی ہدایت کاری ڈینس ویلینیو کریں گے، جب کہ اس کا اسکرپٹ ’پیکی بلائنڈرز‘ کے خالق اسٹیون نائٹ لکھ رہے ہیں۔ ایمی پاسکل اور ڈیوڈ ہیمن پروڈیوسر ہوں گے۔ فلم کا باضابطہ نام اور ریلیز کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK